۲۸۔ سورۃ القصص
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
طاہر (پاک) سمیع (دعائیں سننے والا) مجید (بڑی بزرگی والا خدا اس سورۃ کو نازل کرنے والا ہے)
یہ (یعنی اس سورۃ کی آیات) ایک مدلل کتاب کی آیات ہیں۔
مومن قوم کے فائدہ کے لئے ہم موسیٰ اور فرعون کے صحیح سوانح تیرے سامنے پڑھتے ہیں۔
فرعون نے (اپنے) ملک میں بڑی تعلی سے کام لیا تھا اور اس کے رہنے والوں کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا تھا۔ وہ ان میں سے ایک گروہ کو کمزور کرنا چاہتا تھا (اس طرح کہ) ان کے بیٹوں کو قتل کرتا تھا اور ان کی لڑکیوں کو زندہ رکھتا تھا اور وہ یقیناً فسادیوں میں سے تھا۔
اور ہم نے ارادہ کر رکھا تھا کہ جن لوگوں کو ملک میں کمزور سمجھا گیا تھا ان پر احسان کریں اور ان کو سردار بنادیں اور ان کو (تمام نعمتوں کا) وارث کر دیں۔
اور ان کو ملک میں تمکنت بخشیں اور فرعون اور ہامان اور ان کے لشکروں کو ان سے وہ کچھ دکھائیں جس کا ان کو خوف لگا ہوا تھا۔
اور ہم نے موسیٰ کی ماں کی طرف وحی کی تھی کہ اس کو (یعنی موسیٰ کو) دودھ پلا۔ پس جب تو اس (کی جان) کے متعلق خائف ہو تو اس کو دریا میں ڈال دے اور ڈر نہیں اور نہ کسی پچھلے واقعہ کی وجہ سے غم کر ہم اس کو تیری طرف واپس لائیں گے اور اس کو رسولوں میں سے (ایک رسول) بنائیں گے۔ (چنانچہ موسیٰ کی ماں نے اس وحی کے مطابق عمل کیا اور موسیٰ کو دریا میں ڈال دیا)۔
سو اس کے بعد اس (موسیٰ) کو فرعون کے خاندان میں سے ایک نے اٹھا لیا جس کا نتیجہ[1] یہ ہوا کہ ایک دن وہ ان کے لئے دشمن ثابت ہوا اور غم کا موجب بنا۔ فرعون اور ہامان[2] اور ان دونوں کے لشکر غلطی میں مبتلا تھے۔
[1] ل کے معنے کبھی کبھی نتیجہ کے ہوتے ہیں اور اسے لامِ عاقبت کہتے ہیں۔
[2] کہتے ہیں کہ ہامان، فرعون کے درباریوں میں سے تھا۔ پس لشکر کو اس کی منزلت کی وجہ سے اس کی طرف منسوب کیا ہے یا ممکن ہے کہ وہ کمانڈر انچیف ہو۔
اور فرعون (کے خاندان) کی (ایک) عورت [3]نے کہا، یہ تیرے لئے اور میرے لئے آنکھ کی ٹھنڈک کا موجب ہوگا۔ اس کو قتل نہ کرو ممکن ہے کہ ایک دن وہ ہمیں نفع پہنچائے یا ہم اس کو بیٹا بنا لیں اور ان کو اصل حقیقت[4] معلوم نہ تھی۔
[3] اس سے مراد اس کی لڑکی ہے۔ کہتے ہیں جس عورت کو موسیٰ دریا کے کنارہ پر ملے وہ فرعون کی بیٹی تھی (خروج باب۲ آیت۵) وہ چاہتی تھی کہ ایک اچھا لڑکا پالے۔
[4] یعنی خداتعالیٰ نے اس لڑکے کو فرعون اور اس کی قوم کی تباہی کے لئے ان کے گھر میں رکھوایا۔
اور موسیٰ کی ماں کا دل (غم سے) فارغ ہو گیا۔ قریب تھا کہ اگر ہم اس کے دل کو مومن بنانے کے لئے مضبوط نہ کرتے تو وہ اس واقعہ کی سب حقیقت ظاہر کر دیتی۔
اور اس (یعنی موسیٰ کی ماں) نے اس (یعنی موسیٰ) کی بہن سے کہا کہ اس کے پیچھے پیچھے جا۔ پس وہ اس کو دُور سے دیکھتی رہی اور وہ (یعنی فرعون کے لوگ) بے خبر تھے۔