۲۷۔ سورۃ النمل
تفسیر صغیر, حصہ 8
اور جب وہ اس کے پاس پہنچیں گے۔ وہ ان سے کہے گا۔ کیا تم نے میرے نشانات کا اس کے باوجود انکار کیا تھا کہ تم نے علم کے ذریعہ سے ان کی پوری واقفیت حاصل نہیں کی تھی یا[1]یہ بتاؤ کہ تم (اسلام کے خلاف کیا) کیاسازشیں کیا کرتے تھے۔
[1] یعنی پوری طرح تحقیقات نہ کی تھی صرف قوم کے لیڈروں کے بھڑکانے سے بھڑک اٹھے تھے۔
اور ان کے ظلموں کی وجہ سے ان کے خلاف کی گئی پیشگوئی پوری ہو جائے گی۔ اور وہ کچھ بات[2] نہ کر سکیں گے۔
[2] یعنی کوئی دلیل اپنی مخالفت کی پیش نہ کر سکیں گے۔
کیا ان کو معلوم نہیں کہ ہم نے رات کو اس لئے بنایا ہے کہ وہ اس میں آرام حاصل کریں اور دن کو دیکھنے کی طاقت دینے والا بنایا۔ اس میں یقیناً مومن قوم کے لئے بڑے نشان ہیں۔
اور (اس دن کو بھی یاد کرو) جس دن بگل میں ہوا پھونکی جائے گی۔ جس کے نتیجہ میں آسمانوں اور زمین میں جو کوئی بھی ہے گھبرا اٹھے گا۔ سوائے اس کے جس کے متعلق اللہ چاہے گا (کہ وہ گھبراہٹ سے محفوظ رہے) اور سب کے سب اس (خدا) کے حضور مطیع و فرمانبردار ہو کر آئیں گے۔
اور تو پہاڑوں کو اس صورت میں دیکھتا ہے کہ وہ اپنی جگہ ٹھہرے ہوئے ہیں حالانکہ وہ بادلوں[3] کی طرح چل رہے ہیں۔ یہ اللہ کی صنعت ہے جس نے ہر چیز کو مضبوط بنایا ہے وہ تمہارے اعمال سے خوب خبردار ہے۔
[3] اس میں زمین کے چلنے کا ذکر ہے برخلاف پرانے جغرافیہ نویسوں کے جو سورج کو چلتا بتاتے ہیں اور زمین کو ساکن۔
جو کوئی نیکی کرے گا اس کو اس سے بہتر بدلہ ملے گا اور ایسے لوگ اس دن خوف سے (جس کا ذکر اوپر ہو چکا ہے) محفوظ رہیں گے۔
اور جو لوگ برے عمل لے کر خدا کی خدمت میں حاضر ہوں گے ان کے سرداروں[1] کو دوزخ میں اوندھا کرکے گرا دیا جائے گا اور کہا جائے گا کہ کیا تمہاری جزا تمہارے عمل کے مطابق نہیں۔
[1] قرآن مجید میں وُجُوْھُھُمْ کے الفاظ ہیں۔ یعنی ان کے مُنہ دوزخ میں اوندھے کرکے گرائے جائیں گے۔ مگر وَجْہٌ کے معنے عربی زبان میں منہ کے علاوہ سردار کے بھی ہوتے ہیں۔ دوسرے معنے چونکہ زیادہ واضح ہیں اس لئے ان کو ترجمہ میں اختیار کیا گیا ہے۔
مجھے تو صرف یہ حکم دیا گیا ہے کہ میں اس شہر (مکہ) کے رب کی جس کو اس (رب) نے معزز بنا دیا ہے عبادت کروں اور ہر چیز اسی کے قبضہ میں ہے اور مجھے حکم دیا گیا ہے کہ میں فرمانبرداروں میں سے ہو جاؤں۔
اور یہ بھی کہ میں قرآن پڑھ کر سناؤں۔ پس جو اسے سن کر ہدایت پاجائے گا تو اس کا ہدایت پانا صرف اسی کی جان کے کام آئے گا اور جو اسے سن کر گمراہ ہو جائے گا تو تو اسے کہہ دے کہ میں صرف ایک ہوشیار کرنے والا (وجود) ہوں۔
اور یہ بھی کہہ دے کہ اللہ ہی سب تعریفوں کا مستحق ہے وہ تم کو اپنے نشان دکھائے گا یہاں تک کہ تم ان کو پہچان لو گے اور تمہارا رب تمہارے عمل سے غافل نہیں۔