۲۸۔ سورۃ القصص
تفسیر صغیر, حصہ 7
تو کہہ دے مجھے بتاؤ تو سہی کہ اگر اللہ دن کو قیامت کے دن تک تمہارے لئے لمبا کر دے تو اللہ کے سوا کونسا معبود ہے جو تمہارے پاس رات کو لے آئے جس میں تم سکون پاؤ۔ کیا تم دیکھتے نہیں۔
اور یہ اس کی رحمت ہے کہ اس نے تمہارے لئے رات اور دن بنائے ہیں کہ اس (رات) میں تم سکون حاصل کرو۔ اور (اس دن میں) تم اس کا فضل تلاش کرو۔ تا کہ تم شکر گذار بنو۔
اور جس دن وہ ان کو پکارے گا اور کہے گا کہ کہاں ہیں وہ میرے مزعومہ شرکا ء جن کو تم (معبود) خیال کرتے تھے۔
اور ہم ہر ایک امت میں سے ایک گواہ نکال کھڑا کریں گے پھر کہیں گے اپنی دلیل لاؤ۔ تب وہ جان لیں گے کہ کامل حق اللہ ہی کے پاس ہے اور ان کا سب افترا ان سے کھویا جائے گا۔
قارون (دراصل) موسیٰ کی قوم میں سے تھا۔ مگر وہ انہی[2] کے خلاف ظلم پر آمادہ ہو گیا اور ہم نے اس کو اتنے خزانے[3] دئیے تھے کہ جن کی کنجیاں[4] ایک مضبوط جماعت کے لئے بھی اٹھانا مشکل تھیں۔ (یاد کر) جب اس کی قوم نے اسے کہا کہ (اتنا) فخر مت کر۔ اللہ فخر کرنے والوں کو یقیناً پسند نہیں کرتا۔
[2] فَبَغٰی عَلَیْھِمْ ظالم بادشاہوں کا قاعدہ ہے کہ وہ چھوٹے عہدوں پر رعایا میں سے کچھ لوگ مقرر کرتے ہیں اور یہ لوگ اپنے ہم قوموں پر ظلم کرنے میں خود حاکموں سے بھی آگے نکلے ہوئے ہوتے ہیں۔ انگریز کے زمانہ میں دیکھ لو، انگریز سپرنٹنڈنٹ پولیس اور انگریز ڈپٹی کمشنر اتنا ظلم نہیں کرتا تھا جتنا کہ ایک ہندوستانی تھانے دار یا کانسٹیبل یا پٹواری یا تحصیلدار ظلم کرتے تھے۔ فرعون نے بھی یہی چال چلی تھی۔ اور بعض ریونیو افسر یا تحصیلدار خود بنی اسرائیل سے مقرر کر دیئے تھے۔ اور وہ لوگ قبطیوں سے بھی زیادہ اپنی قوم یعنی بنی اسرائیل پر ظلم کرتے تھے۔ کیونکہ وہ خیال کرتے تھے کہ بادشاہ غیر قوم کا ہے۔ ہمارے ان کاموں کی وجہ سے وہ ہمیں اور زیادہ رتبہ بخشے گا۔
[3] اٰ تَیْنٰـہُ مِنَ الْـکُنُوّزِ اس سے یہ مرادنہیں کہ یہ خزانے اس کے ذاتی تھے، بلکہ اس کے معنے یہ ہیں کہ وہ ایک تحصیلدار یا افسر مال تھا یا افسر خزانہ تھا۔ جس کی تحویل میں سرکاری خزانے رہتے تھے۔ چنانچہ حضرت یوسف علیہ السلام بھی اپنے وقت کے فرعون کے ملازم تھے۔ سورہ یوسف رکوع۷ میں ہے کہ جب فرعونِ مصر نے یوسف علیہ السلام کو قید سے نکالنے کے بعد کہا کہ ہم تم کو اپنے دربار میں بڑا مقام دیں گے۔ تو یوسف علیہ السلام نے کہا کہ مجھے آپ ملک کے خزانوں کا افسر بنا دیں۔ میں اس فن کو خوب جانتا ہوں اور اقتصادیات کا ماہر ہوں۔ اس سے پتہ لگتا ہے کہ حضرت یوسف علیہ السلام کے زمانہ میں بھی بنی اسرائیل کو مالی معاملات کا بڑا تجربہ تھا اور وہ اپنے آپ کو دوسری قوموں سے اس فن میں زیادہ ماہر سمجھتے تھے۔ معلوم ہوتا ہے کہ یہ شہرت حضرت یوسف علیہ السلام کے بعد بنی اسرائیل کی پھیلتی چلی گئی یہاں تک کہ موسیٰ علیہ السلام کے زمانہ میں حکومتِ فرعون نے بنی اسرائیل کے اس ہنر کو تسلیم کر لیا۔ اور خزانوں کے اوپر عام طور پر انہی کو مقرر کرنا شروع کیا۔
[4] اِنَّ مَفَاتِحَہٗ لَتَنُوْٓ أُ بِالْعُصْبَۃِ اُولِی الْقُوَّۃِ بعض مفسرین نے اس آیت سے قارون کی دولت کا ایک الف لیلوی اندازہ لگایا ہے۔ حالانکہ اس آیت سے یہ تو پتہ لگتا ہے کہ قارون مال دار آدمی تھا مگر کوئی جنّاتی خزانہ اس کے قبضہ میں ثابت نہیں ہوتا۔ یہ کہ خزانہ کی کنجیاں ایک مضبوط جماعت کے لئے بھی اٹھانی مشکل تھیں۔ اس کی توجیہہ کرتے ہوئے یہ یاد رکھنا چاہیے کہ یہ خزانہ حکومت کا تھا اور اس وقت بادشاہ جب ملک میں سفر کرتے تھے تو سینکڑوں ہزاروں اونٹوں پر خزانے کے دوہرے بکس رکھ کر ساتھ لے جاتے تھے کیونکہ اس وقت موٹر نہیں ہوتے تھے نہ مختلف علاقوں میں سرکاری خزانے بنے ہوئے ہوتے تھے بادشاہ کے ساتھ ساتھ ہی اس کا خزانہ جاتا تھا۔ راستے میں ہی سب ملازموں کی تنخواہیں تقسیم ہوتی تھیں اور راستہ میں ہی ان کی خوراک خریدی جاتی تھی۔ اگر فرض کرو کہ دس ہزار آدمی بھی بادشاہ کے عملہ میں ہو اور وہ چھ مہینے کی مہم پر باہر جا رہا ہو تو کم سے کم تین چار ہزار اونٹ اس کے جلو میں ضرور ہوتا ہوگا جس پر اگر دو دو صندوق ہوتے ہوں تو آٹھ ہزار صندوق خزانہ کا ہوتا ہوگا۔ اول تو اس زمانہ میں کنجیاں لکڑی کی ہوتی تھیں جیسا کہ اب تک بھی مکہ مکرمہ اور اس کے گرد و نواح میں لکڑی کی کنجیاں استعمال کی جاتی ہیں دوسرے اگر فی صندوق حفاظت کی غرض سے دو دو تالے سمجھے جائیں تو سولہ ہزار کنجیاں بنتی ہیں۔ اگر ایک ایک کنجی آدھ آدھ سیر کی ہو تو آٹھ ہزار سیر ہو جاتا ہے یعنی دو سو من۔ اور ظاہر ہے کہ دو سو من کو بیس پچیس آدمی بھی بمشکل اٹھا سکتے ہیں۔ خصوصاً جب انہوں نے لگا تار لمبا سفر کرنا ہو۔ یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ یہ نہیں لکھا کہ آدمی ان کنجیوں کو اٹھاتے تھے۔ وہ کنجیاں یقیناً اونٹوں پر لادی جاتی ہوں گی۔ یہاں صرف اتنا لکھا ہے کہ کنجیاں اگر آدمی اٹھاتے تو آدمیوں کی ایک مضبوط جماعت پر بھی بھاری ہوتیں۔ یعنی دس بارہ آدمی بھی ان کو بمشکل اٹھا سکتے۔ اگر لوہے کے تالوں کا ان میں رواج تھا تو اس وقت لوہے کے تالے بھی بہت بھاری بنائے جاتے تھے۔ سولہ ہزار لوہے کی کنجیاں بھی یقیناً اتنی بوجھل ہوتی تھیں کہ دس بارہ آدمیوں کے لئے ان کا اٹھانا مشکل ہوتا تھا۔ یہ جو ہم نے لکھا ہے کہ قارون فرعون کا افسر خزانہ تھا تو اس کا ثبوت یہ ہے کہ اس آیت میں لکھا ہے کہ وہ اپنی قوم پر ہی ظلم کرنے لگ گیا تھا اور محض مالدار ہونے کی وجہ سے کوئی شخص اپنی قوم پر ظلم نہیں کر سکتا۔ عہدہ دار ہونے کی وجہ سے ظلم کر سکتا ہے پس اس جگہ ایک مالدار قارون کا ذکر نہیں بلکہ ایک ایسے قارون کا ذکر ہے جو شاہی خزانوں پر متمکن تھا۔ اور بڑا افسر ہونے کی وجہ سے قوم پر ظلم کرنے کی اس میں طاقت تھی۔
اور جو کچھ تجھے اللہ نے دیا ہے اس سے اُخروی زندگی کے گھر کی تلاش کر۔ اور دنیوی زندگی سے تجھے جو حصہ ملا ہے اسے بھی بھول نہیں (ہم تجھے ایک حد تک دنیا کی آسائشوں کے استعمال سے روکتے نہیں) اور جس طرح اللہ نے تجھ پر احسان کیا ہے تو بھی لوگوں پر احسان کر اور ملک میں فساد پھیلانے کی کوشش نہ کر۔ اللہ یقیناً مفسدوں کو پسند نہیں کرتا۔
(قارون نے) کہا۔ یہ سب[1] رتبہ مجھے ایک ایسے علم کی وجہ سے ملا ہے، جو صرف مجھے حاصل ہے۔ کیا وہ [2]جانتا نہیں تھا کہ اس سے پہلے اللہ نے بہت سی نسلوں کو جو اس سے زیادہ طاقت ور اور اس سے زیادہ مالدار تھیں ہلاک کر دیا تھا اور مجرموں[3] کو (جب عذاب دیا جاتا ہے تو) ان کے گناہوں کے متعلق ان سے پوچھ گچھ نہیں کی جاتی۔
[1] یہ فقرہ بھی بتاتا ہے کہ قارون ایک بڑا افسر تھا۔ جس کی لیاقت کی وجہ سے اس کو خزانہ کا افسر بنایا گیا تھا۔
[2] اس آیت سے بھی ثابت ہوتا ہے کہ وہ سرکاری خزانہ کا افسر تھا۔ اس کی ذاتی دولت نہ تھی۔ اگر ذاتی دولت ہوتی تو اس جگہ یہ فرمایا جاتا کہ اس سے بھی بڑے مالدار لوگوں کو خدا تباہ کر چکا ہے۔ مگر یہاں قارون کے مقابلہ میں قوموں اور اُمتوں کی دولت کو پیش کیا گیا ہے۔ پس معلوم ہوا کہ قارون کے قبضہ میں بھی قوم اور امت کی دولت تھی۔ یعنی وہ سرکاری افسر تھا۔ اس کی ذاتی دولت کا اس جگہ ذکر نہیں۔
[3] یعنی اللہ تعالیٰ کی طرف سے جو سزا آتی ہے وہ طبعی ہوتی ہے۔ دنیوی بادشاہوں کی طرح حاکمانہ نہیں ہوتی۔ طبعی سزا آپ ہی بتا دیتی ہے کہ مجرم اس کا مستحق تھا۔ مثلاً کوئی شخص انکارِ حق کی وجہ سے ہدایت سے محروم ہو جائے یا دماغ سے کام نہ لینے کی وجہ سے سوچنے سے محروم ہو جائے تو کوئی نہیں کہہ سکتا کہ پہلے اس کے جرم کی تحقیقات کیوں نہ کی گئی۔ ہر شخص سمجھ سکتا ہے کہ اس کی سزا اس کے عملوں کے عین مطابق ہے اور سزا کا وجود ہی بدعملی کا ثبوت ہے۔
(ایک دن ایسا ہوا کہ) وہ اپنی قوم کے سامنے اپنی زینت[4] (یعنی اپنے باڈی گارڈ) کے ساتھ نکلا۔ اس پر وہ لوگ جو کہ دنیا کی زندگی کا سامان چاہتے تھے بول اٹھے، اے کاش! ہمیں بھی وہی کچھ ملتا جو قارون کو دیا گیا، اس کو تو (دنیا کا ایک) بہت بڑا حصہ ملا ہے۔
[4] اس سے بھی ثابت ہوتا ہے کہ وہ سرکاری افسر تھا۔
اور جن لوگوں کو علم دیا گیا تھا وہ بولے، تمہارا ستیاناس۔ اللہ کی طرف سے ملنے والی جزا[1] مومن اور ایمان کے مناسب حال عمل کرنے والے کے لئے بہت اچھی ہوتی ہے اور یہ (جزا) صرف صبر کرنے والوں کا گروہ ہی پاتا ہے۔
[1] یہ آیت بھی دلالت کرتی ہے کہ جس دولت کا ذکر ہے وہ فرعون کے بخشے ہوئے مرتبہ کی وجہ سے ملی تھی۔ بے شک عام دولت کے متعلق بھی کہا جاتا ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی ہے لیکن یہاں چونکہ دو دولتوں کا مقابلہ کیا گیا ہے اللہ کی دی ہوئی اور غیر اللہ کی دی ہوئی۔ اس لئے ایک دولت کے متعلق کہنا پڑے گا کہ وہ اپنی کمائی کی نہ تھی، بلکہ فرعون کی طرف سے ملی تھی۔
پھر ہم نے اس کو اور اس کے قبیلہ کو مکروہات میں مبتلا کر دیا اور کوئی جماعت ایسی نہ نکلی جو اللہ کے سوا اس کی مدد کرتی۔ اور کسی تدبیر سے بھی وہ (اپنے دشمن سے) بچ [2]نہ سکا۔
[2] اِنْـتَصَرَ کے معنے ہیں اِمْتَنَعَ مِنْ ظَالِمِہٖ اپنے دشمن سے بچ گیا (اقرب) اور یہی معنے ہم نے اختیار کیے ہیں۔
اور وہ لوگ جو کل تک اس کے مقام پر ہونے کی تمنا کرتے تھے کہنے لگ گئے تجھ پر ہلاکت ہو۔ اللہ ہی یقیناً اپنے بندوں میں سے جس کے لئے چاہتا ہے رزق میں فراخی دیتا ہے اور جس کے لئے چاہتا ہے تنگی کرتا ہے اگر ہم پر اللہ نے احسان نہ کیا ہوتا تو ہمیں بھی مصیبتوں کا شکار کر دیتا۔ تجھ پر ہلاکت ہو (بات یہی ہے کہ) کافر کبھی کامیاب نہیں ہوتے۔
یہ (جو) اخروی زندگی (ہے) ہم اسے انہی کے لئے مخصوص کر دیتے ہیں جو ملک میں ناجائز غلبہ اور فساد نہیں چاہتے۔ اور انجام متقیوں کا ہی (اچھا) ہوتا ہے۔