۳۴۔ سورۃ سبإ
تفسیر صغیر, حصہ 2
اور (ہم نے) سلیمان کو ایسی ہوا (عطا کی تھی) جس کا صبح کا چلنا[4] ایک مہینہ کے برابر ہوتا تھا اور شام کا چلنا بھی ایک مہینہ کے برابر ہوتا تھا اور ہم نے اس کے لئے تانبہ[5] کا چشمہ پگھلا دیا تھا اور ہم نے اس کو جِنّوں[6] کی ایک جماعت بھی عطا کی تھی جو اس کے رب کے حکم سے اس کے تابع فرمان عمل کرتی تھی اور (یہ بھی کہہ دیا تھا کہ) ان میں سے جو کوئی ہمارے حکم سے کجروی اختیار کرے گا ہم اس کو بھڑکتا ہوا عذاب پہنچائیں گے۔
[4] یعنی خلیج فارس سے انطاکیہ تک ہوائیں نہایت عمدگی سے چلتی رہتی تھیں جس سے سلیمانؑ کے زمانہ میں بحری تجارت اچھی ہوتی تھی۔
[5] یعنی تانبہ کے پگھلانے والی فیکٹریاں بنانے کی اُسے توفیق دی تھی۔
[6] دیکھئے نوٹ سورۂ نمل آیت۴۰۔
وہ جو کچھ چاہتا تھا جِنّ [1](یعنی سرکش قوموں کے سردار) اس کے لئے بناتے تھے یعنی مساجد اور ڈھلے ہوئے مجسمے اور بڑے بڑے لگن جو حوضوں کے برابر ہوتے تھے اور بھاری بھاری دیگیں[2] جو ہر وقت چولھوں پر دھری رہتی تھیں (اور ہم نے کہا) اے داؤد کے خاندان کے لوگو! شکر گذاری کے ساتھ عمل کرو اور میرے بندوں میں سے بہت کم لوگ شکر گذار ہوتے ہیں۔
[1] ترجمہ میں ضمیر کی جگہ ظاہر اسم استعمال کیا گیا ہے۔
[2] جیسے اجمیر شریف کی دیگیں۔
پھر جب ہم نے اس کے لئے موت کے وارد ہونے کا فیصلہ کیا تو ان (یعنی سرکش قوموں) کو اس کی موت کی صرف ایک زمین کے کیڑے [3]نے خبر دی جو اس کے عصاء (حکومت) کو کھا رہا تھا پھر جب وہ گر گیا، تو جنوں پر ظاہر ہو گیا کہ اگر ان کو غیب[4] کا علم ہوتا تو وہ ذلت والے عذاب میں پڑے نہ رہتے۔
[3] یعنی ان کا وارث دنیا کا کیڑا تھا۔ نیک بندہ نہ تھا۔ سلیمانؑ کے بعد اس کے رویہ سے لوگ بدک گئے اور بغاوتیں شروع ہو گئیں۔ (دیکھئے بائبل۔ ۱۔ سلاطین باب۱۲)
[4] یعنی اگر وہ سمجھتے کہ سلیمانؑ جیسے بادشاہ کے ملک پر بھی ایک دن تباہی آئے گی تو وہ اس آزادی کے دن کی انتظار میں ان کی فرمانبرداری ہی نہ کرتے۔
سبا کے لئے ان کے اپنے ملک میں ایک بڑی نشانی موجود تھی (اور وہ) دو باغوں کی صورت میں (تھی) جن میں سے ایک دائیں طرف تھا اور ایک بائیں طرف (تھا) (اور ہم نے ان سے کہہ رکھا تھا کہ) اپنے رب کے رزق کو کھاؤ اور اس کا شکر ادا کرو (تمہارا) شہر ایک خوبصورت شہر ہے اور (تمہارا) رب بہت بخشنے والا ہے۔
پھر بھی انہوں نے (حق سے) پیٹھ پھیر لی تب ہم نے (ان کے حق پانے سے مایوس ہو کر) ان پر ایسا سیلاب بھیج دیا جو ہر چیز کو تباہ کرتا جاتا تھا اور ہم نے ان کے دو اعلیٰ درجہ کے باغوں کی جگہ ان کو دو ایسے باغ دئیے جن کے پھل بدمزہ تھے، اور جن میں جھاؤ پایا جاتا تھا یا کچھ تھوڑی سی بیریاں تھیں۔
یہ سزا ہم نے ان کو ان کی ناشکری کی وجہ سے دی تھی اور ناشکروں کو ہی ہم ایسا بدلہ دیا کرتے ہیں۔
اور ہم نے ان کے درمیان اور ان بستیوں کے درمیان جن کو ہم نے برکت دی تھی، (یعنی فلسطین جو سلیمان کا ملک تھا) بہت بستیاں آباد کردی تھیں جو ایک دوسرے کے سامنے اور قریب (قریب) تھیں اور ہم نے ایک بستی سے دوسری بستی تک جانے کا سفر چھوٹا کر دیا تھا اور کہا تھا کہ راتوں کو بھی اور دنوں کو بھی ان میں امن کے ساتھ سفر کرو۔
(مگر بجائے شکریہ ادا کرنے کے) انہوں نے (یہ) کہا کہ اے ہمارے رب! ہمارے سفروں [1]کو لمبا کر دے (تا کہ سیرو سفر کا مزہ آئے) اور انہوں نے اپنی جانوں پر ظلم کیا پس ہم نے ان کا نام مٹا دیا اور ان کو قدیم زمانہ کے افسانے بنا دیا[2]، اور تباہ کرکے ذرہ ذرہ کر دیا۔ اس میں ہر صبر کرنے والے اور بہت شکر کرنے والے بندہ کے لئے بڑے نشانات ہیں۔
[1] حضرت سلیمان علیہ السلام کے زمانہ میں فلسطین بلکہ ایک ملک اوپر سے لیکر تمام عرب کا ساحل بشمولیت یمن ان کے ماتحت تھا۔ پھر ان کی حکومت عدن سے ہوتی ہوئی خلیج فارس کے اوپر تک عرب ساحل پر جاتی تھی۔ مگر بعد میں تباہی آئی تو عرب آزاد ہو گیا۔ اور ملک میں طوائف الملوکی قائم ہو کر آبادیاں اجڑ گئیں اور سفر لمبے اور تکلیف دہ ہو گئے۔
[2] یعنی ان کی تاریخ ایسی مٹی کہ ان کے واقعات لوگوں کو کہانی معلوم ہوتے تھے۔
اور ابلیس نے ان کے بارہ میں اپنے خیال کو سچا ثابت کر دیا اور مومنوں کے ایک گروہ کو چھوڑ کر بقیہ لوگوں (یعنی کفار) نے اس کی پیروی کی۔
حالانکہ اس (یعنی شیطان) کو ان پر کوئی قبضہ حاصل نہیں تھا یہ صرف اس لئے ہوا کہ تا ہم ان کو جو آخرت پر ایمان لانے والے ہیں ان کے مقابلہ میں جو آخرت پر شک رکھتے ہیں ممتاز کرکے ان کی اندرونی حقیقت کھول دیں۔ اور تیرا رب ہر چیز کا نگران ہے۔
تو کہہ دے کہ جن لوگوں کو تم اپنے خیال کے مطابق اللہ کے سوا پکارتے ہو ان کو (اپنی مدد کے لئے) بلا لو وہ آسمانوں اور زمین میں ایک چیونٹی کے برابر بھی کسی چیز کے ہرگز مالک نہیں اور ان دونوں (کی ملکیت) میں ان کو (کوئی) شراکت حاصل نہیں اور نہ اس کا ان میں سے کوئی مددگار ہے۔
اور اس (اللہ) کے حضور اس شخص کی شفاعت کے سوا جس کو اللہ نے اجازت دی ہو[1] (یا جس شخص کے حق میں اللہ نے شفاعت کرنے کی اجازت دی ہو) کسی شخص کی شفاعت نفع نہیں بخشتی۔ یہاں تک کہ جب ان (شفاعت کی اجازت پانے والے گروہ) کے دلوں پر سے رعب جاتا رہتا ہے تو دوسرے لوگ ان سے کہتے ہیں کہ ابھی تمہارے رب نے تم سے کیا کہا تھا۔ اس پر وہ جواب دیتے ہیں کہ جو کچھ کہا تھا، سچ ہی کہا تھا اور وہ بلند شان اور بڑے اختیارات والا ہے[2]۔
[1] یعنی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم۔
[2] چونکہ پہلے یہ کہا گیا تھا کہ کفار کے حق میں کبھی سفارش قبول نہیں کی جائے گی اور اب یہ کہا گیا ہے کہ سفارش قبول کی جائے گی اور یہ اختلاف تھا اس لئے اس آیت میں اس اختلاف کو دور کیا گیا ہے اور فرماتا ہے کہ شفاعت قبول تو ہوگی مگر اس کی جس کو خداتعالیٰ اجازت دے گا اور چونکہ شفاعت کا قبول ہونا اذن پر مبنی ہے۔ اس لئے جن کو شفاعت کی اجازت دی جائے گی وہ بھی گھبرا جائیں گے اور کہیں گے کہ یہ غیر معمولی کام ہم سے کیوں لیا جاتا ہے۔ تب ان کے اردگرد کے دوسرے ملائکہ یا دوسری مخلوق ان سے پوچھے گی کہ ابھی راز کے طور پر تم کو خداتعالیٰ نے کیا کہا ہے۔ وہ کہیں گے بظاہر تو انہونی بات ہے مگر چونکہ خداتعالیٰ نے کہی ہے اس لئے ضرور پوری ہو کر رہے گی۔ کیونکہ خداتعالیٰ کی بلند شان ہے۔ اور وہ بڑی طاقتوں والا ہے۔ جب تک ایسے کام ظاہر نہ ہوں جن کو بعض دفعہ نبی اور فرشتے بھی ناممکن سمجھیں اس کی اعلیٰ شان اور بڑی طاقتوں کا پتہ نہیں لگ سکتا۔