۲۷۔ سورۃ النمل

تفسیر صغیر, حصہ 7

تو کہہ دے کہ ممکن ہے کہ وہ (عذاب) جس کے لئے تم جلدی کر رہے ہو اس کا کچھ حصہ تمہارے پیچھے پیچھے چلا آرہا ہو۔

اور تیرا رب لوگوں پر فضل کرنے والا ہے۔ لیکن ان میں سے اکثر شکر نہیں کرتے۔

اور تیرا رب ان چیزوں کو بھی جانتا ہے جن کو ان کے سینے چھپا رہے ہیں اور جن کو وہ ظاہر کر رہے ہیں۔

اور آسمانوں اور زمین میں جو کوئی بھی چھپی ہوئی چیز ہے ایک بیان کرنے والی کتاب میں (محفوظ) ہے۔

یہ قرآن بنی اسرائیل کے سامنے اکثر وہ باتیں سناتا ہے جن میں وہ اختلاف کر رہے ہیں۔

اور وہ ضرور مومنوں کے لئے ہدایت اور رحمت ہے۔

تیرا رب ان (بنی اسرائیل) کے درمیان اپنے حکم (یعنی قرآن) کے ساتھ (سچا) فیصلہ کرتا ہے۔ اور وہ غالب (اور) بہت بڑے علم والا ہے۔

پس اللہ پر توکل کر، تو یقیناً ایک مدلل حق پر قائم ہے۔

تو ہرگز مردوں کو نہیں سنا سکتا اور نہ بہروں کو ہی (اپنی) آواز سنا سکتا ہے۔ (خصوصاً) جبکہ وہ پیٹھ پھیر کر چلے جاتے ہیں۔

اور تو اندھوں کو بھی ان کی گمراہی سے بچا کر ہدایت نہیں دے سکتا۔ تو تو صرف انہی کو سناتا ہے جو ہماری آیتوں پر ایمان لاتے ہیں اور وہ (عملاً بھی) فرمانبردار [1]ہوتے ہیں۔

[1] یہاں مُسْلِم کا لفظ ہے جس کے معنے ہیں عملاً فرمانبرداری کرنے والا (مفردات راغب)

اور جب ان کی تباہی کی پیشگوئی[2] پوری ہو جائے گی تو ہم ان کے لئے زمین سے ایک کیڑا[3] نکالیں گے جو ان کو کاٹے گا۔ اس وجہ سے کہ لوگ ہمارے نشانات پر یقین نہیں رکھتے تھے۔

[2] یہاں عَلَیْھِمْ آیا ہے۔ اور عَلٰی بالعموم یہ بتاتا ہے کہ جس کے متعلق عذاب کی خبر ہے اس کے خلاف بات ظاہر ہو گئی پس وَقَعَ الْقَوْلُ کے بعد چونکہ عَلٰی کا لفظ آیا ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ان کی تباہی کی خبر پوری ہو جائے گی۔

[3] دَآبَّۃٌ سے مراد طاعون کا کیڑا ہے جس کے آخری زمانہ میں ظاہر ہونے کی خبر دی گئی تھی۔ وہ کیڑا جس کے جسم کو کاٹ کر اندر داخل ہو جاتا ہے۔ وہ ہلاک ہو جاتا ہے۔ چنانچہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک حدیث میں بیان فرمایا کہ آخری زمانہ میں خداتعالیٰ دَآبَّۃُ الْاَرْضِ پیدا فرمائے گا (دیکھئے ابن کثیر برحاشیہ فتح البیان سورۂ نمل صفحہ۲۳۱) اسی طرح دوسری حدیث میں فرمایا کہ آخری زمانہ میں نغـف کی بیماری پیدا ہوگی (مسلم) ان دونوں حدیثوں کو ملا کر یہ نتیجہ نکلتا ہے کہ حدیثوں میں یہ خبر دی گئی تھی کہ آخری زمانہ میں طاعون کی مرض پھیلے گی جو ایک مخفی کیڑے کے ساتھ بھی تعلق رکھتی ہے اور پھوڑے کے ساتھ بھی تعلق رکھتی ہے۔

اور اس دن (کو یاد کرو) جب ہر (اس) قوم میں سے جو ہمارے نشانات کا انکار کرتی رہی ہوگی ہم ایک بڑا گروہ کھڑا کریں گے۔ پھر اس (گروہ) کو (جواب دہی کے لئے) مختلف گروہوں میں تقسیم کر دیا جائے گا۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی