۲۸۔ سورۃ القصص
تفسیر صغیر, حصہ 2
اور ہم نے اس (یعنی موسیٰ) پر اس سے پہلے دودھ پلانے والیوں کو حرام[1] کر دیا۔ پس اس (یعنی موسیٰ کی بہن) نے کہا کہ کیا میں تمہیں ایک ایسے گھر والوں کی خبر دوں جو اس کو تمہارے لئے پال دیں اور وہ اس کے خیر خواہ ثابت ہونگے۔
[1] اس سے معلوم ہوتا ہے کہ موسیٰ علیہ السلام جس ٹوکرے میں تھے وہ بہتا بہتا پہلے کنارہ پر جا لگا تھا اور موسیٰ علیہ السلام کی بہن احتیاط سے بہت آہستہ آہستہ پیچھے رہی تھی۔ اس عرصہ میں فرعون کی بیٹی نے کئی دودھ پلانے والیاں بلا کے انہیں موسیٰ علیہ السلام کو دودھ پلانے کا حکم دیا۔ مگر موسیٰ علیہ السلام نے ان کا دودھ پینے سے انکار کر دیا۔ یہاں تک کہ الٰہی تدبیر کے مطابق وہ اپنی ماں کے پاس لوٹ آئے۔
اس طرح ہم نے اس کو اس کی ماں کی طرف لوٹا دیا تاکہ اس کی آنکھیں ٹھنڈی ہوں اور وہ غم نہ کرے اور جان لے کہ اللہ کا وعدہ پورا ہوکر رہتا ہے لیکن (منکروں میں سے) اکثر جانتے نہیں۔
اور جب وہ اپنی پختہ[2] جوانی کو پہنچا اور (اپنے اعلیٰ اخلاق پر) مضبوطی سے قائم ہو گیا تو ہم نے اسے حکم اور علم بخشا اور ہم محسنوں کو ایسا ہی بدلہ دیا کرتے ہیں۔
[2] اس سے مراد یہ ہے کہ ایسی عمر کو پہنچا، جس میں وحی نازل ہو جاتی ہے یعنی ۳۰ سے لیکر ۴۰ یا اس سے اوپر۔
اور (ایک دن) وہ شہر میں ایسے وقت میں آیا کہ لوگ غفلت کی حالت[3] میں تھے اس نے شہر میں دو آدمیوں کو دیکھا کہ آپس میں لڑ رہے تھے۔ ایک اس کی قوم سے (تعلق رکھتا) تھا اور ایک اس کے دشمنوں سے۔ پس اس نے جو اس کی جماعت میں سے تھا اس شخص کے خلاف جو اس کے دشمنوں میں سے تھا اس کی مدد طلب کی۔ اس پر موسیٰ نے اس (دشمن) کو ایک گھونسا[4] مارا اور اس (گھونسے) نے اس کا کام تمام کر دیا۔ پھر موسیٰ نے کہا یہ سب واقعہ شیطانی کرتوت[5] سے ہوا ہے۔ وہ (شیطان) (مومن کا) دشمن اور (اسے امن کے راستہ سے) کھلا کھلا بہکانے والا ہے۔
[3] یعنی آرام سے اپنے گھروں میں سو رہے تھے۔ دوپہر کو یا آدھی رات کو۔
[4] گھونسا، جسے پنجابی میں مُکّا کہتے ہیں۔
[5] یعنی شیطان نے میری قوم کے آدمی اور فرعون کی قوم کے آدمی کو غصہ دلا کر آپس میں لڑوادیا۔ اور مجھے اپنی قوم کے آدمی کی جو مظلوم تھا مدد کرنی پڑی اور فرعون کی قوم کا آدمی مر گیا۔
پھر موسیٰ نے دعا کی کہ اے میرے رب! میں نے اپنی جان کو تکلیف میں ڈال دیا ہے پس تو میرے اس فعل پر پردہ ڈال دے۔ سو اس نے اس فعل پر پردہ ڈال دیا۔ وہ بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
(موسیٰ نے) کہا اے میرے رب! چونکہ تو نے مجھ پر انعام[1] کیا ہے اس لئے آئندہ کبھی کسی مجرم کا مددگار نہیں بنوں گا۔
[1] یعنی مجھے ایک مظلوم کی مدد کا موقعہ دیا ہے پس اس کے شکریہ میں مَیں ہمیشہ مظلوم کی ہی مدد کرتا رہوں گا۔ ظالم کی مدد کبھی نہیں کروں گا۔
اس کے بعد وہ شہر میں صبح کے وقت دشمنوں سے خوف کرتا ہوا اور ادھر ادھر دیکھتا ہوا نکلا تو کیا دیکھتا ہے کہ جس نے اس سے کل مدد طلب کی تھی وہ پھر اسے مدد کے لئے بلا رہا ہے اس پر موسیٰ نے اس سے کہا تو یقیناً ایک کھلا کھلا گمراہ ہے۔
پس جب اس نے ارادہ کیا کہ اس شخص کو پکڑے جو ان دونوں کا دشمن تھا تو اس (شخص[2]) نے کہا کہ اے موسیٰ! کیا تو چاہتا ہے کہ مجھے قتل کر دے جس طرح تو نے کل ایک شخص کو قتل کیا تھا تو صرف یہ چاہتا ہے کہ کمزوروں کو ملک میں دبا دے اور اصلاح کرنے والوں میں شامل ہونا تیری غرض نہیں۔
[2] یعنی جو بنی اسرائیل میں سے تھا اس نے غلطی سے یہ سمجھا کہ وہ مجھے مارنے لگا ہے اور زور سے کہا کہ کل کی طرح تم آج بھی خون کرنا چاہتے ہو۔
اور اس وقت ایک شخص شہر کے دور کے حصہ سے دوڑتا ہوا آیا اور کہا اے موسیٰ (ملک کے) رؤسا مشورہ کر رہے ہیں کہ تجھے قتل کر دیں[3]۔ پس (میری بات سن اور) اس شہر سے نکل جا، میں تیرے خیر خواہوں میں سے ہوں۔
[3] یعنی کسی طرح کل کے واقعہ کی بھنک ان کے کان میں پڑ گئی ہے۔ معلوم ہوتا ہے یہ شخص موسیٰ کے ہم خیالوں اور دوستوں میں سے تھا۔
تب وہ اس شہر سے ڈرتے ہوئے نکل گیا اور وہ ہوشیاری سے ادھر ادھر دیکھتا جاتا تھا اس وقت اس نے دعا کی اور کہا اے میرے رب! مجھے ظالم قوم سے نجات دے۔
اور جب وہ مدین [1]شہر کی طرف چلا، تو اس نے کہا مجھے امید[2] ہے کہ میرا رب مجھے سیدھا راستہ دکھا دے گا۔
[1] مصر سے عبرانی علاقہ کی طرف جاتے ہوئے راستہ میں مدین آتا تھا۔ اس وقت مدین میں عاد قوم کے عرب رہتے تھے۔ اسرائیلیوں نے عربوں کو موسیٰ کے بچانے کا اچھا بدلہ دیا ہے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔
[2] عَسٰی عربی زبان میں کسی چیز کے تسلی رکھنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ (مغنی اللبیب)
اور جب وہ مدین شہر کے چشمہ کے پاس آیا تو اس نے اس پر لوگوںں کا ایک گروہ کھڑا دیکھا جو (اپنے جانوروں کو) پانی پلا رہے تھے اور ان سے پیچھے ہٹ کر کھڑی ہوئی دو عورتیں[3] دیکھیں جو اپنے جانوروں کو (ہجوم سے پرے) ہٹا رہی تھیں۔ موسیٰ نے ان سے کہا تم دونوں کو کیا اہم کام [4]درپیش ہے۔ اس پر دونوں عورتوں نے کہا، ہم پانی نہیں پلا سکتیں جب تک کہ دوسرے چرواہے چلے نہ جائیں اور ہمارا باپ بہت بوڑھا ہے (اس لئے ہمارے ساتھ نہیں آسکا)۔
[3] قرآن مجید میں دو عورتوں کا ذکر ہے مگر بائبل خروج باب۲ آیت۱۶ میں لکھا ہے کہ سات لڑکیاں آئی تھیں۔ یہ فرق اس لئے ہے کہ قرآن کریم میں صرف بڑی لڑکیوں کا ذکر ہے۔ کیونکہ آگے بیاہ کا معاملہ آنے والا تھا۔ بائیبل نے اس کے خلاف جتنی لڑکیاں اپنی بہنوں کے ساتھ آئی تھیں خواہ چھوٹی تھیں یا بڑی سب کا ذکر کر دیا ہے۔
[4] یہاں خَطْب کا لفظ ہے جس کے معنے ہیں بڑا اہم کام۔