۳۲۔ سورۃ السجدة
تفسیر صغیر, حصہ 2
اور اگر تجھے وہ حالت معلوم[1] ہو جائے جب کہ مجرم اپنے رب کے سامنے اپنا سر[2] ڈالے کھڑے ہوں گے اور کہہ رہے ہوں گے اے ہمارے رب! ہم نے (جو کچھ تو نے کہا تھا) دیکھ لیا اور سن لیا۔ پس اب تو ہمیں واپس لوٹا دے تا کہ تیرے حکم کے مطابق عمل کریں۔ ہم اب تیری بات پر پوری طرح یقین کر چکے ہیں[3]۔
[1] رَاٰی کے بعد جب دو مفعول آئیں تو وہاں دل کا دیکھنا مراد ہوتا ہے نہ کہ آنکھوں کا۔ اس وجہ سے ہم نے ’’معلوم ہو جائے‘‘ ترجمہ کیا ہے دیکھنا نہیں کیا۔
[2] عربی میں رُءُ وْ س کا لفظ جمع آیا ہے مگر اردو میں اس موقعہ پر مفرد استعمال کرتے ہیں وہی ہم نے کیا ہے۔
[3] عربی میں بعض دفعہ شرط ظاہر کی جاتی ہے اور جزا محذوف کر دی جاتی ہے اس جگہ بھی ایسا ہی ہے اور مراد یہ ہے کہ اگر اس وقت کا نظارہ تیرے ذہن میں آجائے تو تجھے معلوم ہو جائے گا کہ وہ نہایت ہی ذلت اور شرمندگی محسوس کر رہے ہوں گے۔
اور اگر ہم چاہتے تو ہر شخص کو اس کے مناسب حال ہدایت دیتے[4]۔ لیکن میری بات پوری ہوگئی کہ میں ضرور جہنم کو جنوں اور انسانوں سے پر کروں گا۔
[4] عربی الفاظ کے معنے یہ ہیں کہ ہم اسے اس کی ہدایت دیتے مگر مطلب یہ ہے کہ اس کے مناسب حال ہدایت دیتے۔
پس آج کے دن کی ملاقات کو بھول جانے کی وجہ سے اور اپنے عملوں کی وجہ سے دیر پا عذاب کا مزہ چکھو اور (یاد رکھو کہ) ہم نے بھی (آج) تم کو اپنے ذہن سے اتار دیا ہے (یعنی تمہاری پروا کرنی چھوڑ دی ہے)۔
ہماری آیتوں پر تو وہی لوگ ایمان لاتے ہیں کہ جب ان کو ان کے متعلق یاد دلایا جاتا ہے تو وہ سجدہ کرتے ہوئے زمین پر گر جاتے ہیں اور اپنے رب کی تعریف اور تسبیح کرتے ہیں اور تکبر نہیں کرتے۔
(اور) اُن (مومنوں) کے پہلو ان کے بستروں سے الگ ہو جاتے ہیں (یعنی تہجد کی نماز پڑھنے کے لئے) (اور) وہ اپنے رب کو اس کے عذابوں سے بچنے کے لئے اور اس کی رحمتوں کو حاصل کرنے کے لئے پکارتے ہیں اور جو کچھ ہم نے ان کو دیا ہے اس میں سے خدا کی راہ میں خرچ کرتے رہتے ہیں۔
اور[1] (حقیقت یہ ہے کہ) کوئی شخص نہیں جانتا کہ ان (مومنوں) کے لئے ان کے اعمال کے بدلہ کے طور پر کیا کیا آنکھیں ٹھنڈی کرنے والی چیزیں چھپا کر رکھی گئی ہیں۔
[1] یہاں پر فَاء ہے ہم نے اس کے معنے ’’اور‘‘ کے کیے ہیں کیونکہ عربی کے لحاظ سے یہ جائز ہے۔
کیا جو شخص مومن ہو اس کی طرح ہو سکتا ہے جو اطاعت سے باہر نکل جائے ایسے لوگ ہرگز برابر نہیں ہو سکتے۔
وہ لوگ جو ایمان لائے ہیں اور اس کے مطابق انہوں نے عمل کیے ہیں انہیں رہائش کے قابل جنتیں ملیں گی۔ یہ ان کے اعمال کے مطابق مہمان داری ہوگی۔
اور جو لوگ اطاعت سے نکل گئے ہیں ان کو رہنے کے لئے دوزخ ملے گی۔ جب کبھی اس سے نکلنے کا ارادہ کریں گے اسی کی طرف واپس کر دئیے جائیں گے اور اُن سے کہا جائے گا کہ اب دوزخ کا وہ عذاب چکھو جس کو تم جھٹلایا کرتے تھے۔
اور اس بڑے آنے والے عذاب سے پہلے ہم (اس دنیا کا) چھوٹا عذاب بھی ان کو چکھائیں گے تاکہ وہ لوٹیں (اور توبہ کریں اور اخروی عذاب سے بچ جائیں)۔
اور جس کو اس کے رب کی آیات یاد دلائی جائیں پھر بھی وہ ان سے اعراض کرے اس سے زیادہ ظالم کون ہو سکتا ہے۔ ہم یقیناً مجرموں سے بدلہ لیں گے۔
اور ہم نے موسیٰ کو کتاب دی تھی پس تو بھی ایک مکمل کتاب کے ملنے کے متعلق شبہ نہ کر اور ہم نے اس (کتاب) کو بنی اسرائیل کے لئے ہدایت بنایا تھا۔