۳۴۔ سورۃ سبإ
تفسیر صغیر, حصہ 5
(پھر اُن سے) کہہ دے کہ میرا رب یقیناً حق کے ذریعہ سے (جھوٹ کو) ٹکڑے ٹکڑے کر رہا ہے اور وہ ہر غیب کو اچھی طرح جانتا ہے۔
(اور) کہہ دے کہ کامل حق آ گیا ہے اور باطل کوئی چیز پیدا نہیں کرتا اور نہ کسی ہلاک شدہ چیز کو واپس لا سکتا ہے[1]۔
[1] مطلب یہ ہے کہ سچی اور کامیاب تحریکیں حق سے پیدا ہوتی ہیں۔ باطل کوئی کامیاب تحریک نہیں چلا سکتا جو حق کے مقابلہ میں ٹھہر سکے اور جب حق آجائے اور باطل تباہ ہو جائے جیسا کہ فرمایا قُلْ جَآءَ الْحَقُّ وَ زَھَقَ الْبَاطِلُ (سورۂ بنی اسرائیل: ۸۲) تب باطل میں یہ طاقت نہیں ہوتی کہ وہ اپنی مردہ تحریک کو زندہ کر سکے یہ طاقت حق ہی میں ہے کہ وہ مرمر کر زندہ ہوتا ہے اور اپنے دشمنوں کو ناکام کرتا رہتا ہے جیسا کہ اسلام کی نشأۃ ِثانیہ اِس کا ثبوت دے رہی ہے۔
تو کہہ دے کہ اگر میں گمراہ ہوں تو میری گمراہی کا وبال صرف میری ذات پر پڑے گا اور اگر میں ہدایت پر ہوں تو صرف اس وحی کی وجہ سے ہوں جو میرے رب نے مجھ پر نازل کی ہے وہ یقیناً بہت دعائیں سننے والا (اور) بندے کے پاس ہی موجود رہنے والا ہے۔
اور اگر تو اس حالت کو دیکھے جبکہ یہ (خدا کے عذابوں کی وجہ سے) گھبرا جائیں گے اور انہیں بھاگنے کا کوئی رستہ نہ ملے گا اور ایک قریب کے مکان سے وہ پکڑ لئے جائیں گے (تو تجھے معلوم ہو جائے کہ یہ کیسے تھڑدلے ہیں)۔
اور کہیں گے ہم اس (کلام) پر ایمان لے آئے لیکن ان کو اس (یعنی ایمان) کا حاصل کرنا اتنی دور جاکر کس طرح نصیب ہو سکتا ہے۔
اور وہ اس سے پہلے اس کا انکار کر چکے ہیں اور دور بیٹھے بغیر غور و فکر کے اٹکل پچو اعتراض کرتے رہے ہیں۔
اور ان کے درمیان اور ان کی خواہشات کے درمیان روکیں ڈال دی گئیں۔ اسی طرح جس طرح ان کے ہم جنس لوگوں سے ان سے پہلے کیا گیا تھا۔ وہ بھی ایک ایسے شک میں مبتلا تھے جو بے چینی پیدا کرنے والا تھا۔ (اور یہ بھی)۔