۳۱۔ سورۃ لقمان

تفسیر صغیر, حصہ 2

اور ہم نے لقمان کو حکمت دی تھی اور کہا تھا کہ اللہ کا شکر ادا کر۔ اور جو شخص بھی شکر کرتا ہے اس کے شکر کرنے کا فائدہ اسی کی جان کو پہنچتا ہے اور جو ناشکری کرتا ہے (اسے یاد رکھنا چاہیئے کہ) اللہ سب قسم کے شکروں سے بے نیاز ہے (اور) بڑی حمد والا ہے۔

اور (یاد کرو) جب لقمان نے اپنے بیٹے کو نصیحت کرتے ہوئے کہا اے میرے بیٹے! اللہ کا شریک کسی کو مت قرار دے شرک یقیناً بہت بڑا ظلم ہے۔

اور ہم نے یہ کہتے ہوئے کہ میرا اور اپنے والدین کا شکریہ ادا کر، انسان کو اپنے والدین کے متعلق (احسان کرنے کا) تاکیدی حکم دیا تھا (اور) اس کی ماں نے اسے کمزوری کے (ایک دور کے) بعد کمزوری (کے دوسرے دور) میں اٹھایا تھا۔ اور اس کا دودھ چھڑانا دو[1] سال کے عرصہ میں تھا (یاد رکھو کہ) میری ہی طرف (تجھ کو) لوٹ کر آنا ہوگا۔

[1] سورۂ احقاف میں کہا گیا ہے کہ حَمْلُہٗ وَفِصَالُہٗ ثَـلَا ثُوْنَ شَھْرًا (آیت۱۶) یعنی بچے کا پیٹ میں رہنا اور دودھ چھڑانا تیس مہینے کی مدت میں ختم ہوتا ہے لیکن یہاں دو سال کہا ہے۔ اس کا جواب یہ ہے کہ بعض بچے جلد پیدا ہو جاتے ہیں اور کمزور ہوتے ہیں۔ بعض زیادہ دن میں پیدا ہوتے ہیں اور مضبوط ہوتے ہیں۔ دوسری آیت میں بتایا ہے کہ جب بچہ کمزور ہو اور جلد پیدا ہو جائے تو اس کے دودھ پلانے کا عرصہ لمبا کر دیا جائے تاکہ وہ مضبوط ہو جائے۔

اور اگر وہ دونوں تجھ سے بحث کریں کہ تو کسی کو میرا شریک مقرر کر جس کا تجھے کوئی علم نہیں تو ان دونوں کی بات مت مانیو۔ ہاں دنیوی معاملات میں ان کے ساتھ نیک تعلقات قائم رکھیؤ اور اس شخص کے پیچھے چلیو جو میری طرف جھکتا ہے اور تم سب کا لوٹنا میری طرف ہی ہوگا۔ اس وقت میں تم کو تمہارے عمل سے خبردار کروں گا۔

(لقمان نے کہا کہ) اے میرے بیٹے بات یہ ہے کہ اگر ایک عمل رائی کے دانہ کے برابر بھی ہو پھر وہ (رائی کے برابر عمل کسی) پتھر میں یا آسمانوں میں یا زمین میں چھپا ہوا ہو تو اللہ اس کو ظاہر کر دے گا۔ اللہ باریک سے باریک راز کو پالینے والا اور بہت خبردار ہے۔

اے میرے بیٹے! نماز کو (تمام شرائط سے) قائم رکھ۔ اور معروف[1] باتوں کا حکم دیتا رہ اور ناپسندیدہ باتوں سے روکتا رہ اور جو (تنگی ترشی) تجھے پہنچے اس پر صبر سے کام لے یہ بات یقیناً نہایت ہی ہمت والے کاموں[2] میں سے ہے۔

[1] مَعْرُوْف یعنی وہ باتیں جو عرف عام میں اچھی سمجھی جاتی ہیں۔

[2] قرآن مجید میں مِنْ عَزْمِ الْاُمُوْرِ ہے۔ مگر محاورہ کے مطابق اس کے معنے اَ لْاُمُوْرُ الْمَعْزُوْمَۃُ کے ہیں۔ یعنی ایسے کاموں کے جن کے لئے کمر ہمت کسنی پڑتی ہے۔ یہ ترکیب ایسی ہے جیسی مَسْجِدُ الْجَامِعِ کی ترکیب ہے۔

اور اپنے گال لوگوں کے سامنے (غصہ سے) مت پھلا۔ اور زمین میں تکبر سے مت چل۔ اللہ یقیناً ہر شیخی کرنے والے اور فخر کرنے والے سے پیار نہیں کرتا۔

اور اپنی رفتار میں میانہ روی اختیار کر اور اپنی آواز کو دھیما رکھا کر (کیونکہ) آوازوں میں سے سب سے زیادہ ناپسندیدہ آواز گدھے کی آواز ہے (جو بہت اونچی ہوتی ہے)۔

کیا تم (لوگوں) نے نہیں دیکھا کہ اللہ نے جو کچھ آسمانوں میں ہے اور زمین میں ہے تمہاری خدمت میں لگایا ہوا ہے اور تم پر اپنی نعمتیں خواہ ظاہری ہوں یا باطنی پانی کی طرح بہادی ہیں اور لوگوں میں سے بعض ایسے ہیں جو بغیر علم اور بغیر ہدایت اور بغیر کسی روشن کتاب کی دلیل کے اللہ کے بارہ میں بحث کرتے ہیں۔

اور جب انہیں کہا جاتا ہے کہ جو کچھ اللہ نے اتارا ہے اس کی اتباع کرو۔ تو کہتے ہیں، نہیں! ہم تو اس کی اتباع کریں گے جس پر ہم نے اپنے باپ دادوں کو پایا ہے۔ کیا اگر شیطان (ان کے باپ دادوں کے ذریعہ سے) ان کو دوزخ کے عذاب کی طرف بلا رہا ہو (پھر بھی وہ ایسا کریں گے)۔

اور جو شخص اپنی توجہ کو اللہ کی طرف پھیر دیتا ہے اور وہ اپنے عمل میں بھی پورا [3]محتاط ہے تو وہ ایسا ہے کہ (گویا) اس نے ایک مضبوط کڑے[4] کو پکڑ لیا ہے اور اللہ کی طرف ہی تمام کاموں کا انجام پھرتا [5]ہے۔

[3] اَحْسَنَ کے معنے جَعَلَہٗ حَسَنًا کے ہیں (اقرب) یعنی پورا کام کیا ادھورا نہ چھوڑا۔

[4] عُرْوَۃٌ۔ چھاگل کے پیچھے جو ہتھی بنی ہوتی ہے اسے عُرْوَۃ کہتے ہیں۔

[5] یہاں ’’پھرتا ہے‘‘ کے الفاظ استعمال کیے گئے ہیں۔ جو اردو میں اس موقعہ پر استعمال نہیں ہوتے۔ مطلب یہ ہے کہ تمام کاموں کا انجام اللہ تعالیٰ کے ہاتھوں میں ہے اور انسان کی کوششیں اس میں بے نتیجہ رہتی ہیں۔

اور جو لوگ کفر کریں ان کا کفر تجھے غمگین نہ کرے۔ ان کو آخر ہماری[3] طرف ہی لوٹنا پڑے گا۔ پھر ہم ان کو ان کے اعمال کی حقیقت سے خبردار کریں گے۔ اللہ یقیناً سینہ کے اندر [4]کی سب باتوں کو جانتا ہے۔

[3] پہلے مَنْ آیا ہے اور واحد کے صیغے آئے ہیں۔ پھر جمع کا صیغہ ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ مَنْ کی طرف معنوں کے لحاظ سے جمع کی ضمیر پھیرنی جائز ہے اور لفظ کے لحاظ سے واحد کی ضمیر پھیرنی جائز ہے۔

[4] اردو میں جن کو ’’دلی خیالات‘‘ کہتے ہیں عربی میں ان کے لئے ’’سینہ کی باتوں‘‘ کا محاورہ آتا ہے۔ اسی طرح دماغ میں جو خیالات آتے ہیں عربی میں ان کے لئے بھی ’’سینہ کی باتوں‘‘ کا محاورہ استعمال ہوتا ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی