۳۱۔ سورۃ لقمان

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

میں [1]اللہ سب سے زیادہ جاننے والا ہوں۔

[1] الٓـمّٓ کے لئے دیکھئے نوٹ نمبر۱ سورہ بقرۃ آیت۲

یہ (یعنی اس سورۃ کی آیات) اس کامل کتاب کی آیات ہیں جو بڑی حکمتوں والی ہے۔

(اور) اپنے[2] فرائض کو صحیح طور پر ادا کرنے والوں کے لئے ہدایت اور رحمت کا موجب ہے۔

[2] قرآن کریم میں مُحْسِنٌ کا لفظ ہے جو اَحْسَنَ سے نکلا ہے اور اَحْسَنَ کے معنے لغت میں یہ لکھے ہیں کہ جو کام کو اچھی طرح کرے (اقرب) پس ہم نے اس کا ترجمہ ’’اپنے فرائض کو اچھی طرح ادا کرنے والے‘‘ کا کیا ہے۔ جو محاورہ کے لحاظ سے بالکل صحیح ہے۔

وہ لوگ جو نماز کو (اس کی شرائط کے ساتھ) ادا کرتے ہیں اور (غریبوں اور مسکینوں کو) زکٰوۃ دیتے رہتے ہیں اور اُخروی زندگی پر یقین رکھتے ہیں۔

یہ لوگ اپنے رب کی طرف سے آنے والی ہدایت پر بھی مضبوطی سے قائم ہیں اور ایسے ہی لوگ (ہر میدان میں) کامیاب[3] ہوں گے۔

[3] اَلْمُفْلِحُ کے معنے ہیں کامل طور پر کامیاب۔ اس لئے ہم نے ترجمہ ’’ہر میدان میں کامیاب‘‘ کے الفاظ سے کیا ہے۔

اور لوگوں میں سے بعض ایسے ہیں جو (اپنا روپیہ ضائع کرکے) کھیل تماشہ کی باتیں لیتے رہتے ہیں تاکہ بغیر علم کے لوگوں کو اللہ کے راستہ سے روکیں اور اس (یعنی اللہ کے راستہ) کو ہنسی کے قابل چیز بنا لیتے ہیں ان لوگوں کے لئے ذلت والا عذاب ہوگا۔

اور جب ایسے شخص کے سامنے[1] ہماری آیتیں پڑھی جاتی ہیں تو وہ تکبر کرتے ہوئے پیٹھ پھیر لیتا ہے گویا کہ اس نے ان کو سنا ہی نہیں (وہ اس حد تک بے پروائی کرتا ہے) گویا اس کے کانوں میں بہرہ پن ہے پس تو اس کو ایک دردناک عذاب کی اہم خبر سنا۔

[1] جس کا پہلی آیت میں ذکر ہوا ہے۔

یقیناً وہ لوگ جو ایمان لائے اور جنہوں نے اس کے مناسب حال عمل کیے ان کو نعمت والے باغات ملیں گے۔

جن میں وہ رہتے چلے جائیں گے۔ یہ اللہ کا کیا ہوا پختہ وعدہ ہے اور وہ غالب (اور) بڑی حکمت والا ہے۔

اس نے آسمانوں کو بغیر ستونوں کے پیدا کیا ہے۔ جیسا کہ تم دیکھتے ہو۔ اور زمین میں پہاڑ اس ڈر سے ڈال چھوڑے ہیں کہ وہ تمہارے سمیت شدید زلزلہ میں مبتلا [2]نہ ہو جائے اور اس میں ہر قسم کے جانور پھیلائے اور بادلوں سے پانی اتارا ہے۔ پھر اس میں ہر قسم کے عمدہ[3] جوڑے پیدا کیے ہیں۔

[2] قرآن مجیدنے مصدری مثبت جملہ استعمال کیا ہے۔ ہم نے ترجمہ میں مصدری منفی جملہ استعمال کیا ہے اور یہ عربی قاعدہ کے مطابق ہے۔ جس میں اَنْ کے بعد ’’نہ‘‘ کا نکالنا نحوی لوگ جائز قرار دیتے ہیں۔

[3] قرآن کریم میں لفظ اَ نْـبَتْـنَا ہے جس کے معنے اُگانے کے بھی ہیں اور بڑھانے کے بھی ہیں چونکہ آگے جوڑے کا ذکر آتا ہے اور قرآنی اصطلاح میں جوڑا جانوروں کے لئے بھی بولا جاتا ہے اور نباتات کے لئے بھی اس لئے ہم نے یہ ترجمہ کیا ہے کہ اس میں ہر قسم کے جوڑے پیدا کیے۔

یہ اللہ کی مخلوق ہے۔ پس تم مجھے دکھاؤ کہ اس کے سوا جن کو تم شریک قرار دیتے ہو۔ انہوں نے کیا پیدا کیا ہے (کچھ بھی نہیں) بلکہ حق یہ ہے کہ ظالم کھلی کھلی گمراہی میں ہیں۔

آج 10 میں سے 10 باقی