۳۳۔ سورۃ الأحزاب
تفسیر صغیر, حصہ 2
اور (اس وقت کو بھی یاد کرو) جبکہ منافق اور جن لوگوں کے دلوں میں بیماری تھی، کہنے لگ گئے تھے کہ اللہ اور اس کے رسول نے ہم سے صرف ایک جھوٹا وعدہ کیا تھا۔
اور جبکہ ان سے ایک گروہ یہ بھی کہنے لگ گیا تھا کہ اے مدینہ کے لوگو! (اب) تمہارے لئے کوئی ٹھکانا نہیں پس (اسلام سے) مرتد ہو جاؤ، اور ان میں سے ایک گروہ نبی سے اجازت مانگنے لگ گیا تھا اور کہنے لگ گیا تھا کہ ہمارے گھر دشمن کی زد میں ہیں حالانکہ وہ دشمن کی زد میں نہیں تھے وہ صرف بھاگنے کا ارادہ کر رہے تھے۔
اور اگر مدینہ کی مختلف طرفوں سے ان پر (فوجیں) داخل کر دی جائیں اور پھر ان سے (کافروں کی طرف سے) ارتداد کا مطالبہ کیا جائے تو یہ ضرور اس مطالبہ کو قبول کر لیں گے۔ لیکن[1] وہ اس (یعنی مدینہ) میں (اس کے بعد) تھوڑا سا ہی رہنے[2] پائیں گے۔
[1] واؤ بمعنی لیکن بھی آتا ہے۔
[2] یعنی باوجود ارتداد کے کفار ان کو چھوڑیں گے نہیں، کیونکہ ان کے دل میں ہر مسلمان کہلانے والے کا بغض ہے خواہ وہ منافق ہی ہو۔
اور (حقیقت یہ ہے کہ) اس سے پہلے ان (منافقوں) نے اللہ سے عہد کیا تھا کہ وہ کبھی پیٹھ نہ پھیریں گے (اور ثابت قدم رہیں گے) اور اللہ سے باندھے جانے والے عہد کے متعلق ضرور سوال کیا جائے گا۔
تو ان سے کہہ دے کہ اگر تم موت یا قتل سے بھاگو گے تو تمہارا بھاگنا تمہیں ہر گز نفع نہیں دے گا اور اس صورت میں تم کوئی فائدہ [3]نہیں اٹھاؤ گے۔
[3] یعنی اگر تم بھاگو گے تو یا تو کفار تمہیں قتل کر دیں گے یا خداتعالیٰ اسلام کو پھر جلد غلبہ دے دے گا اور مسلمان تمہیں سزا دیں گے جیسا کہ اگلی آیت سے ظاہر ہے۔
تو کہہ دے کہ وہ کون ہے جو تمہیں اللہ کی گرفت سے اگر وہ تمہیں سزا دینا چاہے بچائے گا۔ یا اگر وہ تم پر رحم کرنا چاہے (تو اس سے تمہیں محروم کر سکے گا) وہ اللہ کے سوا اپنے لئے نہ کوئی حقیقی دوست پائیں گے اور نہ مددگار۔ (یعنی جب بھی کام آئے گا خدا ہی آئے گا)
اللہ ان لوگوں کو پوری طرح جانتا ہے جو تم میں سے دوسروں کو (جہاد سے) پیچھے ہٹاتے تھے۔ اور اپنے بھائیوں سے کہتے تھے کہ ہماری طرف آؤ (اور جہاد میں شامل نہ ہو) اور وہ خود بھی دشمن سے بالکل جنگ [4]نہ کرتے تھے۔
[4] یہاں قلیل کا لفظ ہے۔ لیکن ہم پہلے بتا چکے ہیں کہ قلیل کا لفظ عربی میں بالکل نفی کے لئے آتا ہے۔
وہ تمہارے متعلق بہت بخل رکھنے والے ہیں (یعنی کبھی نہیں چاہتے کہ تمہیں کوئی خیر پہنچے) اور جب ان پر کوئی خوف کا وقت آئے تو تو انہیں دیکھے گا کہ وہ تیری طرف اس طرح دیکھتے ہیں کہ ان کے ڈیلے چکر کھا رہے ہوتے ہیں بالکل اس شخص کی طرح جو موت کی غشی میں مبتلا ہو۔ پھر جب خوف کا وقت جاتا رہتا ہے تو وہ تم پر تلوار کی طرح کاٹنے والی زبان چلاتے [1]ہیں وہ ہر خیر کے متعلق بخیل ہیں (اور چاہتے ہیں کہ تم کو نہ ملے) یہ لوگ (درحقیقت) ایمان لائے ہی نہ تھے۔ سو اللہ نے ان کی سب کوششیں ضائع کر دیں، (جو وہ اسلام کے خلاف کرتے تھے) اور اللہ پر یہ بات بالکل آسان تھی۔
[1] یعنی طعنہ دیتے ہیں۔
(اور) یہ لوگ تو اب بھی امید رکھتے ہیں کہ (کاش) (کفار کا) لشکر ابھی گیا نہ ہو حالانکہ اگر (کفار کا) لشکر واپس آجائے تو (بجائے ان کے آنے پر خوش ہونے کے) یہ لوگ خواہش کریں گے کہ کاش وہ جنگلی لوگوں میں رہ رہے ہوتے (اور اے مومنو)! تمہارے متعلق (لوگوں سے) دریافت کر رہے ہوتے (کہ ابھی زندہ ہیں یا تباہ ہو چکے ہیں) اور اگر یہ (ضرورت کے موقعہ پر) تمہارے ساتھ رہتے تو تب بھی تمہاری طرف سے بالکل نہ لڑتے۔
تمہارے لئے (یعنی ان لوگوں کے لئے) جو اللہ اور اخروی دن سے ملنے کی امید رکھتے ہیں اور اللہ کا بہت ذکر کرتے ہیں۔ اللہ کے رسول میں ایک اعلیٰ نمونہ ہے (جس کی انہیں پیروی کرنی چاہیئے)۔
چنانچہ [2](دیکھو) جب حقیقی مومنوں نے حملہ آور لشکروں کو دیکھا تو کہا یہ تو وہی[3] (لشکر) ہیں جن کا اللہ اور اس کے رسول نے ہم سے وعدہ کیا تھا اور اللہ اور اس کے رسول نے بالکل سچ بولا تھا اور ان کو اس واقعہ نے ایمان اور اطاعت میں ہی بڑھایا (کمزور نہیں کیا)۔
[2] واؤ بعض دفعہ دوران کلام میں چنانچہ کے معنی بھی دے دیتی ہے۔
[3] قرآن کریم میں احزاب کے حملہ کی پہلے سے خبر تھی۔ اسی کی طرف اشارہ ہے (دیکھئے سورۃ قمر آیت۴۶، سورۃ صٓ آیت۱۲)
ان مومنوں سے کچھ لوگ ایسے ہیں جنہوں نے اس وعدہ کو جو انہوں نے اللہ سے کیا تھا سچا کر دیا۔ پس بعض تو ایسے ہیں جنہوں نے اپنی نیت کو پورا کر دیا (یعنی لڑتے لڑتے مارے گئے) اور ان میں سے بعض ایسے بھی ہیں جو ابھی انتظار کر رہے ہیں اور اپنے ارادہ میں کوئی تزلزل انہوں نے نہیں آنے دیا۔