۲۹۔ سورۃ العنكبوت
تفسیر صغیر, حصہ 6
اس دنیا میں بہت سے جانور بھی ہیں جو اپنے ساتھ (انسانوں کی طرح) اپنا رزق نہیں اٹھائے پھرتے، اللہ ہی ان کو رزق دیتا ہے اور تم کو بھی[2]۔ اور وہ بہت دعائیں سننے والا (اور) حالات سے خوب آگاہ ہے۔
[2] یعنی بظاہر انسان کمائی کرکے رزق حاصل کرتا ہے مگر جانور اور کیڑے مکوڑے گھاس پھونس یا اپنے سے باریک کیڑے کھا کر گزارہ کرتے ہیں۔ پس جانوروں کے لئے رزق مہیا کرنا بتاتا ہے کہ انسان کے لئے بھی خدا ہی رزق مہیا کر رہا ہے اور اس کی کمائی صرف ایک پردہ ہے۔
اور اگر تو ان لوگوں سے پوچھے کہ آسمانوں اور زمین کو کس نے پیدا کیا ہے اور سورج اور چاند کو (بغیر مزدوری[3] کے) کس نے انسانوں کی خدمت میں لگایا ہوا ہے؟ تو وہ کہیں گے۔ اللہ نے (پھر جب وہ یہ بات جانتے ہیں) تو کس طرف کو بہکائے جا رہے ہیں۔
[3] سَخَّرَ سے مراد بغیر مزدوری کے کسی آسمانی قانون کے ماتحت خدمت میں لگا دینے کے ہیں۔
اللہ ہی اپنے بندوں میں سے جس کے لئے چاہتا ہے رزق فراخ کر دیتا ہے اور جس کے لئے چاہتا ہے تنگ کر دیتا ہے۔ اللہ یقیناً ہر چیز سے اچھی طرح واقف ہے۔
اور اگر تو ان سے پوچھے کہ بادل سے کس نے پانی اتارا ہے؟ اور پھر اس کے ذریعہ سے زمین کو اس کے مرنے کے بعد زندہ کیا ہے؟ تو وہ کہیں گے۔ یقیناً اللہ نے تو کہہ دے کہ سب تعریف اللہ ہی کے لئے ہے لیکن ان (انسانوں) میں سے اکثر سمجھتے نہیں۔
اور یہ ورلی زندگی صرف ایک غفلت اور کھیل کا سامان ہے اور اخروی زندگی کا گھر ہی درحقیقت اصلی زندگی کا گھر کہلا سکتا ہے کاش کہ وہ لوگ جانتے۔
اور جب وہ لوگ کشتی میں سوار ہوتے ہیں تو اپنی عقیدت کا خالصتہ اللہ کے لئے کرکے اس سے دعا مانگتے ہیں مگر جب وہ ان کو خشکی کی طرف نجات دے کر پہنچا دیتا ہے تو اچانک پھر شرک کرنے لگ جاتے ہیں۔
تا کہ ہم [1]نے جو کچھ انہیں دیا ہے اس کا انکار کر دیں (اور اس انعام کو خدا کے سوا دوسرے شریکوں کی طرف منسوب کردیں) اور اس (عارضی توبہ) کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ (اللہ تعالیٰ ان کو چھوڑ دیتا ہے اور) وہ ایک عرصہ تک دنیوی سامانوں سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ پس (ایک دن یہ بخشش ختم ہو جائے گی اور) وہ (اپنی حقیقی جزا کو) دیکھ لیں گے۔
[1] یعنی اللہ تعالیٰ نے۔
کیا انہیں معلوم نہیں کہ ہم نے حرم (یعنی مکہ) کو امن کی جگہ بنا دیا ہے اور ان لوگوں کے ارد گرد سے (یعنی مکہ کے باہر سے) لوگ اچک لیے جاتے ہیں۔ تو کیاوہ جھوٹ پر تو ایمان لاتے ہیں اور اللہ کی نعمت کا انکار کرتے ہیں۔
اور جو شخص اللہ پر جھوٹ باندھ[2] کر افترا کرتا ہے، اس سے زیادہ ظالم کون ہو سکتا ہے یا (اس سے) جو سچی بات کو اس وقت جھٹلاتا ہے جب وہ اس کے پاس آجاتی ہے کیا ایسے کافروں کی جگہ جہنم میں نہیں ہونی چاہیئے۔
[2] ایک تو وہ شخص ہوتا ہے جو خداتعالیٰ پر افترا تو کرتا ہے مگر وہی بات اس کی طرف منسوب کرتا ہے جو اس کے الہام میں موجود ہوتی ہے گو اسے نہیں کہی جاتی۔ اور ایک اور شخص ہوتا ہے جو اللہ کی طرف ایک بات غلط طور پر منسوب کرتا ہے اور خداتعالیٰ نے وہ بات کسی کتاب میں بھی نہیں کہی ہوتی۔ پس یہ شخص افترا بھی کرتا ہے اور اس افترا کی بنیاد بھی جھوٹ پر ہوتی ہے۔
اور وہ (لوگ) جو ہم سے ملنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہم ان کو ضرور اپنے رستوں کی طرف آنے کی توفیق بخشیں گے اور اللہ یقیناً محسنوں کے ساتھ ہے۔