۲۸۔ سورۃ القصص
تفسیر صغیر, حصہ 8
جو شخص پسندیدہ عمل کرے، اسے اس سے بہتر بدلہ ملے گا۔ اور جو کوئی برا عمل کرے گا تو برے اعمال کرنے والوں کو ان کے اپنے عمل کے برابر جزا دی جائے گی۔
وہ خدا جس نے تجھ پر یہ قرآن فرض کیا ہے اپنی ذات کی قسم کھا کر کہتا ہے کہ وہ تجھے [1]اس مقام کی طرف لوٹا کر لائے[2] گا جس کی طرف لوگ لوٹ لوٹ کر آتے ہیں۔ تو کہہ دے، میرا رب (اس کو بھی) خوب جانتا ہے جو ہدایت پر قائم ہوتا ہے اور (اس کو بھی) جو کھلی گمراہی میں مبتلا ہوتا ہے۔
[1] اَلْمَعَادُ کے معنے اَلْمَرْجَعُ کے ہوتے ہیں یعنی جس کی طرف لوگ لوٹ لوٹ کر آتے ہیں۔ یہاں اس سے مراد مکہ ہے جہاں لوگ باربار حج اور عمرہ کے لئے جاتے تھے۔
[2] اس میں فتح مکہ کی طرف اشارہ ہے جس کی طرف محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو واپس لانے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اور قرآن کے فرض کرنے سے یہ بتایا گیا ہے کہ اگر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مکہ کی طرف لوٹ کر واپس نہ آئے تو یہ قرآن کی سچائی پر ایک حرف ہوگا، کیونکہ اللہ تعالیٰ نے یہ وعدہ قرآنی شریعت کے ذکر کے ساتھ اپنی قسم کھا کر کیا ہے۔ اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے پورا ہو کر رہے گا۔
اور تو (کوئی) امید نہیں رکھتا تھا کہ تجھ پر ایک مکمل کتاب نازل کی جائے گی مگر تیرے رب کی طرف سے رحمت کے طور پر ایسا ہوا۔ پس تو کافروں کا مددگار کبھی نہ بنیئو۔
اور تجھے کوئی شخص اس کے بعد کہ اللہ کی آیتیں تجھ پر اتاری گئیں ان سے روکنے والا نہ بنے اور تو اپنے رب کی طرف (لوگوں کو) بلا اور مشرکوں میں شامل نہ ہو۔
اور (اے مخاطب) اللہ کے سوا کسی معبود کو مت پکار۔ اس کے سوا کوئی معبود نہیں۔ ہر ایک چیز ہلاک[3] ہونے والی ہے سوائے اس کے جس کی طرف اس (اللہ) کی توجہ ہو۔ حکم اسی کے اختیار میں ہے اور تم سب اسی کی طرف لوٹا کر لے جائے جاؤ گے۔
[3] اس سے مراد یہ ہے کہ ہر ایک مادی چیز نہ کہ اگلی دنیا کی نعمتیں یا روحانی علوم۔ چنانچہ حضرت عثمان بن مظعونؓ کے سامنے جب لبیدنے یہ شعر پڑھا کہ ؎
اَ لَا کُلُّ شَیْئٍ مَّا خَـلَا اللّٰہَ بَاطِلٗ۔ وَ کُلُّ نَعِیْمٍ لَا مَحَالَۃَ زَائِلٗ
تو عثمان بن مظعونؓ بڑے جوش سے کھڑے ہو گئے اور کہنے لگے کہ نَعِیْمُ اللّٰہِ لَایَبْطُلُ یعنی جنت کی نعمتیں کبھی زائل نہیں ہوں گی۔ سو کُلُّ شُیْءٍ ھَالِکٌ سے مراد مادی چیزیں ہیں نہ جنت پر اس کا اطلاق ہوتا ہے اور نہ روحانی علوم پر۔ پس صحابہؓ کی تشریح کے ساتھ اس آیت کی تشریح ہو جاتی ہے اور وہی ٹھیک ہے۔