۲۶۔ سورۃ الشعراء

تفسیر صغیر, حصہ 19

پھر اگر کسی وقت وہ تیری نافرمانی کر بیٹھیں، تو کہہ دے کہ میں تمہارے عمل سے بیزار ہوں۔

اور غالب (اور) باربار رحم کرم کرنے والی ہستی پر توکل کر۔

جو تجھے اس وقت بھی دیکھتا ہے، جب تو (اکیلا نماز کے لئے) کھڑا ہوتا ہے۔

اور اس وقت بھی جبکہ تو (نماز باجماعت کے لئے) سجدہ کرنے[1] والی جماعت میں اِدھر اُدھر پھر رہا ہوتا ہے۔

[1] قرآن مجید کے کئی بطن ہیں اور ایک بطن کے لحاظ سے تَـقَلُّبَکَ فِی السّٰجِدِیْنَ کے وہ معنے بھی ہیں جو ترجمہ میں کئے گئے ہیں۔

یقیناً وہ (خدا ہی) بہت سننے والا (اور) بہت جاننے والا ہے۔

کیا میں تمہیں بتاؤں کہ شیطان کس پر اُترتے ہیں؟

(شیطان) ہر جھوٹے گناہ گار پر اُترتے ہیں۔

وہ اپنے کان[2] (آسمان کی طرف) لگاتے ہیں، اور ان میں سے اکثر جھوٹے ہوتے ہیں۔

[2] سَمْع کے معنے کان کے بھی ہوتے ہیں۔

اور شعراء کی جماعت ایسی ہوتی ہے کہ ان کے پیچھے چلنے والے گمراہ[3] ہوتے ہیں۔

[3] جبکہ اس نبی کے پیچھے چلنے والے نہایت نیک اور متقی ہیں۔ پس معلوم ہوا کہ یہ شاعر نہیں۔

(اے مخاطب) کیا تیری سمجھ میں (اب تک) نہیں آیا کہ وہ (شعرائ) تو ہر وادی میں بے مقصود [4]کے پھرتے ہیں۔

[4] یعنی شاعروں کے کلام کسی ایک مضمون کے متعلق نہیں ہوتے بلکہ جو جو مضمون ان کے ذہن میں آتا جاتا ہے اس کو اپنی نظم میں باندھتے جاتے ہیں۔ اصل مقصود ان کے مضمون کی ترتیب نہیں ہوتی بلکہ ایک قسم کے قافیوں اور ردیف کو اکٹھا کرنا ہوتا ہے۔ پس اشارتاً اس آیت میں یہ بھی پیشگوئی ہے کہ آئندہ شاعری کی رَو قافیہ اور ردیف کی طرف منتقل ہو جائے گی جو طریقہ کہ فارسی اور اردو شعرا نے اختیار کیا ہے۔ ورنہ جس وقت یہ آیت نازل ہوئی ہے عرب شعراء میں حقیقی معنوں میں ردیف کا استعمال شروع نہیں ہوا تھا۔

اور وہ ایسی باتیں کہتے ہیں، جو کرتے نہیں۔

سوائے (شاعروں میں سے) مومنوں اور نیک عمل کرنے والوں کے اور ان کے جو اللہ کا (اپنے شعروں میں) کثرت سے ذکر کرتے ہیں اور (اگر ہجو کرتے ہیں تو ابتدا نہیں کرتے بلکہ) مظلوم ہونے کے بعد (جائز) بدلہ لیتے ہیں اور وہ لوگ جو کہ ظالم ہیں۔ ضرور جان لیں گے کہ کس مقام کی طرف ان کو لوٹ کر جانا ہوگا۔

آج 10 میں سے 10 باقی