۲۹۔ سورۃ العنكبوت
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
میں اللہ سب سے زیادہ جاننے والا ہوں[1]۔
[1] حروف مقطعات ایک ایک لفظ یا جملہ کے قائمقام ہیں۔ جیسا کہ احادیث رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور آثار صحابہؓ سے ثابت ہے یا بعض جگہ وہ قائمقام ہوتے ہیں اعداد کے۔ الٓـمّٓ میں الف اَ نَا کا قائم مقام ہے اور ’’ل‘‘ اللّٰہ اور ’’م‘‘ اَعْلَمُ کا۔ یعنی میں اللہ سب سے زیادہ جاننے والا ہوں۔
کیا (اس زمانہ کے) لوگوں نے یہ سمجھ رکھا ہے کہ ان کا یہ کہہ دینا کہ ہم ایمان لے آئے ہیں (کافی ہوگا) اور وہ چھوڑ دیئے جائیں گے اور ان کو آزمایا نہ جائے گا۔
حالانکہ جو (لوگ) ان سے پہلے گذر چکے ہیں ان کو ہم نے آزمایا تھا (اور اب بھی وہ ایسا ہی کرے گا) سو اللہ ظاہر[2] کر دے گا ان کو بھی جنہوں نے سچ بولا اور ان کو بھی جنہوں نے جھوٹ بولا۔
[2] یعنی علمِ ازلی کو علمِ وقوعہ سے بدل دے گا۔
کیا جو لوگ بدیاں کرتے ہیں۔ وہ خیال کرتے ہیں کہ وہ ہمارے سزا سے بچ جائیں گے۔ اُن کا فیصلہ بہت برا ہے۔
جو شخص اللہ کی ملاقات کی امید رکھتا ہے (اسے معلوم ہونا چاہیئے کہ) اللہ کا مقرر کردہ وقت ضرور آنے والا ہے اور وہ بہت سننے والا (اور) بہت جاننے والا ہے۔
اور جو شخص خدا کے لئے کوشش کرتا ہے درحقیقت وہ اپنی جان ہی کے لئے کرتا ہے اللہ تمام جہانوں سے بے نیاز ہے (اور ان کی عبادت کا محتاج نہیں)۔
اور جو لوگ ایمان لائے ہیں اور ایمان کے مطابق[1] انہوں نے عمل کئے ہم ان کی بدیوں کو ان سے دور کر دیں گے اور جو کام وہ کرتے تھے اس کے مطابق جو بہترین جزا ان کو مل سکتی ہوگی وہ ہم اُن کو دیں گے۔
[1] صَالِـح صَلُحَ سے نکلا ہے اور صَلُحَ کے معنے ہوتے ہیں کسی چیز کے مطابق ہونا۔ پس عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ کے معنے ہوئے ’’اپنے ایمان کے مطابق عمل کیا۔‘‘ لوگ عام طور پر صَالِح کے معنے نیک کے کرتے ہیں لیکن عربی زبان کے لحاظ سے اس کے معنے ہیں ’’ایمان کے مطابق عمل کرنے والا‘‘ اور نیکی ایک نسبتی چیز ہے، کوئی معیّن چیز نہیں۔ جو کام بعض حالات میں نیک ہوتا ہے دوسرے حالات میں وہی بُرا ہو جاتا ہے۔
اور ہم نے انسان کو اپنے والدین سے اچھا سلوک کرنے کا حکم دیا ہے اور (کہا ہے کہ) اگر وہ دونوں تجھ سے اس بات میں بحث کریں کہ تو کسی کو میرا شریک قرار دے حالانکہ اس کا تجھے کوئی علم نہیں، تو ان دونوں کی فرمانبرداری[2] نہ کر کیونکہ تم سب نے میری طرف ہی لوٹ کر آنا ہے اور میں تمہارے عمل (کی نیکی بدی) سے تم کو واقف کروں گا۔
[2] مطلب یہ نہیں کہ ان کی فرمانبرداری لازم نہیں رہی، بلکہ یہ ہے کہ اس خاص حکم میں فرمانبرداری نہ کر۔
اور جو لوگ ایمان لائے ہیں اور اس کے مطابق انہوں نے عمل بھی کیا ہے ہم ان کو اچھے بندوں میں داخل کریں گے۔
اور لوگوں میں سے (بعض ایسے بھی ہوتے ہیں) جو کہتے ہیں کہ ہم اللہ پر ایمان لے آئے ہیں پھر جب اللہ کی وجہ سے ان کو تکلیف دی جاتی ہے وہ لوگوں کے عذاب کو اللہ کے عذاب کی طرح سمجھ لیتے ہیں اور اگر تیرے رب کی طرف سے مدد آتی ہے تو وہ کہتے ہیں (درحقیقت) ہم بھی تمہارے ساتھ تھے کیا دنیا جہان کے لوگوں کے دلوں میں جو کچھ ہے اس کو اللہ اچھی طرح نہیں جانتا۔
اور اللہ ضرور ظاہر کر دے گا ان کو بھی جو ایمان لائے اور ان کو بھی جو منافق ہیں۔