۳۱۔ سورۃ لقمان
تفسیر صغیر, حصہ 3
ہم ان کو کچھ عرصہ تک دنیوی فائدہ پہنچائیں گے۔ پھر ہم ان کو مجبور کرکے بڑے سخت عذاب[5] کی طرف لے جائیں گے۔
[5] قرآن مجید میں لفظ غلیظ ہے جس کا ترجمہ اردو میں ’’گاڑھا‘‘ ہوتا ہے۔ مگر اردو میں ’’گاڑھا عذاب‘‘ نہیں کہتے۔ ’’سخت عذاب‘‘ کہتے ہیں۔ عربی میں ’’گاڑھا عذاب‘‘ کہتے ہیں یعنی ایسا عذاب جس میں سے آدمی نکل نہ سکے۔ اس لئے ہم نے ترجمہ ’’سخت عذاب‘‘ کیا ہے۔
اور اگر تو ان سے پوچھے کہ آسمانوں اور زمین کو کس نے پیدا کیا ہے تو وہ ضرور کہیں گے اللہ نے۔ تو اُن سے کہہ (ٹھیک ہے) سب تعریف اللہ ہی کی ہے مگر ان (منکروں) میں سے اکثر یہ بات نہیں جانتے۔
آسمانوں اور زمین میں جو کچھ ہے اللہ ہی کا ہے۔ اللہ ہی یقیناً وہ (ذات) ہے جو (ہر عبادت اور تعریف سے) بے نیاز ہے (مگر ساتھ ہی) وہ سب تعریفوں کا بھی مستحق ہے۔
اور اگر زمین میں جتنے درخت ہیں ان کی قلمیں بن جائیں اور سمندر سیاہی سے بھرا ہوا ہو۔ اس طرح کہ سات اور سیاہی کے سمندر اس میں ملا دئے جائیں تو بھی اللہ کے نشان[1] ختم نہیں ہوں گے۔ اللہ یقیناً غالب (اور) بڑی حکمتوں والا ہے۔
[1] کَلِمَۃٌ بمعنے آیت ہے۔
تم سب کی پیدائش اور تمہارا زندہ کرکے اٹھایا جانا صرف ایک شخص کی پیدائش کی طرح ہے اللہ یقیناً بہت سننے والا (اور) بہت دیکھنے والا ہے۔
کیا تو نے دیکھا نہیں کہ اللہ رات کو دن میں داخل کر دیتا ہے اور دن کو رات میں داخل کر دیتا ہے اور سورج اور چاند کو اس نے خدمت پر لگا چھوڑا ہے۔ ان میں سے ہر ایک مدت مقررہ تک کے لئے چلتا چلا جاتا ہے اور اللہ تمہارے اعمال سے اچھی طرح واقف ہے۔
یہ سب کچھ اس لئے ہو رہا ہے کہ اللہ کی ذات سچی اور قائم رہنے والی ہے اور اس لئے کہ جن کو وہ لوگ اس کے سوا پکارتے ہیں وہ جھوٹے[2] اور فنا ہونے والے ہیں اور اللہ یقیناً بہت بلند اور وسیع شان والا ہے۔
[2] بَاطِلٌ کے معنے جھوٹے کے بھی ہیں اور تباہ ہونے والے کے بھی۔ چونکہ یہ حقّ کے مقابلہ کا لفظ ہے، اس لئے باطل کے ہم نے وہی دونوں معنے کیے ہیں جو حقّ کے مقابل کے ہیں۔
کیا تو نے دیکھا نہیں کہ کشتیاں اللہ کی نعمت[3] کے ساتھ سمندر میں چلتی ہیں تا کہ وہ تم کو اپنے نشانات دکھائے۔ اس میں ہر بڑے صابر[4] اور ہر بڑے شکر گذار بندے کے لئے بہت سے نشان ہیں۔
[3] نعمت سے مراد انسانوں کے کام آنے والا وہ سامان ہے جس کو لے کر جہاز مختلف ملکوں کی طرف جاتے رہتے ہیں۔
[4] صَبَّار صَابِر سے مبالغہ کا صیغہ ہے اور شَکُوْر شَاکِر سے مبالغہ کا صیغہ ہے۔
اور جب انہیں کوئی موج سایہ کی طرح ڈھانک لیتی ہے تو وہ عبادت کو صرف اللہ کے لئے مخصوص کرتے ہوئے اس کو پکارتے ہیں۔ پھر جب وہ انہیں خشکی کی طرف نجات دے دیتا ہے تو ان میں سے کچھ لوگ میانہ روی پر قائم رہتے ہیں (اور کچھ پھر وہی ظلم اور شرک کرنے لگ جاتے ہیں) اور ہماری آیتوں کا انکار صرف بدعہد[1] اور ناشکرا ہی کرتا ہے۔
[1] خَتَّار: کے معنے لغت میں بدعہد کے لکھے ہیں۔
اے لوگو! اپنے رب کا تقویٰ اختیار کرو اور اس دن سے ڈرو جس دن کوئی باپ بھی اپنے بیٹے کے کام نہ آسکے گا اور نہ کوئی بیٹا اپنے باپ کے کام آسکے گا۔ اللہ کا وعدہ ضرور پورا ہو کر رہتا ہے۔ پس دنیا کی زندگی تم کو دھوکا میں نہ ڈال دے اور نہ دھوکا دینے والا شیطان تم کو اللہ کے بارے میں دھوکا میں ڈالے۔
قیامت (یا کسی قوم کے آخری فیصلہ) کا علم اللہ ہی کو ہے اور وہی بارش نازل کرتا ہے اور رحموں میں جو کچھ ہے اسے جانتا ہے اور کوئی شخص نہیں جانتا کہ کل وہ کیا عمل کرے گا اور نہ کوئی شخص جانتا ہے کہ وہ کس زمین میں مرے گا۔ اللہ ہی یقیناً جاننے والا (اور) خبر رکھنے والا ہے۔