۲۷۔ سورۃ النمل
تفسیر صغیر, حصہ 2
اور تو اپنا ہاتھ اپنے گریبان میں ڈال وہ بغیر کسی بیماری کے سفید نکلے گا۔ یہ ان نو نشانوں[3] میں سے ہے جو فرعون اور اس کی قوم کی طرف بھیجے جانے والے ہیں۔ وہ اطاعت سے نکل جانے والی قوم ہے۔
[3] فِیْ تِسْعِ اٰیٰٰتٍ فرعون اور اس کی قوم کے لئے موسیٰ علیہ السلام کے ذریعہ خداتعالیٰ نے نو نشان دکھائے تھے۔ جن میں سے ایک نشان یہ بھی تھا کہ اپنے ہاتھ کو اپنی بغل میں دباؤ۔ جب نکالو گے تو وہ سفید ہو گا بغیر اس کے کہ کوئی بیماری ہو۔
ہاتھ عربی زبان کے محاورہ میں بھائیوں اور قوم کو کہتے ہیں۔ پس اس کا مطلب یہ تھا کہ اے موسٰیؑ! اپنی قوم کو اپنے ساتھ چمٹائے رکھ۔ اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ تیری تربیت سے وہ نیک اور اچھی ہو جائے گی اور بے عیب بن جائے گی اور کوئی برائی اس میں باقی نہ رہے گی۔ چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ موسٰیؑ کی قوم موسٰیؑ کے آنے سے پہلے نہایت گندی ہو گئی تھی اور ابراہیمی تعلیم کو اس نے بھلا دیا تھا۔ موسیٰ علیہ السلام کی صحبت میں رہ کر ان میں بڑے بڑے اولیاء پیدا ہونے لگے مگر جب بھی وہ موسٰیؑ سے دور ہوتی تھی۔ اس میں بدی پیدا ہو جاتی تھی۔ جیسا کہ موسیٰ علیہ السلام کے پہاڑ پر جانے پر چند دن کی جدائی میں ہی انہوں نے بچھڑے کو خدا بنا لیا اور پوجنے لگے۔
یہ جو نو معجزوں کی طرف اشارہ کیا گیا ہے ان کی تشریح مختلف جگہ قرآن مجید میں آتی ہے۔ دو تو یہیں بیان ہیں، یعنی یَدِبَیْضَآء اور عَصَا تیسرا معجزہ قحط ہے چوتھا معجزہ اولادوں کا مرجانا ہے جو ان الفاظ میں بیان ہوا ہے کہ وَ نَقْصٍ مِّنَ الثَّمَرَاتِ پانچواں معجزہ طوفان کا تھا کہ ان پر ایک عظیم الشان طوفان آیا تھا۔ میرے نزدیک طوفان کا معجزہ وہی تھا جو بحیرۂ احمر میں ظاہر ہوا جب فرعون اور اس کے لشکر اس میں غرق کر دیئے گئے تھے۔ اس وقت بھی ایک بڑا طوفان آیا تھا جس سے سمندر زمین سے پرے ہٹ گیا تھا اور زمین ننگی ہو گئی تھی اور جب موسٰیؑ پار چلے گئے تو فرعون ان کا پیچھا کرتے ہوئے اپنے لشکروں سمیت اس میں گھس کر آخر غرق ہو گیا تھا۔ چھٹا معجزہ ٹڈیوں کا تھا۔ یعنی ٹڈیوں نے فصلیں تباہ کر دی تھیں اور قحط پڑ گیا تھا۔ ساتواں معجزہ اَلْقُمَّلَ یعنی جوؤں کا معجزہ تھا۔ یعنی جوئیں ملک میں بہت بڑھ گئیں تھیں غالباً ایسی سردی پڑی تھی کہ غسل کرنا ان کے لئے مشکل ہو گیا تھا اور جوئیں پڑ گئی تھیں۔ آٹھواں معجزہ الضَّفَادِعَ یعنی مینڈکوں کا تھا۔ جب بارشیں زیادہ ہوتی ہیں تو مینڈک بڑھ جاتے ہیں اس میں اشارہ ہے کہ بارشیں بہت زیادہ ہوئی تھیں اور جیسا کہ تجربہ ہے کہ ہر دیوار پر مینڈکوں کے انڈے سوکھ جاتے ہیں اور بارش کے پڑتے ہی چھوٹے چھوٹے مینڈک بارش کی طرح گرنے لگ جاتے ہیں گرم ملکوں میں ایسا اکثر ہوتا ہے۔ نواں معجزہ اَلدَّمَ یعنی خون کا تھا۔ جس سے مراد طاعون کی وہ قسم ہے جس میں نکسیر پھوٹنے لگ جاتی ہے اور آدمی مر جاتا ہے وہ اُس قوم میں پھوٹ پڑی تھی۔
پس جب ان کے پاس ہمارے نشانات جو آنکھیں کھول دینے والے تھے آئے تو انہوں نے کہا یہ تو ایک کھلا کھلا جادو ہے۔
اور انہوں نے اصرار سے ظلم اور تکبر کرتے ہوئے ان (نشانوں) کا انکار کیا، حالانکہ ان کے دل ان پر یقین لا چکے تھے۔ پس دیکھ کہ فساد کرنے والوں کا انجام کیسا ہوا کرتا ہے۔
اور ہم نے داؤد اور سلیمان کو علم عطا کیا اور دونوں نے کہا، اللہ ہی سب تعریف کا مالک ہے جس نے ہم کو اپنے بہت سے مومن بندوں پر فضیلت دی ہے۔
اور سلیمان داؤد کا وارث بنا اور اس نے کہا اے لوگو! ہمیں پرندوں[1] کی زبان سکھائی گئی ہے اور ہر ضروری چیز (یعنی تعلیم) ہم کو دی گئی ہے یہ کھلا کھلا فضل ہے۔
[1] ہم دوسری جگہ لکھ چکے ہیں کہ طَیْرٌ کے معنے آسمانی پرواز کرنے والے لوگوں (یعنی برگزیدہ لوگوں) کے ہوتے ہیں۔ وہی معنے اس جگہ پرندوں کے ہیں۔
اور (ایک دفعہ) سلیمان کے سامنے جنوں اور انسانوں اور پرندوں میں سے اس کے لشکر ترتیب وار اکٹھے کیے گئے (پھر ان کو کوچ کا حکم ملا)۔
یہاں تک کہ جب وہ وادی نملہ میں پہنچے تو نملہ[1] قوم میں سے ایک شخص نے کہا، اے نملہ قوم اپنے اپنے گھروں میں چلے جاؤ۔ ایسا نہ ہو کہ سلیمان اور اس کے لشکر (تمہارے حالات کو) نہ جانتے ہوئے تمہیں پیروں کے نیچے مسل دیں۔
[1] وادیٔ نمل ساحل سمندر پر یروشلم کے مقابل پر یا اس کے قریب دمشق سے حجاز کی طرف آتے ہوئے ایک سچ مچ کی وادی ہے جسے استعارۃ وادیٔ نمل کہتے ہیں۔ اندازاًدمشق سے سو میل نیچے کی طرف واقع ہے۔ ان علاقوں میں حضرت سلیمان علیہ السلام کے وقت تک عرب اور مدین کے بہت سے قبائل بستے تھے (دیکھئے نقشہ فلسطین و شام بعہد قدیم و جدید و نیلسنز انسائیکلوپیڈیا) (Nelson`s Encyclopedia) اور نملہ ایک قوم تھی جو وہاں رہتی تھی اس آیت سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ حضرت سلیمان علیہ السلام کی قوم جان بوجھ کر کسی کو نقصان نہیں پہنچاتی تھی بلکہ اگر اس کو پتہ لگ جاتا کہ کوئی قوم کمزور ہے تو اس کو بچانے کی کوشش کرتی تھی۔
پس سلیمان اس کی بات سن کر ہنس پڑا اور کہا، اے میرے رب! مجھے توفیق دے کہ تیری نعمت کا جو تو نے مجھ پر اور میرے والدین پر کی ہے شکریہ[2] ادا کر سکوں اور ایسا مناسب عمل کروں جسے تو پسند فرمائے اور (اے خدا) اپنے رحم کے ساتھ تو مجھے اپنے بزرگ بندوں میں داخل کر۔
[2] یعنی ایک وحشی قبیلہ کے لوگ بھی یہ جانتے ہیں کہ میں جان بوجھ کر ان کو نقصان نہیں پہنچاؤں گا (دیکھئے پہلی آیت)
اور اس نے سب پرندوں کی حاضری لی۔ پھر کہا مجھے کیا ہوا ہے کہ میں ہدہد[3] کو نہیں دیکھتا، یا وہ (جان بوجھ کر) غیر حاضر ہے۔
[3] کئی ادومی بادشاہوں کا نام ہُدَدْ تھا۔ جس کو عرب لوگ اپنے لہجہ کے لحاظ سے ہُدْہُدْکہتے تھے۔ یہ نام بنو اسماعیل میں عام رائج تھا۔ حضرت سلیمان علیہ السلام کے دربار کے ایک سردار کا نام بھی ہدہد تھا۔ جب حضرت سلیمان علیہ السلام نے موآب کو جو ایک بڑا انجینئر تھا، اس کی سازش کی وجہ سے قتل کرایا تو یہ ہُدْہُدْبھاگ کر مصر چلا گیا کہ کہیں مجھے بھی نہ مار ڈالیں۔ پھر بعد میں معافی مانگ کر اور سفارشیں کراکے واپس آگیا (دیکھئے جیوش انسائیکلوپیڈیا) ممکن ہے کہ چونکہ یہ عام نام تھا بعض اور سرداروں کا بھی یہ نام ہو۔ اور چونکہ عربی میں ہُدْہُدْ ایک پرندے کا بھی نام ہے۔ مفسرین نے سمجھ لیا کہ غالباً یہ اُسی پرندے کا ذکر ہے۔
میں اس کو یقیناً سخت سزا دوں گا، یا اسے قتل کر دوں [4]گا۔ یا وہ میرے سامنے کوئی کھلی دلیل (اپنی غیر حاضری کی) پیش کرے گا۔
[4] عربی میں ذَبَحَ بمعنے قتل بھی آتا ہے۔ (تاج العروس)
پس کچھ دیر وہ ٹھہرا (اتنے میں ہدہد حاضر ہوا) اور اس نے کہا کہ میں نے اس چیز کا علم حاصل کیا ہے جو تجھے حاصل نہیں اور میں سبا (کی قوم کے علاقہ) سے تیرے پاس (آیا ہوں اور) ایک یقینی خبر لایا ہوں۔
(جو یہ ہے کہ) میں نے (وہاں) ایک عورت کو دیکھا جو ان (کی ساری قوم) پر حکومت کر رہی ہے اور ہر نعمت اسے حاصل ہے اور اس کا ایک بڑا تخت ہے۔