۲۹۔ سورۃ العنكبوت
تفسیر صغیر, حصہ 5
اور اس (قرآن) کے نازل ہونے سے پہلے تو کوئی کتاب نہ پڑھتا تھا، نہ لوگوں کو سناتا تھا اور نہ اسے اپنے دائیں ہاتھ سے لکھتا تھا۔ اگر ایسا ہوتا تو جھٹلانے والے شبہ میں پڑ جاتے۔
مگر یہ (قرآن) تو کھلی نشانیاں ہیں ان[2] لوگوں کے دلوں[3] میں جن کو علم دیا گیا ہے اور ہمارے نشانات کا ظالموں کے سوا کوئی انکار نہیں کرتا۔
[2] یعنی اُن کے دل مانتے ہیں۔
[3] یعنی یہودیوں میں سے مسلمان لوگوں کے دلوں میں۔
اور وہ کہتے ہیں کہ کیوں اس کے رب کی طرف سے اس پر کوئی نشانات نہیں اترے۔ کہو کہ نشانات تو خدا کے پاس ہیں (جب وہ فائدہ دیکھتا ہے اتارتا ہے) اور میں تو ایک کھلا کھلا ہوشیار کرنے والا ہوں۔
کیا ان کے لئے (یہ نشان) کافی نہ تھا کہ ہم نے تجھ پر ایک مکمل کتاب (قرآن) کو نازل کیا جو انہیں پڑھ کر سنائی جاتی ہے۔ اس امر میں مومنوں کے لئے تو بڑی رحمت اور نصیحت کے سامان ہیں۔
تو کہہ دے میرے اور تمہارے درمیان بطور گواہ فیصلہ کرنے والا اللہ ہی کافی ہے اور جو کچھ آسمانوں میں ہے اور زمین میں ہے اسے وہ جانتا ہے اور جو لوگ باطل پر عمل کرتے ہیں اور اللہ کے احکام کا انکار کرتے ہیں وہی گھاٹے میں پڑنے والے ہیں۔
اور وہ تجھ سے عذاب کے جلدی لانے کی خواہش کرتے ہیں اور اگر ایک مقرر وقت نہ ہوتا تو عذاب ان کے پاس آجاتا اور اب بھی وہ ان کے پاس ضرور (آئے گا اور) اچانک آئے گا اس حالت میں کہ وہ جانتے بھی نہ ہوں گے۔
(اور) وہ تجھ سے عذاب کے جلدی[1] لانے کا مطالبہ کرتے ہیں اور جہنم کافروں کو یقیناً تباہ کرنے والی ہے۔
[1] متواتر ایک مطالبہ کو آگے پیچھے بیان کرنے سے صاف ظاہر ہے کہ ایک مطالبہ دنیوی عذاب کے متعلق ہے اور دوسرا مطالبہ اُخروی عذاب کے متعلق ہے۔ ایک مطالبہ سے یہ مراد ہے کہ ہم پر تیری پیشگوئیوں کے مطابق دنیا میں عذاب کیوں نہیں آجاتا اور دوسرے مطالبہ سے یہ مراد ہے کہ کیوں ہم تیری مخالفت کی وجہ سے مَر نہیں جاتے اور جہنم میں داخل نہیں ہو جاتے۔ چنانچہ دوسرے مطالبہ کے بعد جہنم کا بھی ذکر ہے جو پہلے مطالبہ کے بعدنہیں۔
جس دن (کہ جہنم کا عذاب کافروں کو گھیر کر تباہ کر دے گا) (یہ وہ دن ہوگا کہ خدائی) عذاب ان کے اوپر سے بھی انہیں ڈھانک لے گا اور ان کے پاؤں کے نیچے سے نکل کر بھی ان کو گھیر لے گا اور (خدا) کہے گا۔ اپنے عملوں کا نتیجہ چکھو۔
اے میرے مومن بندو! میری زمین وسیع ہے۔ پس تم میری ہی عبادت کرو۔
ہر جاندار موت کامزہ چکھنے والا ہے۔ پھر ہماری طرف ہی تم (سب) کو لوٹایا جائے گا۔
اور وہ لوگ جو ایمان لاتے ہیں اور اس کے مطابق عمل بھی کرتے ہیں ہم ان کو جنت میں بالاخانوں میں جگہ دیں گے (ایسی جنت میں) کہ اس کے (سایوں) تلے نہریں بہتی ہونگی۔ وہ (مومن) ان جنتوں میں ہمیشہ کے لئے رہتے چلے جائیں گے اور اچھے عمل کرنے والوں کا اجر بہت اچھا ہوتا ہے۔
ان (مومنوں) کا جو (اپنے عقیدہ اور عمل پر) جمے [1]رہتے ہیں اور اپنے رب پر توکل کرتے ہیں۔
[1] صَبْر کے ایک معنے پختہ رہنے کے بھی ہوتے ہیں (اقرب)