۳۰۔ سورۃ الروم

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

میں[1] اللہ سب سے زیادہ جاننے والا ہوں۔

[1] دیکھئے نوٹ سورۃ بقرہ آیت۲۔

رومی لوگ (یعنی قیصر کے ساتھی) قریب کی زمین میں مغلوب[2] ہوگئے

[2] اس آیت کی دو قراء تیں آتی ہیں، ایک تو اس طرح کہ غُلِبَتِ الرُّوْمُ فِیْ اَدْنَی الْاَرْضِ وَ ھُمْ مِّنۡۢ بَعْدِ غَلَبِھِمْ سَیَغْلِبُوْنَ۔ جس کے معنے یہ ہیں کہ رومی حجاز کے قریب کے علاقہ میں کسریٰ سے مار کھا گئے ہیں لیکن مار کھانے کے بعد وہ عنقریب پھر طاقت پکڑ جائیں گے اور کسریٰ کو شکست دے دیں گے چنانچہ یہ پیشگوئی پوری ہو گئی اور پہلے تو رومیوں نے شکست کھائی مگر پھر رومیوں نے ایرانیوں کو شکست دی اور یہ خبر بدر کی فتح کے موقعہ پر مسلمانوں کو پہنچی۔ اور اس طرح یہ الفاظ پورے ہوئے کہ یَوْمَئِذٍ یَّفْرَحُ الْمُؤْمِنُوْنَ بِنَصْرِ اللّٰہِ کہ اس دن مسلمان اللہ تعالیٰ کی مدد کی وجہ سے خوش ہو رہے ہوں گے۔ دوسری قراءت اس آیت کی یہ ہے کہ غُلِبَتِ الرُّوْمُ فِیْ اَدْنَی الْاَرْضِ وَ ھُمْ مِّنْ بَعْدِ غَلَبِھِمْ سَیُغْلِبُوْنَ یعنی رومی ایرانیوں کے ہاتھ سے قریب کے علاقہ میں شکست کھا گئے ہیں لیکن اس شکست کے بعد وہ ایک دفعہ پھر فتح پاجائیں گے اور اس فتح پانے کے بعد دوبارہ ایک اور قوم کے ہاتھوں سے زبردست شکست کھائیں گے۔ یعنی مسلمانوں کے ہاتھ سے۔ جیسا کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے زمانہ میں ہوا۔ پانچویں دفعہ یہ پیشگوئی سلطان محمد فاتح کے وقت میں پوری ہوئی۔ یعنی پہلے تو جب تک مسلمان خشکی کی طرف سے حملہ کرتے رہے۔ قسطنطنیہ کا بادشاہ غالب آتا رہا۔ لیکن جب سلطان محمد فاتح بیڑہ لیکر قسطنطنیہ پر حملہ آور ہوا تو اس وقت خداتعالیٰ نے مسلمانوں کو فتح دے دی اور وہ قسطنطنیہ میں داخل ہوئے اور قریباً ایک ہزار سال سے اس پر قابض ہیں۔

قریب کی زمین میں مغلوب ہوگئے اور وہ اپنے مغلوب ہونے کے بعد چند سال میں دوبارہ غالب آجائیں گے۔

چند سال میں دوبارہ غالب آجائیں گے۔ اس واقعہ سے پہلے بھی اللہ کی حکومت ہوگی اور بعد میں بھی (اس کی حکومت ہوگی) اور اس دن مومن اللہ کی مدد سے بہت خوش ہوں گے۔

اللہ جسے پسند کرتا ہے اس کی مدد کرتا ہے اور وہ غالب (اور) باربار کرم کرنے والا ہے۔

اللہ کے وعدہ (کو خوب یاد رکھو) (اور) اللہ اپنے وعدوں کو جھوٹا نہیں کرتا۔ مگر اکثر لوگ اس بات کو سمجھتے نہیں۔

وہ لوگ ورلی زندگی کے ظاہر (یعنی اس کی شان و شوکت) کو تو خوب سمجھتے ہیں، لیکن اُخروی زندگی سے بالکل ناواقف ہیں۔

کیا انہوں نے اپنے دل میں کبھی یہ غور نہیں کیا کہ آسمانوں اور زمین کو اور جو کچھ ان کے درمیان ہے، خدا نے کسی حکمت کے مطابق اور ایک وقت مقررہ کے لئے پیدا کیا ہے۔ لیکن لوگوں میں سے اکثر اپنے رب کی ملاقات سے منکر ہیں۔

کیا وہ زمین میں نہیں پھرے اور یہ نہیں دیکھا کہ جو ان سے پہلے لوگ تھے ان کا انجام کیا ہوا تھا؟ وہ ان سے زیادہ طاقتور تھے اور انہوں نے زمین کو خوب اکھیڑا (یعنی ہل چلایا) تھا اور اسے اس سے زیادہ آباد کیا تھا جو انہوں نے کیا ہے اور ان کے رسول ان کے پاس دلائل لے کر آئے تھے کیونکہ اللہ کی شان کے مطابق نہ تھا کہ ان پر ظلم کرتا۔ بلکہ وہ لوگ خود اپنی جانوں پر ظلم کر رہے تھے۔

پھر اُن لوگوں کا جنہوں نے برے کام کیے تھے۔ اللہ کی آیات کا انکار کرنے کی وجہ سے برا ہی انجام ہوا۔ اور وہ اللہ کی آیات سے ہنسی کیا کرتے تھے۔

اللہ پیدائش عالم کو شروع بھی کرتا ہے اور پھر اس سلسلہ کو دہراتا بھی جاتا ہے پھر تم سب اس کی طرف لوٹا کر لے جائے جاؤ گے۔

آج 10 میں سے 10 باقی