۳۲۔ سورۃ السجدة

تفسیر صغیر, حصہ 3

اور ہم نے ان میں سے امام [1]بنائے تھے جو کہ ہمارے حکم کے ساتھ لوگوں کو ہدایت دیتے تھے۔ اس وجہ سے کہ انہوں نے استقلال [2]سے کام لیا اور وہ لوگ ہماری آیتوں پر مکمل یقین رکھتے تھے۔

[1] یعنی وہ مامور تھے اور اللہ تعالیٰ کی وحی ان پر نازل ہوتی تھی کہ لوگوں کو ہدایت کی طرف لاؤ۔

[2] صَبْرٌ کے معنی استقلال کے ہوتے ہیں یعنی جب کبھی دنیا میں خرابی پیدا ہوئی اور بعض لوگوں نے خدا کی کتاب کی تبلیغ شروع کی تو جو لوگ خراب ہو گئے تھے انہوں نے ان پر ظلم کرنے شروع کیے۔ مگر وہ اپنی تعلیم اور تبلیغ پر قائم رہے اور انہوں نے ظلم برداشت کیے۔ آخر ان کی اس قربانی کو دیکھ کر خداتعالیٰ نے ان پر وحی نازل کی اور اپنے زمانہ کے لئے ان کو امام بنا دیا۔ تاکہ جو کام پہلے وہ اپنے شوق سے کرتے تھے اب خدا کی وحی کے مطابق کرنے لگ جائیں گویا آسمانی بادشاہت کے ایک افسر بن جائیں۔

تیرا رب تو وہ ہے جو (ان کلام الٰہی کے پہنچانے والوں اور) ان کے (منکروں کے) درمیان قیامت کے دن فیصلہ کرے گا۔ ہر اس امر کے متعلق جس میں وہ اختلاف کیا کرتے تھے۔

کیا اُن کو اس بات نے ہدایت نہیں دی کہ ہم نے بہت سے زمانوں کے لوگوں کو ان سے پہلے ہلاک کر دیا تھا (اور اب) یہ لوگ انہی کے گھروں میں چلتے پھرتے ہیں۔ اس میں یقیناً بہت سے نشان ہیں مگر کیا وہ سنتے نہیں؟

کیا انہوں نے نہیں دیکھا کہ ہم ایک بنجر زمین کی طرف پانی کو ہانک کر لے جاتے ہیں پھر اس (پانی) کے ذریعہ سے کھیتی نکالتے ہیں جس سے ان کے جانور بھی کھاتے ہیں اور وہ خود بھی کھاتے ہیں کیا وہ دیکھتے نہیں؟

اور وہ کہتے ہیں کہ یہ فتح [1]جس کا تم ذکر کرتے ہو اگر تم سچے ہو تو بتاؤ کہ کب ہوگی۔

[1] فتح سے مراد کفار کی اس تباہی کی خبر ہے جس کا پہلے ذکر ہو چکا ہے کہ اُخروی عذاب سے پہلے اس دنیا میں بھی ان پر عذاب آئے گا۔ تاکہ وہ نصیحت حاصل کر لیں اور پھر آیت۲۷ میں کہا گیا ہے کہ ان سے پہلے زمانہ کے لوگوں کو بھی ہلاک کیا گیا تھا۔ کیا یہ ان سے نصیحت حاصل نہیں کرتے کہ ان کی باری بھی آنے والی ہے، ان کا ملک ان کو ملا ہے تو ویسے ہی اعمال کرنے پر سزا بھی تو ان کو ملے گی۔

تو کہہ دے کہ اس[2] فتح کے دن کفار کو ان کا ایمان نفع نہیں دے گا اور نہ ان کو ڈھیل دی جائے گی۔

[2] فتح کے وقت ایمان لانے والے لوگ کچھ دنیوی فائدے تو اٹھا لیتے ہیں مگر اخروی انعامات ان کو کم ملتے ہیں۔ سوائے اس کے کہ وہ عمل میں بہت زیادہ بڑھ جائیں اور دیر لگانے کا کفارہ کر دیں۔

پس تو ان سے اعراض کر اور (ان کے انجام کا) انتظار کر، وہ بھی کچھ عرصہ تک ابھی اور انتظار کریں گے۔

آج 10 میں سے 10 باقی