۳۳۔ سورۃ الأحزاب
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
اے نبی! اللہ کا تقویٰ اختیار کر اور کافروں اور منافقوں کی بات نہ مان۔ اللہ یقیناً بہت جاننے والا (اور) بہت حکمت والا ہے۔
اور (صرف) اُس وحی کی پیروی کر جو تیرے رب کی طرف سے تجھ پر نازل کی جاتی ہے۔ اللہ تمہارے اعمال سے خوب واقف ہے۔
اور اللہ پر توکل کر اور اللہ کارساز ہونے کے لحاظ سے کافی ہے۔
اللہ نے کسی مرد کے سینہ میں دو دل نہیں بنائے اور نہ تمہاری بیویوں کو جن کو تم (بعض دفعہ) ماں کہہ بیٹھتے ہو تمہاری مائیں بنایا ہے اور نہ تمہارے لے پالکوں کو تمہارا بیٹا بنایا ہے۔ یہ سب تمہاری زبانی باتیں ہیں اور اللہ ہی سچی بات کہتا ہے اور وہی سیدھا راستہ دکھاتا ہے۔
(چاہیے کہ) ان (لے پالکوں) کو ان کے باپوں کا بیٹا کہہ کر پکارو۔ یہ اللہ کے نزدیک زیادہ منصفانہ فعل ہے اور اگر تم کو معلوم نہ ہو کہ ان کے باپ کون ہیں تو (بہرحال) وہ تمہارے دینی بھائی ہیں اور دینی دوست ہیں اور جو تم غلطی سے پہلے کر چکے ہو اس کے متعلق تم پر کوئی گناہ نہیں، لیکن جس بات پر تمہارے دل پختہ ارادہ کر بیٹھے ہوں (وہ قابل سزا ہے) اور اللہ (ہرتوبہ کرنے والے کے لئے) بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
نبی مومنوں سے ان کی اپنی جانوں کی نسبت بھی زیادہ قریب [1]ہے اور اس کی بیویاں ان کی مائیں ہیں اور رحمی رشتہ داروں میں سے اللہ کی کتاب کے مطابق بعض بعض سے زیادہ قریبی ہیں۔ بہ نسبت (غیر رشتہ دار) مومنوں اور مہاجروں کے ہاں تمہارا اپنے دوستوں سے نیک سلوک کرنا (جائز ہے) یہ بات قرآن میں لکھی جا چکی ہے۔
[1] اس سے مراد یہ ہے کہ اپنے رشتہ داروں کی جو باتیں بتانا انسان کے لئے جائز نہیں اور جن باتوں کو چھپانا انسان کے لئے جائز ہے اس سے بڑھ کر نبی کے معاملہ میں احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسی لئے اللہ تعالیٰ نے نبی کو باپ اور اس کی بیویوں کو مائیں قرار دیا ہے کیونکہ اگر اس طرح نبی اور اس کی بیویوں کو باقی مومنوں سے ممتاز درجہ نہ دیا جاتا تو جن باتوں کا چھپانا مقصود تھا وہ چھپائی نہ جاتیں اور جن باتوں کو ظاہر کرنا مقصود تھا وہ ظاہر نہ ہوتیں۔ تاریخ سے ثابت ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بیویوں نے آپ کے کوئی حالات نہیں چھپائے۔ پس اس سے یہ مرادنہیں کہ نبی کوئی گناہ کرتا ہے جس کو چھپانا مقصود ہوتا ہے بلکہ اصل مقصود یہ ہے کہ اگر نبی کے تمام اعمال کا امت کو پتہ لگ جائے جو وہ اپنے گھر میں کرتا تھا جن کو اس کی بیویوں کے سوا کوئی نہیں جانتا تھا، تو امت ان کی نقل کی کوشش کرکے مشکلات میں مبتلا ہو جائے گی۔
اور (یاد کرو) جب کہ ہم نے نبیوں سے ان پر عائد کردہ ایک خاص بات کا وعدہ لیا تھا اور تجھ سے بھی (وعدہ لیا تھا) اور نوح اور ابراہیم اور موسیٰ اور عیسیٰ ابن مریم سے بھی اور ہم نے ان سب سے پختہ [2]عہد لیا تھا۔
[2] اس میں سورۃ آل عمران کی آیت۸۲ کی طرف اشارہ ہے کہ ہر نبی کو اس کے بعد آنے والے نبی کی بشارت دی گئی تھی اور اس کی قوم پر واجب کیا گیا تھا کہ اس پر ایمان لائے۔
تا کہ اللہ سچوں سے ان کے سچ کے متعلق سوال کرے اور کافروں کے لئے اس نے ایک دردناک عذاب تیار کیا ہے۔
اے مومنو! اللہ کی اس نعمت کو یاد کرو جو اس نے تم پر اس وقت کی جبکہ تم پر کچھ لشکر چڑھ آئے تھے اور ہم نے ان کی طرف ایک ہوا [1]بھیجی تھی اور ایسے لشکر بھیجے تھے جن کو تم نہیں دیکھتے تھے اور اللہ تمہارے اعمال کو خوب دیکھتا ہے۔
[1] اس میں غزوۂ احزاب کا ذکر ہے جبکہ عین اس دن جب دشمن غالب آنے کا امیدوار تھا تیز ہوا چلی اور رات کو مختلف کیمپوں کی آگیں بجھ گئیں جسے عرب لوگ منحوس خیال کرتے تھے اسے دیکھ کر دیوانہ وار سب جرنیل اپنے قبیلوں کو لے کر بھاگ گئے اور مسلمان ان کی یورش سے محفوظ ہو گئے۔
(ہاں! اس وقت کو یاد کرو) جبکہ تمہارے مخالف تمہاری اوپر کی طرف سے بھی (یعنی پہاڑی کی طرف سے بھی) اور نیچے کی طرف سے بھی (یعنی نشیب کی طرف سے بھی) آگئے تھے اور جبکہ آنکھیں گھبرا کر ٹیڑھی ہو گئی تھیں اور دل دھڑکتے ہوئے حلق تک آگئے تھے اور تم اللہ کے متعلق مختلف شکوک میں مبتلا ہو گئے تھے۔
اس وقت مومن ایک (بڑے) ابتلا میں ڈال دئیے گئے تھے اور سخت ہلا دئیے گئے تھے۔