۲۶۔ سورۃ الشعراء
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
طاہر[1] (اور) سمیع (اور) مجید (خدا اس سورۃ کا نازل کرنے والا ہے)۔
[1] یعنی اس سورۃ میں طہارتِ قلب، قبولیتِ دعا اور حصولِ بزرگی کے ذرائع کا ذکر کیا گیا ہے۔
یہ آیتیں اس کتاب کی ہیں جو (اپنے مضامین کو) کھول کر بیان کرتی ہے۔
شاید تو اپنی جان کو ہلاکت میں ڈالے گا کہ وہ کیوں[2] نہیں مومن ہوتے۔
[2] یعنی تیرا پاکیزہ دل کافروں کے سچائی کے انکار کو برداشت نہیں کر سکتا اور خواہش کرتا ہے کہ وہ بھی ہدایت پاجائیں۔
اگر ہم چاہیں تو آسمان سے ان پر ایک ایسا نشان اتار دیں کہ اس کے سامنے ان کی گردنیں جھکی کی جھکی رہ جائیں۔
اور رحمن کی طرف سے کبھی کوئی نیا ذکر نہیں آتا کہ جس سے لوگ اعراض نہ کرتے ہوں[3]۔
[3] پس چونکہ ہر نبی کا انکار کرنا ایک جاری حقیقت ہے اس لئے اللہ تعالیٰ ایسے نشان نہیں اتارتا جو لوگوں کو جبرًا مومن بنا دیں۔ کیونکہ اگر وہ ایسا کرے تو وہ بعض نبیوں کا طرف دار قرار پائے گا مگر وہ ایسا نہیں کر سکتا۔
سو (چونکہ) انہوں نے (خداتعالیٰ کی آیتوں کو) جھٹلایا ہے اس کے نتیجہ میں ان کے استہزا کی حقیقت ضرور ان پر کھل جائے گی۔
کیاوہ زمین کو نہیں دیکھتے کہ ہم نے اس میں قسم قسم کے عمدہ جوڑے بنائے ہیں۔
اس میں ایک بڑا نشان[1] ہے، مگر ان میں سے اکثر ایمان نہیں لاتے۔
[1] یعنی ان لوگوں کا اسلام نہ لانا کوئی حیرت کی بات نہیں۔ قانون قدرت سے بھی پتہ لگتا ہے کہ ہر ایک چیز کا خداتعالیٰ نے جوڑا بنایا ہے۔ نیک کا جوڑا نیک اور بد کا جوڑا بد۔ پس رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے وجود اطہر کے لئے بھی خداتعالیٰ نے پاک جوڑے بنائے۔ جیسے ابوبکر، عمر، عثمان، علی رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین اور دیگر صحابہ کرام کے۔ اگر کفار اپنی شقاوت قلبی کی موجودگی میں آپ کے ہاتھ پر جمع ہو جاتے تو اس کے معنے یہ ہوتے کہ ایک نیک وجود کو گندے جوڑے مل گئے۔ بے شک ابوبکرؓ، عمرؓ وغیرہ بھی پہلے کافر تھے مگر ان کی زندگیاں قلبی لحاظ سے پاکیزہ تھیں۔ اور حضرت علیؓ تو ابھی بچے تھے۔ جس پر شریعت واجب نہیں ہوتی پس ان لوگوں کا ایمان لانا اس دلیل کے خلاف نہیں۔
اور تیرا رب ہی یقیناً غالب (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
اور (یاد کر) جب کہ تیرے رب نے موسیٰ کو پکارا تھا، (اور کہا تھا) کہ ظالم قوم کے پاس جا
یعنی فرعون کی قوم کے پاس (اور ان سے کہہ کہ) کیا وہ تقویٰ نہیں کرتے؟