۲۵۔ سورۃ الفرقان

تفسیر صغیر, حصہ 2

جب وہ (یعنی جہنم) ان کو دور سے دیکھے گی تو وہ اس کے جوش کی اور (آنے والی) مصیبت[1] کی آواز کو سنیں گے۔

[1] قرآن مجید میں زَفِیْرٌ کا لفظ ہے جس کے معنے مفرداتؔ نے مصیبت کے لکھے ہیں۔ مطلب یہ کہ اس کی تیز آواز سے سمجھ جائیں گے کہ جہنم کا عذاب سخت ہوگا۔

اور جب وہ اس (دوزخ) کے ایک تنگ حصہ میں مشکیں باندھے ہوئے پھینکے جائیں گے اور وہ اس وقت موت کی آرزو کریں گے۔

(تب خدا کے فرشتے ان سے کہیں گے) آج ایک موت کی آرزو نہ کرو بلکہ باربار موت کی خواہش کرو (کیونکہ تم پر باربار عذاب آنے والے ہیں)

تو ان سے کہہ دے کہ یہ (انجام) بہتر ہے یا دائمی جنت، جس کا متقیوں سے وعدہ کیا گیا ہے۔ وہ ان کا (صحیح صحیح) بدلہ اور آخری ٹھکانا ہوگی۔

انہیں اس میں جو کچھ چاہیں گے ملے گا۔ وہ اس میں ہمیشہ کے لئے بستے چلے جائیں گے۔ یہ ایک ایسا وعدہ ہے جس کا پورا کرنا تیرے رب پر واجب ہے۔

اور جب وہ اُن کو اور اُن کے جھوٹے معبودوں کو اپنے حضور میں کھڑا کرے گا اور پھر ان سے کہے گا کیا تم نے میرے ان بندوں کو گمراہ کیا تھا یا وہ آپ ہی سیدھے راستہ سے بھٹک گئے تھے۔

(تب) وہ جواب دیں گے تو پاک ہے ہمیں کوئی حق نہ تھا کہ ہم تیرے سوا اور ہستیوں کو اپنا کارساز بناتے لیکن تو نے ان لوگوں کو اور ان کے باپ دادوں کو دنیوی متاع بخشے یہاں تک کہ انہوں نے (تیری) یاد کو ترک کر دیا اور ہلاک ہونے والی قوم بن گئے۔

پس (کفار سے کہا جائے گا کہ دیکھ لو) ان جھوٹے معبودوں[1] نے تمہاری باتوں کو جھٹلا دیا ہے۔ پس آج تم نہ تو عذاب کو ہٹا سکتے ہو، اور نہ کوئی مدد حاصل کر سکتے ہو۔ اور جو کوئی تم میں سے ظالم ہے ہم اسے بڑا عذاب پہنچائیں گے۔

[1] ترجمہ میں ضمیر کی بجائے ظاہر اسم استعمال کیا گیا ہے تاکہ مضمون واضح ہو جائے۔

اور تجھ سے پہلے ہم نے جتنے بھی رسول بھیجے تھے، وہ سب کے سب کھانا کھاتے تھے اور بازاروں میں چلتے تھے۔ اور ہم نے تم میں سے بعض کو بعض کے لئے آزمائش کا ذریعہ بنایا ہے (یہ دیکھنے کے لئے) کہ کیا تم (مسلمان) صبر کرتے ہو (یا نہیں) اور (اے مسلمان) تیرا رب (حالات کو) بہت دیکھنے والا ہے۔

اور انہوں نے جو ہماری ملاقات کی امید نہیں کرتے کہہ دیا کہ کیوں ہم پر فرشتے نہیں اتارے گئے؟ یا ہم اپنے رب کو اپنی آنکھوں سے نہیں دیکھتے؟ انہوں نے اپنے دلوں میں اپنے آپ کو بہت بڑا سمجھا ہے اور سرکشی میں بہت آگے نکل گئے ہیں۔

(کیا یہ لوگ نہیں جانتے کہ) جس دن فرشتوں کو دیکھیں گے اس دن مجرموں کو کوئی خوش خبری نہیں ملے گی اور (وہ گھبرا کر) کہیں گے (ہم سے) پرے ہی رہو۔

اور ہم نے ان کے ہر قسم کے عمل کی طرف توجہ کی جو انہوں نے کیا تھا اور اس کو ہوا میں بکھیر کر اڑائے ہوئے ذرات[2] کی طرح کر دیا۔

[2] ھَبَـآءٌ کا لفظ جو قرآن کریم میں آتا ہے اس کے اصل معنے اس ہلکے اور باریک ذرّہ کے ہیں جو بعض دفعہ ہوا میں اُڑتا ہوا نظر آتا ہے اور آیت کا مفہوم یہ ہے کہ ہم ان کو اتنا پیسیں گے کہ ان کے ذرّات ہلکے ہو کر ہوا میں اُڑنے لگیں گے اور ان کے دوست ان کو جمع بھی نہ کر سکیں گے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی