۲۶۔ سورۃ الشعراء

تفسیر صغیر, حصہ 2

اس نے (جواب میں) کہا، اے میرے رب! میں ڈرتا ہوں کہ وہ میری تکذیب نہ کریں۔

اور میرا سینہ تنگی محسوس کرتا ہے اور میری زبان (اچھی طرح) چلتی نہیں، پس (میرے ساتھ) ہارون کو بھی مبعوث کر۔

اور (یہ بات بھی ہے کہ) ان (لوگوں) کا میرے خلاف[2] ایک الزام بھی ہے اور میں ڈرتا[3] ہوں کہ وہ مجھے قتل نہ کر دیں۔

[2] اس میں اس الزام کی طرف اشارہ ہے کہ آپ کے ہاتھ سے نادانستہ طور پر ایک آدمی مارا گیا تھا۔

[3] یہ مرادنہیں کہ اپنے قتل ہونے سے ڈرتا ہوں بلکہ یہ مراد ہے کہ ایسا نہ ہو کہ وہ غصہ سے تیرا پیغام سننے سے پہلے ہی مجھے مار دیں اور پیغام سننے سے محروم ہو جائیں۔ غرض ڈر اپنے مارے جانے کا نہیں بلکہ قوم کے صداقت سے محروم ہونے کا ہے۔

فرمایا، ہرگز نہیں۔ پس (ہمارا حکم سن کر) تم دونوں ہماری آیتیں لے کر (چلے) جاؤ ہم تمہارے (اور تمہارے ساتھیوں کے) ساتھ ہوں گے۔ اور (تمہاری دعاؤں کو) سنتے[4] رہیں گے۔

[4] اس آیت میں طٰـسٓمّٓ کو سورت کے شروع میں لکھنے کی وجہ بتائی گئی ہے اور بتایا ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کی دعائیں ہمیشہ سنتا رہتا ہے اور اسی کی طرف طٰـسٓمّٓ میں اشارہ تھا۔

پس فرعون کے پاس جاؤ اور اسے کہو کہ ہم رب العالمین (خدا) کے بھیجے ہوئے ہیں۔

(اس حکم کے ساتھ) کہ ہمارے ساتھ بنی اسرائیل کو بھیج دے۔

اس (پر فرعون) نے کہا (اے موسیٰ)! کیا ہم نے تجھ کو اس وقت نہیں پالا جبکہ تو ابھی بچہ تھا اور تو نے ہم میں اپنی عمر کے بہت سے سال گذارے ہیں۔

اور تو نے وہ کام بھی کیا ہے جو تو کر چکا ہے اور تو (ہمارے احسانوں کا) ناشکر گذار ہے۔

(موسیٰ نے) کہا وہ کام (جس کا تو نے اشارہ کیا ہے) میں نے اس وقت کیا تھا جبکہ حقیقت مجھے معلوم نہ تھی۔

پس اس کے نتیجہ میں جب مجھے تم سے ڈر محسوس ہوا تو میں تم سے بھاگ کر چلا گیا۔ اس پر میرے رب نے مجھے حکم [1](یعنی عہدۂ نبوت) عطا فرمایا اور مجھے رسولوں میں سے (ایک رسول) بنادیا۔

[1] جو اس بات کا ثبوت ہے کہ میں نے دیدہ دانستہ کوئی شرارت نہیں کی تھی ورنہ خداتعالیٰ مجھے اس طرح نہ نوازتا۔

اور یہ (بچپن میں مجھے پالنے کی) نعمت جس کا تم احسان جتاتے ہو کیا یہ اس بات کے مقابل میں پیش کی جاتی ہے کہ تم نے بنی اسرائیل کی ساری قوم کو غلام بنا چھوڑا ہے۔

اس پر فرعون نے (شرمندہ ہو کر اور بات پھیرنے کے لئے) کہا، یہ رب العالمین کون ہے؟ (جس کی طرف سے آنا تم بیان کرتے ہو)۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی