۳۴۔ سورۃ سبإ
تفسیر صغیر, حصہ 4
تو کہہ دے، میرا رب جس کے لئے چاہتا ہے رزق (کا دروازہ) کھول دیتا ہے اور جس کے لئے چاہتا ہے تنگ کر دیتا ہے لیکن لوگوں میں سے اکثر جانتے نہیں۔
اور تمہارے مال اور تمہاری اولادیں ایسی چیز نہیں کہ تم کو ہمارا مقرب بنا دیں، ہاں جو ایمان لاتا ہے اور اس کے مناسب حال عمل کرتا ہے (وہی ہمارا مقرب ہوتا ہے) اور ایسے ہی لوگوں کوان کے اچھے اعمال کی وجہ سے بڑھ بڑھ کر بدلے ملیں گے اور وہ بالاخانوں میں امن سے زندگی بسر کریں گے۔
اور وہ لوگ جو کہ ہمارے نشانوں کے متعلق ہم کو عاجز کرنے کے لئے کوششیں کرتے ہیں وہ لوگ سخت عذاب کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔
(اور) تو کہہ دے میرا رب اپنے بندوں میں سے جس کے رزق کو چاہتا ہے وسیع کرتا ہے اور جس کے رزق کو چاہتا ہے تنگ کر دیتا ہے اور جو کچھ بھی تم خرچ کرو، وہ اس کا نتیجہ ضرور نکالے گا۔ وہ سب رزق دینے والوں میں سے اچھا (اور کامل) ہے۔
اور جس دن وہ (اللہ) ان سب کو اکٹھا کرے گا پھر وہ فرشتوں سے کہے گا کیا یہ لوگ تمہاری عبادت کرتے تھے؟
وہ کہیں گے کہ تو پاک ہے۔ ان کو چھوڑ کر فقط تو ہمارا دوست ہے (پس یوں نہیں جس طرح کفار کہیں گے) بلکہ حقیقت یہ ہے کہ وہ خیالی اور مخفی ہستیوں کی عبادت کرتے تھے اور ان میں سے اکثر ان ہستیوں پر ایمان لاتے تھے۔
پس ان سے کہا جائے گا، آج تم میں سے بعض بعض کو نہ نفع پہنچا سکیں گے، نہ ضرر۔ اور ہم ظالموں سے کہیں گے، کہ اس دوزخ کا عذاب چکھو۔ جس کو تم جھٹلاتے تھے۔
اور جب ان کے سامنے ہمارے کھلے کھلے نشانات پڑھ کر سنائے جاتے ہیں تو وہ کہتے ہیں کہ یہ شخص صرف ایسا آدمی ہے جو تم کو ان (ہستیوں) کی عبادت سے روکنا چاہتا ہے، جن کی تمہارے باپ دادے عبادت کرتے تھے اور کہتے ہیں یہ (قرآن صرف) جھوٹ ہے جو اپنے نفس سے بنا لیا گیا ہے اور جب کامل سچائی ان کے پاس آجاتی ہے تو کافر مجبور ہو کر یوں کہتے ہیں کہ یہ تو ایک کھلا کھلا فریب[1] ہے۔
[1] سِحْر کے معنے عربی زبان میں جادو کے بھی ہوتے ہیں اور دلفریب بات کے بھی۔ پس جب کفار یہ دیکھتے تھے کہ قرآن کریم میں بیان کردہ کامل سچائیاں لوگوں کے دلوں کو موہ رہی ہیں تو وہ اپنے ساتھیوں کو دھوکا دینے کے لئے یہ کہتے تھے کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم دھوکا دینے والے الفاظ میں کچھ باتیں کہہ دیتا ہے ورنہ ہے وہ (نَعُوْذُ بِاللّٰہ) جھوٹا۔
اور ہم نے ان کو کوئی (آسمانی) صحیفے نہیں دئیے جن کو وہ پڑھتے ہوں (اور ان میں ایسی بے ہودہ باتیں لکھی ہوں) اور نہ ہم نے ان کی طرف تجھ سے پہلے کوئی (ایسا) ڈرانے والا بھیجا ہے (جس نے ایسی بیہودہ باتیں انہیں سکھائی ہوں)۔
اور جو لوگ ان سے پہلے تھے انہوں نے بھی (اپنے رسولوں کو) جھٹلایا ہی تھا اور اس زمانہ کے لوگوں کو اس طاقت کا دسواں حصہ بھی نہیں ملا جو ہم نے ان سے پہلے لوگوں کو دی تھی لیکن ان لوگوں نے (بھی باوجود پہلوں سے ذلیل ہونے کے اور ان کی سزا کو دیکھ لینے کے) ہمارے رسولوں کا انکار ہی کیا۔ سو (اب دیکھ لیں کہ ان حالات میں) میرے انکار کا نتیجہ (یعنی عذاب) کیسا ہوتا ہے۔
تو کہہ دے، میں تم کو ایک بات کی نصیحت کرتا ہوں (کم سے کم وہ تو مانو) وہ یہ ہے کہ اللہ کے سامنے دو دو ہو کر اور اکیلے اکیلے کھڑے ہو جاؤ۔ پھر غور کرو (تو لازماً یہی نتیجہ نکلے گا) کہ تمہارا یہ رسول مجنون نہیں وہ صرف تمہیں آئندہ آنے والے سخت عذاب سے ہوشیار کرنے والا (شخص) ہے۔
تو کہہ دے میں نے تم سے (تبلیغ رسالت کے بدلہ میں) جو بھی اجرت مانگی ہو، وہ تم ہی لے لو۔ میرا حق صرف اللہ پر ہے اور وہ ہر چیز کو دیکھ رہا ہے۔