۳۴۔ سورۃ سبإ

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

سب تعریف اللہ ہی کی ہے (اور) جو آسمانوں اور زمین میں ہے، (سب) اسی کا ہے اور (جس طرح ابتدا [1]میں وہ حمد کا مستحق ہے) انجام کار بھی وہی حمد کا مستحق ہوتا ہے اور وہ بڑی حکمتوں[2] کا مالک ہے (اور) ہر چیز سے خبردار ہے۔

[1] قرآن کریم میں ابتدا کا لفظ نہیں صرف آخرت کا ہے مگر عربی زبان کا قاعدہ ہے کہ جو لفظ بالمقابل ہوں ان میں سے ایک کو حذف کر دیتے ہیں اور بعد میں عبارت سے اس کو نکال لیتے ہیں۔ چونکہ یہاں آخرت کا لفظ موجود تھا ہم نے ابتدا کا لفظ نکال لیا۔

[2] یعنی خداتعالیٰ نے کلام کے نازل کرنے میں بڑی حکمت رکھی ہے کیونکہ اس کے ذریعہ سے انسان ہدایت پاتا ہے اور اللہ تعالیٰ تک پہنچتا ہے اور وہ ہر چیز سے خبردار ہے یعنی اس کو پتہ تھا کہ انسان بغیر خدا کی ہدایت کے کمال تک نہیں پہنچ سکتا۔

جو کچھ زمین میں داخل[3] ہوتا ہے اسے بھی وہ جانتا ہے اور جو کچھ اس سے نکلتا ہے، اسے بھی جانتا ہے نیز اسے بھی جو آسمان سے اترتا ہے اور اسے بھی جو آسمان کی طرف چڑھتا ہے اور وہ باربار رحم کرنے والا (اور) بہت بخشنے والا ہے۔

[3] یعنی زمین کے اندر رہنے والے جانوروں اور اس سے نکلنے والے جانوروں سب کو جانتا ہے اسی طرح تنزل کرنے والی قوموں کو بھی جانتا ہے جو اوپر سے نیچے گر رہی ہوتی ہیں اور ترقی کرنے والی قوموں کو بھی جانتا ہے جو گویا زمین سے آسمان کی طرف جا رہی ہوتی ہیں۔

اور کافروں نے کہا کہ ہماری قوم کی تباہی کی آخری گھڑی ہم نہیں[4] دیکھیں گے تو کہہ دے ایسا نہیں، مجھے اپنے (اس) رب کی قسم جو غیب کا جاننے والا ہے اور آسمانوں اور زمین میں سے کوئی چیز خواہ ایک سرخ چیونٹی کے برابر ہو یا اس سے بھی چھوٹی یا اس سے بڑی ہو اس کی نظروں سے غائب نہیں رہتی۔ یہ گھڑی تم ضرور دیکھو گے کیونکہ وہ ایک ظاہر کر دینے والی تحریر میں محفوظ ہے۔

[4] یعنی ہمارے زمانہ میں وہ دن نہیں آئے گا۔

(اس گھڑی کا آنا اس لئے ضروری ہے) تا کہ اللہ مومنوں اور ایمان کے مطابق عمل کرنے والوں کو ان کے ایمان اور عمل کے مطابق جزا دے۔ وہ یقیناً ایسے ہیں کہ ان کو خدا کی طرف سے مغفرت اور معزز رزق ہمیشہ پہنچتا رہے گا۔

اور وہ لوگ جو ہمارے نشانوں کے بارے میں (ہم کو) عاجز کرنے کی کوشش کرتے ہیں ان کو ان کے گناہ کی وجہ سے دردناک عذاب پہنچے گا۔

اور وہ لوگ جن کو علم دیا گیا ہے اس چیز کو جو تیری طرف تیرے رب کی طرف سے نازل ہوئی ہے حق جانتے ہیں اور یہ (بھی جانتے ہیں) کہ (وہ تعلیم) غالب اور حمد والے خدا کی طرف لے جاتی ہے۔

اور وہ (لوگ) جنہوں نے کفر کیا ہے کہتے ہیں کہ (اے لوگو)! کیا ہم تم کو ایک ایسے شخص کا پتہ دیں جو تم کو یہ بتاتا ہے کہ جب تم (مرنے کے بعد) ذرہ ذرہ کر دئیے جاؤ گے تو پھر جڑ کر تم ایک نئی مخلوق کی صورت میں بدل جاؤ گے۔

کیا وہ شخص اللہ پر جھوٹ باندھ رہا ہے یا اس کو جنون ہے یوں نہیں بلکہ جو لوگ آخرت پر ایمان نہیں لاتے وہ (ایسے برے خیالات کی وجہ سے ابھی سے) عذاب اور خطرناک گمراہی میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

کیا انہوں نے اس چیز کی طرف نہیں دیکھا جو آسمان اور زمین سے ان کے آگے کی طرف سے اور ان کے پیچھے کی طرف سے ان کو گھیرے ہوئے ہے اگر ہم چاہیں تو ان کو انہی کے ملک میں مصائب میں مبتلا کر دیں یا ان پر بادل کے کچھ ٹکڑے[1] نازل کریں اس میں خدا کی طرف جھکنے والے ہر بندہ کے لئے ایک نشان ہے۔

[1] یعنی پے در پے بارش ان کے ملک پر آئے اور ان کو تباہ کر دے۔

اور ہم نے داؤد کو اپنی طرف سے فضل عطا کیا تھا (اور کہا تھا کہ) اے پہاڑوں[2]کے رہنے والو! تم بھی اور اے پرندو [3]تم بھی اس کے ساتھ خدا کی تسبیح کرو اور ہم نے اس کے لئے لوہے کو نرم کر دیا تھا۔

[2] قرآن مجید میں ’’یَا جِبَالُ‘‘ جس کے معنے ہیں ’’اے پہاڑو‘‘ مفسرین یہ معنے کرتے ہیں کہ داؤد کے ساتھ پہاڑ بھی زور زور سے تسبیح کیا کرتے تھے مگر وہ بھول جاتے ہیں کہ قرآن کریم میں سورئہ یوسف میں بیان ہوا ہے کہ وَسْئَلِ الْقَرْیَۃَ الَّتِیْ کُنَّا فِیْھَا وَالْعِیْرَ الَّتِیْ اَقْبَلْنَا فِیْھَا الاٰیۃ۔ یعنی ابنائے یعقوبؑ نے کہا کہ اگر بن یامین کے متعلق ہم جھوٹ بولتے ہیں تو اس بستی سے پوچھئے جس میں ہم رہتے تھے۔ حالانکہ بستیاں کبھی بولا نہیں کرتیں۔ عرب کے ادیب کہتے ہیں کہ اس سے مراد ’’بستی والے‘‘ ہیں اور عِیْر کے معنے گدھے کے ہیں۔ لیکن اس کے معنے ادباء یہ بیان کرتے ہیں کہ ابنائے یعقوبؑ کا یہ مطلب تھا کہ گدھوں والوں سے پوچھو۔ اسی محاورہ کے مطابق یہاں کہا گیا ہے کہ یَا جِبَالُ اَوِّبِیْ مَعَہٗ۔ اے پہاڑو! داؤد کی تسبیح کا تسبیح سے جواب دیا کرو۔ اور معنے یہ ہیں کہ اے پہاڑوں کے رہنے والو! تم بھی داؤد ؑ پر ایمان لاؤ اور اس کی تسبیح میں شریک ہو جاؤ۔

[3] یعنی نیک لوگ۔ نیز دیکھئے نوٹ سورہ مائدہ آیت۱۱۱

(اور کہا تھا کہ) پورے سائز کی زرہیں بناؤ اور ان کے حلقے چھوٹے بنانا اور (اے داؤد کے ساتھیو)! اپنے ایمان کے مطابق عمل کرو، میں تمہارے عمل کو دیکھ رہا ہوں۔

آج 10 میں سے 10 باقی