۲۷۔ سورۃ النمل

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

طاہرؔ (اور) سمیعؔ (یعنی پاک اور دعاؤں کا سننے والا خدا اس سورۃ کا اتارنے والا ہے) اس کی آیتیں قرآن اور مدلل کتاب کا حصہ ہیں۔

(جو) مومنوں کے لئے ہدایت اور بشارت (کا موجب) ہیں۔

(ایسے مومن) جو نماز باجماعت ادا کرتے ہیں اور زکٰوۃ ادا کرتے رہتے ہیں اور اخروی زندگی پر (اور بعد میں آنے والی موعود باتوں پر) یقین رکھتے ہیں۔

وہ لوگ جو اخروی زندگی پر ایمان نہیں لاتے ہم نے ان کے اعمال کو ان کے لئے خوبصورت[1] کرکے دکھایا ہے پس وہ بہکے بہکے پھرتے ہیں۔

[1] یہ مطلب نہیں کہ اُن کے بُرے اعمال خداتعالیٰ اُن کو خوبصورت کرکے دکھاتا ہے بلکہ مطلب یہ ہے کہ یہ الٰہی قانون ہے کہ جب کوئی شخص سچے راستہ کو چھوڑ کر بُرا راستہ اختیار کرتا ہے تو وہ اپنے نفس کو یہ جھوٹ بول بول کر خوش کر لیتا ہے کہ یہی راستہ اچھا ہے چونکہ یہ انسانی اعمال کا ایک طبعی نتیجہ ہوتا ہے قرآنی اصطلاح میں اسے خداتعالیٰ کی طرف منسوب کیا جاتا ہے کیونکہ فطرت اور طبیعت خدا نے پیدا کی ہے۔ اگر کہو کہ پھر اس شخص کا کیا قصور؟ تو اس کا جواب یہ ہے کہ قرآن کریم نے باربار کہا ہے کہ جو بات ہم کہتے ہیں اس کی دلیل بھی دیتے ہیں۔ چنانچہ اس سورۃ کے شروع میں بھی قرآن کریم کو مدلل کتاب قرار دیا گیا ہے پس گو بدعملی کے نتیجہ میں آہستہ آہستہ بدعملی اچھی لگنے لگ جاتی ہے مگر دلیل اور فطرت پر بھی انسان کو متنبہ کرتی رہتی ہے کہ وہ غلط راستہ پر چل رہا ہے۔

ان کے لئے دردناک عذاب ہوگا، اور وہ اخروی زندگی میں سب سے زیادہ گھاٹا پانے والے ہوں گے۔

اور تجھ کو یقیناً قرآن اُس (ہستی) کی طرف سے مل رہا ہے جو بہت حکمت والی (اور) بہت جاننے والی ہے۔

(یاد کرو) جب موسیٰ نے اپنے اہل سے کہا کہ میں نے ایک[1] آگ[2] دیکھی ہے۔ میں یقیناً تمہارے پاس اس (آگ) سے کوئی (عظیم الشان) خبر لاؤں گا یا تمہارے پاس ایک چمکتا ہوا انگارہ لاؤں گا تا کہ تم آگ سینکو۔

[1] اس آیت میں بتایا گیا ہے کہ جیسے وحی کے ایک لمبے عرصہ تک رُک جانے کے بعد موسیٰ پر وحی نازل ہوئی تھی اسی طرح اب محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہوئی ہے۔

[2] آیت کا یہ بھی مفہوم ہے کہ موسیٰ علیہ السلام نے شروع نبوت میں ایک آگ دیکھی تھی جس کی تعبیر انہوں نے یہ کی کہ مجھ پر وحی الٰہی نازل ہونے والی ہے اگر حقیقی آگ ہوتی تو اس جگہ ایک آگ کا لفظ استعمال نہ کیا جاتا صرف آگ کہا جاتا۔ چونکہ وہ سمجھتے تھے کہ یہ کشفی نظارہ ہے تبھی انہوں نے اپنے رشتہ داروں سے کہا کہ معلوم ہوتا ہے کہ کوئی الٰہی تجلی ہونے والی ہے۔ میں وہاں جاتا ہوں۔ اور اگر وہ تجلی صرف میری ذات کے لئے ہوئی تو یہ عظیم الشان خبر تمہیں یعنی اپنی بیوی اور دوسرے رشتہ داروں کو آکر سناؤں گا اور اگر یہ تجلی میری قوم اور ملک کے لئے عام ہوئی تو پھر کوئی دہکتا ہوا انگارہ یعنی کوئی ایسی تعلیم لاؤں گا جو دلوں میں محبت الٰہی پیدا کرے تا کہ تم بھی اس کو سینک سکو۔ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی جو نظارہ غار حرا میں دیکھا اس کی خبر سب سے پہلے اپنی بیوی حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کو اور دوسرے رشتہ داروں کو دی اور اس طرح آپ کی مشابہت حضرت موسیٰ علیہ السلام سے ثابت ہو گئی۔

پھر جب وہ اس (آگ) کے پاس آئے تو ان کو آواز دی گئی کہ جو کوئی آگ میں ہے اور جو اس کے گرد ہے اس کو برکت[3] دی گئی ہے اور اللہ رب العالمین پاک ہے۔

[3] اس آیت سے بھی ثابت ہے کہ یہ بات غلط ہے کہ اس آگ میں خداتعالیٰ کا وجود تھا۔ کیونکہ خداتعالیٰ خود برکت دیتا ہے، اس کو کوئی برکت نہیں دیتا۔ یعنی وہ تَـبَارَکَ کہلا سکتا ہے بُوْرِکَ نہیں کہلا سکتا۔ دوسرے یہ کہ مَنْ فِی النَّارِ کے ساتھ وَ منْ حَوْلَھَا بھی کہا گیا ہے یعنی جو اس آگ میں ہے اور جو اس کے گرد کھڑا ہے اس کو بھی برکت دی گئی ہے، یعنی موسیٰ بھی مہبط انوار ہے اور آگ کا جلوہ بھی مہبط انوار ہے یعنی دونوں کے ذریعہ سے ہستی باری کو ظاہر کیا جارہا ہے سُبْحَانَ اللّٰہِ کے فقرہ میں بھی اس بات کی تردید کی گئی ہے کہ خدا آگ میں تھا۔ کیونکہ ربّ العالمین کہہ کر اس کو سب مقامات سے آزاد کر دیا گیا ہے اور سُبْحَانَ اللّٰہِ کہہ کر اس کو کسی جسمانی شکل میں ظاہر ہونے سے پاک قرار دیا گیا ہے۔

اے موسیٰ بات یہ ہے کہ میں اللہ ہوں[4]۔ جو غالب (اور) حکمت والا ہوں۔

[4] اس کے یہ معنے نہیں کہ آگ میں خدا تھا بلکہ موسیٰ علیہ السلام کو الہاماً یہ کہا گیا تھا کہ دیکھ میرا جلوہ ہر چیز سے ظاہر ہے۔ آگ سے بھی، اس کے گرد کی چیزوں سے بھی، عصا سے بھی اور اس کی کشفی شکل سے بھی جو سانپ کی تھی۔ پس یہ کہنا بالکل قرآن مجید اور عقل کے خلاف ہے کہ اس آگ میں خدا تھا بلکہ جو باطنی نظارہ اس آگ یا سونٹے یا سانپ کے ذریعہ دکھایا گیا تھا وہ سب نظارے خدا کی ذات کو انسان کے قریب کرتے تھے نہ یہ کہ واقعہ میں خدا تھے۔

تو اپنی لاٹھی پھینک۔ اور جب اس نے اس (لاٹھی) کو دیکھا کہ وہ ہل رہی ہے گویا کہ وہ ایک چھوٹا سانپ [1]ہے تو وہ پیٹھ پھیر کر بھاگا اور پیچھے مڑ کر نہ دیکھا (تب ہم نے کہا) اے موسیٰ! ڈر نہیں، میں وہ ہوں کہ رسول میرے حضور میں ڈرا نہیں کرتے۔

[1] یہاں جَآنٌّ کا لفظ استعمال کیا گیا ہے، جو چھوٹے سانپ کو کہتے ہیں۔ دوسری جگہ قرآن مجید میں ثُعْبَانٌ کا لفظ استعمال کیا گیا ہے۔ جس کے معنے بڑے سانپ کے ہوتے ہیں اور ایک تیسری جگہ حَیَّۃٌ کا لفظ استعمال کیا گیا ہے جس کے معنے محض سانپ کے ہوتے ہیں۔ بعض بیوقوفوں نے اعتراض کیا ہے کہ یہ اختلاف ہے حالانکہ جہاں چھوٹے سانپ کا لفظ استعمال کیا ہے وہاں کہا ہے کہ اس طرح ہلتا تھا جیسے چھوٹا سانپ۔ گویا چھوٹے سانپ کا لفظ اس کی تیز حرکت کی وجہ سے بولا گیا اور بڑے سانپ کا لفظ اس کے بڑے نظر آنے والے جسم کی وجہ سے بولا گیا اور سانپ کا لفظ محض اس کی جنس پر دلالت کرنے کے لئے بولا گیا ہے۔ گویا ہر موقعہ کے لحاظ سے ہر لفظ استعمال ہوا ہے۔

مگر جس نے ظلم کیا، لیکن پھر[2] اس ظلم کو چھوڑ کر نیکی اختیار کی، میں (اس کے لئے) بڑا بخشنے والا (اور) باربار کرم کرنے والا ہوں۔

[2] ہم پہلے لکھ چکے ہیں کہ کئی جگہ پر نبی مخاطب ہوتا ہے اور مراد اس سے جماعت ہوتی ہے۔ یہاں بھی پہلی آیت میں یہ فرمایا ہے کہ نبی مجھ سے نہیں ڈرتے مگر بعد میں فرمایا کہ ہاں جس نے ظلم کیا اور بعد میں اس کو نیکی سے بدل دیا اس کو خدا بخش دے گا۔ اور یہ آیت نبیوں پر نہیں لگتی۔ سو یاد رکھنا چاہئیے کہ اس جگہ مرادنبیوں کے اتباع ہیں جو نبیوں کے قائم مقام ہوتے ہیں۔ ان میں سے بعض پہلے کافر ہوتے ہیں اور بعد میں مومن ہو جاتے ہیں۔

آج 10 میں سے 10 باقی