۲۹۔ سورۃ العنكبوت

تفسیر صغیر, حصہ 2

اور کافر مومنوں سے کہتے ہیں، تم ہمارے پیچھے چلو۔ ہم تمہارے[1] گناہ اٹھا لیں گے۔ حالانکہ وہ ان کے گناہ (بالکل) نہیں اٹھا سکتے۔ وہ یقیناً جھوٹے ہیں۔

[1] آیت میں واؤ کا لفظ آتا ہے جس کا ترجمہ ’’اور‘‘ ہوتا ہے لیکن چونکہ اُردو میں یہ بے معنے ہو جاتا ہے اس لئے ہم نے اس کا ترجمہ چھوڑ دیا ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ وہ اپنے بوجھ بھی اٹھائیں گے اور اپنے بوجھوں کے سوا اور لوگوں کے بوجھ بھی اٹھائیں گے (جن کو وہ دھوکا دیتے ہیں) اور قیامت کے دن ان سے اس افترا کے بارے میں سوال کیا جائے گا۔

اور ہم نے نوح کو اُس کی قوم کی طرف بھیجا تھا پس وہ ان میں نو سو پچاس[2] سال تک رہا۔ سو اس کی قوم کے لوگوں کو طوفان نے آلیا اور وہ ظالم تھے۔

[2] مرادنوحؑ کی عمر نہیں بلکہ ان کی نبوت کا زمانہ مراد ہے یا ان کی قوم کا وہ زمانہ مراد ہے جس میں وہ نیک رہی چنانچہ دوسری جگہ اللہ تعالیٰ نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کے متعلق فرمایا ہے اِنَّ مِنْ شِیْعَتِہٖ لَاِبْرَاھِیْمَ (الصّٰفّٰت: ۸۴) یعنی ابراہیمؑ بھی نوحؑ کے اتباع میں سے تھے۔ پس نوحؑ کی عمر اول ابراہیمؑ تک لمبی ہوئی اور پھر حضرت یوسفؑ بلکہ حضرت موسیٰ علیہ السلام تک لمبی ہوئی۔

پس ہم نے اس کو اور اس کی کشتی میں بیٹھنے والے ساتھیوں کو نجات دی اور ہم نے اس واقعہ کو تمام جہان کے لوگوں کے لئے ایک نشان بنا دیا۔

اور (ہم نے) ابراہیم کو (بھی رسول بناکر بھیجا تھا) جب اس نے اپنی قوم سے کہا تھا کہ اللہ کی عبادت کرو اور اس کا تقویٰ اختیار کرو۔ اگر تم جانتے ہو تو یہ تمہارے لئے بہت اچھا ہے۔

تم اللہ کے سوا دوسری ہستیوں کی عبادت کرتے ہو اور (مذہب کے بارے میں) جھوٹی باتیں بناتے ہو۔ وہ (ہستیاں) جن کی تم اللہ کے سوا پرستش کرتے ہو تمہیں رزق نہیں دے سکتیں۔ پس اللہ سے اپنا رزق مانگو اور اس کی عبادت کرو اور اس کا شکر ادا کرو۔ تم کو اسی کی طرف لوٹا کر لے جایا جائے گا۔

اور اگر تم میری بات کو جھوٹا قرار دو تو (یہ کوئی نئی بات نہیں) تم سے پہلی قوموں نے بھی (اپنے رسولوں کو) جھٹلایا تھا اور رسول کا کام تو صرف کھول کھول کر پہنچانا ہوتا ہے (زبردستی منوانا نہیں ہوتا)

کیا اُن کو معلوم نہیں کہ اللہ پیدائش عالم کو کس طرح پہلی دفعہ شروع کرتا ہے۔ پھر اس کو باربار لوٹاتا جاتا ہے یہ کام اللہ کے[1] لئے بالکل آسان ہے۔

[1] عَلٰی کے معنے لام کے بھی آتے ہیں جس کے معنے ’’لیے‘‘ کے ہوتے ہیں اور وہی معنے اس جگہ اختیار کیے گئے ہیں۔

تو کہہ، ملک میں چاروں طرف پھرو پھر دیکھو کہ اللہ نے مخلوق کی پیدائش کس طرح شروع کی تھی پھر مرنے کے بعد[2] ان کو دوبارہ زندہ کرتا چلا گیا اللہ ہر ایک چیز پر قادر ہے۔

[2] اس جگہ آخرت کا ذکر نہیں بلکہ اس دنیا کا ذکر ہے اور اس دنیا میں مردے زندہ ہو کر نہیں آتے۔ پس یہ آیت ایک واضح ثبوت ہے اس بات کا کہ پیدائش اول سے مراد قوموں کو تمکنت بخشنا اور پیدائش ثانی سے مراد غالب قوموں کے زوال کے بعد پھر دوبارہ ان میں بیداری پیدا کرنا ہے۔ اس کے یہ معنے نہیں کہ اُخروی زندگی ہے ہی نہیں۔ بلکہ ہمارا یہ مطلب ہے کہ اس آیت میں اس دنیا میں قوموں کے اتار چڑھاؤ کا ذکر ہے جیسا کہ سِیْرُوْا فِی الْاَرْضِ کے الفاظ سے اور ان الفاظ سے ظاہر ہے کہ دنیا پر غور کرو کہ کس طرح اللہ تعالیٰ نے پہلی دفعہ پیدائش کا کام شروع کیا۔ اور مرنے کے بعد پھر دوبارہ زندگی دینی شروع کی۔

وہ جس کو چاہتا [3]ہے عذاب دیتا ہے اور جس پر چاہتا ہے رحم کرتا ہے اور اسی کی طرف تم کو لوٹا کر لایا جائے گا۔

[3] قرآن کریم کی دوسری آیات سے ثابت ہے کہ عذاب اللہ تعالیٰ اسی کو دیتا ہے جو مستحق ہوتا ہے۔ پس اس آیت کے معنے یہ ہیں کہ اس کا علم کامل جس شخص یا قوم کو عذاب کا مستحق قرار دیتا ہے اس کو عذاب دیتا ہے نہ یہ کہ اندھا دھند بغیر استحقاق کے عذاب دیتا ہے۔

اور تم نہ زمین میں نہ آسمان میں خدا کو اس کی مرضی کے خلاف مجبور کر سکو گے اور خدا کے سوا نہ کوئی تمہارا دوست ہے نہ مددگار۔

اور وہ لوگ جو اللہ کے نشانوں کا اور اس سے ملاقات[4] ہونے کا انکار کرتے ہیں وہ لوگ ایسے ہیں جو میری رحمت سے مایوس ہو گئے ہیں اور وہی ہیں جن کو دردناک عذاب ملے گا۔

[4] اصل میں تو اللہ تعالیٰ کی ملاقات مومنوں کو ہوتی ہے۔ مگر کافروں کے لئے وہ عذاب کی صورت میں ظاہر ہوتی ہے۔ اور جب کبھی ان کے دل میں ندامت پیدا ہو تو رحم اور معافی کی تدبیروں کے ذریعہ سے ظاہر ہوتی ہے۔ پس اس آیت کا مطلب یہ ہے کہ جو لوگ اللہ تعالیٰ کی ملاقات کے منکر ہوتے ہیں درحقیقت وہ یہ سمجھتے ہیں کہ خداتعالیٰ کبھی ہمیں معاف نہیں کرے گا اور رحمت کے ذریعہ سے اپنا جلوہ ہم پر ظاہر نہیں کرے گا۔ پس خداتعالیٰ بھی ان کے یقین کے مطابق ان سے سلوک کرتا ہے اور دردناک عذاب میں مبتلا کرتا ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی