۳۰۔ سورۃ الروم
تفسیر صغیر, حصہ 2
اور جس دن قیامت برپا ہوگی، مجرم مایوس ہو جائیں گے۔
اور جن کو وہ خدا کا شریک بناتے تھے ان میں سے کوئی ان کا شفیع نہ بنے گا اور وہ اپنے (بنائے ہوئے) شرکا کا انکار کر دیں گے۔
اور جس دن قیامت برپا ہوگی اس دن سب (مشرک) الگ الگ ہو جائیں گے۔
پھر وہ لوگ جو ایمان لائے اور جنہوں نے اپنے اپنے ایمان کے مطابق عمل بھی کیا انہیں عالی شان باغ میں خوشی پہنچائی جائے گی۔
اور وہ (لوگ) جنہوں نے کفر کیا اور ہماری آیتوں کا اور اُخروی زندگی کے حاصل ہونے کا انکار کیا عذاب کے سامنے حاضر کیے جائیں گے۔
پس اللہ کی تسبیح کرو۔ جب تم شام کے وقت میں داخل ہو یا صبح کے وقت میں داخل ہو۔
اور آسمانوں اور زمین میں اسی کی تعریف ہے اور بعد دوپہر بھی اس کی تسبیح کرو اور اسی طرح (عین) دوپہر کے وقت بھی۔
وہ زندہ کو مردہ سے نکالتا ہے اور مردہ کو زندہ سے نکالتا ہے اور زمین کو اس کے مر جانے کے بعد زندہ کرتا ہے۔ اور اسی طرح تم بھی نکالے جاؤ گے۔
اور اس کے نشانات میں سے (ایک) یہ (نشان) بھی ہے کہ اس نے تم کو مٹی سے پیدا کیا۔ پھر اس پیدائش کے نتیجہ میں تم بشر بن جاتے اور (تمام زمین میں) پھیل جاتے ہو۔
اور اس کے نشانوں میں سے (ایک) یہ (نشان) بھی ہے کہ اس نے تمہاری ہی جنس میں سے تمہارے لئے جوڑے بنائے ہیں تاکہ تم ان کی طرف (مائل ہو کر) تسکین حاصل کرو۔ اور تمہارے درمیان پیار اور رحم کا رشتہ پیدا کیا ہے اس میں فکر کرنے والی قوم کے لئے بڑے نشان ہیں۔
اور اس کے نشانات میں سے آسمانوں اور زمین کا پیدا کرنا اور تمہاری زبانوں اور تمہارے رنگوں کا اختلاف بھی ہے اس میں تمام جاننے والوں کے لئے بڑے نشان ہیں۔
اور اس کے نشانوں میں سے رات کے وقت اور دن کے وقت تمہارا سونا اور اس کے فضل کے حاصل کرنے کے لئے محنت کرنا بھی ہے۔ اس میں سننے والی قوم کے لئے بڑے نشان ہیں۔