۳۲۔ سورۃ السجدة

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

میں اللہ ہوں جو سب سے زیادہ جانتا ہوں۔

اس کتاب کا (جس کی یہ ایک سورۃ ہے) رب العالمین کی طرف سے اتارا جانا ایک یقینی بات ہے، جس میں کوئی شبہ نہیں۔

کیا وہ لوگ کہتے ہیں کہ اس شخص (یعنی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم) نے اس کو اپنے پاس سے بنا لیا ہے۔ ایسا نہیں بلکہ یہ کتاب تیرے رب کی طرف سے نازل ہونے والی (اور قائم رہنے والی) کتاب ہے۔ تا کہ تو اس قوم کو ہشیار کرے جن کے پاس تجھ سے پہلے کوئی رسول نہیں آیا تا کہ وہ ہدایت پائیں۔

اللہ وہ ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو اور جو کچھ ان دونوں کے درمیان ہے، اس سب کو چھ[1] وقتوں میں پیدا کیا۔ اس کے بعد وہ عرش حکومت پر مضبوطی سے قائم ہو گیا، تمہارا اس (خدا) کے سوا نہ کوئی حقیقی دوست ہے، نہ سفارشی کیا تم نصیحت حاصل نہیں کرتے۔

[1] یعنی چھ زمانوں میں یا چھ عظیم الشان تغیرات سے اس دنیا کی پیدائش ہوئی۔ یہ نہیں بتایا کہ ہر زمانہ کتنا لمبا تھا۔ یوم کے معنے عربی زبان میں زمانہ کے بھی ہوتے ہیں۔ لوگوں نے غلطی سے یوم کے معنی سورج نکلنے سے سورج غروب ہونے تک کا وقت سمجھ لیا ہے۔ حالانکہ لغت میں لکھا ہے یوم کے معنی ہیں اَلْوَقْتُ مُطْلَقًا یعنی زمانہ خواہ وہ کروڑ سال کا ہو یا ارب سال کا ہو یا اس سے بھی زیادہ ہو یَـوْمٌ کہلاتا ہے۔
آیت کا مطلب یہ ہے کہ چھ دوروں میں خواہ ہر دور کتنا ہی لمبا ہو زمین اور آسمان کی پیدائش کی گئی۔ اور ساتواں دور تکمیل پیدائش کا آیا۔ جب اللہ تعالیٰ نے عرش پر سے اپنے قانون کو نازل کرنا شروع کیا۔ گویا اس کی بادشاہت نے ظاہری طور پر مکمل صورت اختیار کر لی اور پیدائش کا مقصد پورا ہو گیا۔

وہ آسمان سے زمین تک اپنے حکم کو اپنی تدبیر کے مطابق قائم کرے گا۔ پھر وہ اس کی طرف ایک ایسے وقت میں جس کی مقدار ایسے ہزار[1] سال کی ہے جس کے مطابق تم دنیا میں گنتی کرتے ہو چڑھنا شروع کرے گا۔

[1] بہائی لوگ اس آیت کے غلط معنے کرکے مسلمانوں کو بہکاتے ہیں وہ کہتے ہیں کہ اسلام کی زندگی صرف ایک ہزار سال ہے پھر وہ منسوخ ہو جائے گا اور بہائی مذہب اس کی جگہ لے لے گا۔ حالانکہ آیت کے معنی صاف ہیں کہ اسلام ہزار سال میں آسمان پر چڑھے گا۔ اس کے معنے منسوخ ہونے کے نہیں ہو سکتے۔ کیونکہ منسوخ تو ایک آیت سے ایک منٹ میں ہو جاتا ہے۔ درحقیقت اس آیت میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہزار سال تک مسلمان دنیا میں کمزور ہوتے جائیں گے۔ اس کے بعد محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیشگوئیوں کے مطابق اسلام کو قائم کرنے والا مامور آجائے گا۔ اور اسلام پھر مضبوطی سے قائم ہو جائے گا۔ چنانچہ اسی سورت میں آیت۱۰ میں لکھا ہے کہ خداتعالیٰ بعض وجودوں کو چن کر ان میں کلام الٰہی ڈالتا ہے۔

یہ غیب اور حاضر کا جاننے والا (خدا) ہے جو غالب (اور) باربار رحم کرنے والا[2] ہے۔

[2] یعنی وہ اسلام کو دوبارہ زندہ کرے گا۔

جس نے جو کچھ بھی پیدا کیا ہے اعلیٰ طاقتوں سے پیدا کیا ہے اور انسان کو گیلی مٹی سے پیدا کیا ہے۔

پھر اس کی نسل کو ایک حقیر سیال چیز کے خلاصہ (یعنی نطفہ) سے پیدا کیا ہے۔

پھر اس کو مکمل طاقتیں دیں اور اس میں اپنی طرف سے روح [3]ڈالی اور تمہارے لئے کان، اور آنکھ، اور دل بنائے۔ مگر تم بالکل شکر نہیں کرتے۔

[3] یعنی تکمیل جسم کے بعد جسمانی روح ڈالی اور تکمیل روحانیت کے بعد کلام الٰہی اس پر نازل کیا۔

اور وہ کہتے ہیں کہ کیا جب ہم زمین میں کھوئے جائیں گے تو ہمیں ایک نئی مخلوق کی شکل میں کھڑا کر دیا جائے گا (یہ لوگ اس نئی پیدائش کے منکر نہیں) بلکہ اپنے رب کی ملاقات کے منکر[4] ہیں۔

[4] یعنی اگر خالی مرنے کے بعد اٹھنے کی تعلیم ہوتی تو بڑے شوق سے مان لیتے مگر چونکہ خداتعالیٰ کے سامنے پیش ہونے اور جزا سزا کا ذکر ہے اس لئے منکر ہوتے ہیں۔

تو کہہ کہ وہ موت کا فرشتہ جو تم پر مقرر کیا گیا ہے، ضرور تمہاری روح قبض کرے گا۔ پھر تم اپنے رب کی طرف لوٹائے جاؤ گے۔

آج 10 میں سے 10 باقی