۳۵۔ سورۃ فاطر

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

اللہ ہی کی سب تعریف ہے جو آسمانوں اور زمین کو (ایک نئے نظام [1]کے مطابق) پیدا کرنے والا ہے (اور) فرشتوں کو ایسی حالت میں رسول بنا کر بھیجنے والا ہے جبکہ کبھی تو ان کے دو دو پر ہوتے [2]ہیں، کبھی تین تین اور کبھی چار چار۔ (اور ان فرشتوں کے پروں کی) پیدائش میں وہ (اللہ) جتنی چاہتا ہے زیادتی بخشتا ہے اللہ ہر ایک چیز پر بہت قادر ہے۔

[1] چونکہ زمین و آسمان پہلے سے پیدا شدہ ہیں۔ دوسرے فَاطِر کے معنے بالکل نئی پیدائش کے ہیں۔ اس لئے دو پیدائشوں کے مقابلہ اور فَاطِر کے لفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے ترجمہ میں ’’نئے نظام کے مطابق‘‘ کے الفاظ بڑھا دئیے گئے ہیں۔

[2] اس جگہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی وحی کی برتری بتائی ہے کہ اب اس رسول پر ایسے فرشتے نازل ہوں گے جو خداتعالیٰ کی کئی کئی صفات کے حامل ہوں گے۔ دو دو صفات کے تین تین کے اور چار چار کے۔ مگر ان پر ہی بس نہیں۔ خداتعالیٰ چاہے گا تو قرآنی وحی لانے والے فرشتوں کے پروں یعنی صفاتِ الٰہیہ کو جس کے وہ ظاہر کرنے والے ہوں گے، بڑھا دے گا۔

جو رحمت کا سامان اللہ لوگوں کے لئے کھولے اسے کوئی بند کرنے والا نہیں، اور جس رحمت کے سامان کو وہ بند کرے اس کو خدا کے فعل کے بعد کوئی جاری کرنے والا نہیں۔ اور وہ بڑا غالب (اور) بڑی حکمت والا ہے۔

اے لوگو! اللہ کی جو نعمت تم پر نازل ہوئی ہے، اس کو یاد کرو۔ کیا اللہ کے سوا کوئی خالق ہے جو آسمان اور زمین سے تم کو رزق دیتا ہو؟ اس کے سوا کوئی معبود نہیں۔ پھر تم کدھر بہکا کر لے جائے جا رہے ہو۔

اگر یہ لوگ تجھے جھٹلاتے ہیں تو (کیا حرج ہے) تجھ سے پہلے جتنے رسول گذرے ہیں ان کو بھی جھٹلایا گیا تھا اور تمام معاملات (فیصلہ کے لئے) اللہ کے حضور ہی پیش کیے جائیں گے۔

اے لوگو! اللہ کا وعدہ یقیناً سچا ہے۔ پس تم کو ورلی زندگی دھوکہ میں نہ ڈالے اور کوئی دھوکہ دینے والا تم کو اللہ کے بارہ میں دھوکہ نہ دے۔

شیطان تمہارا یقیناً دشمن ہے پس اس کو دشمن ہی سمجھو۔ وہ اپنے ساتھیوں کو صرف اس لئے بلاتا ہے کہ وہ دوزخی بن جائیں۔

وہ لوگ جنہوں نے کفر کیا ہے ان کے لئے سخت عذاب مقدر ہے اور وہ لوگ جو ایمان لائے اور ایمان کے مطابق انہوں نے کام بھی کیے، ان کے حصے میں بخشش اور بہت بڑا انعام ہے۔

کیا جس شخص کے لئے اس کی بداعمالی خوبصورت کرکے دکھائی گئی ہو اور وہ اس کو اچھا سمجھتا ہو (وہ ہدایت پا سکتا ہے؟) پھر یاد رکھو کہ اللہ جس کو چاہتا ہے (یعنی اس کے قابل پاتا ہے) اسے ہلاک کر دیتا ہے اور جس کو چاہتا ہے (یعنی قابل پاتا ہے) اس کو کامیابی کا راستہ دکھا دیتا ہے۔ پس تیری جان ان کی وجہ سے حسرت و غم کے باعث ہلاک نہ ہو جائے اللہ ان کے اعمال کو خوب جانتا ہے (پس خدا کی سزا عمل کے عین مطابق ہوتی ہے بلاوجہ نہیں ہوتی)۔

اور اللہ وہ ہے جو ہوائیں بھیجتا ہے جو بادل کو اٹھاتی ہیں۔ پھر ہم اس کو ایک مردہ ملک کی طرف ہانک کر لے جاتے ہیں اور اس کے ذریعہ سے زمین کو اس کی ویرانی کے بعد آباد کر دیتے ہیں اسی طرح موت کے بعد اٹھنے کا قانون مقرر ہے۔

جو کوئی عزت چاہتا ہے اسے یاد رہے کہ عزت سب اللہ کے ہاتھ میں ہے، پاک باتیں اسی کی طرف چڑھ کر جاتی ہیں اور ایمان کے مطابق عمل[1] ان کو اٹھاتا ہے اور جو لوگ (تمہارے خلاف) بری تدبیریں کرتے ہیں ان کے لئے سخت عذاب (مقدر) ہے اور ان لوگوں کی تدبیر ہی تباہ ہونے والے شے ہے (نہ کہ تم)۔

[1] قرآن کریم میں ضمیر واحد ہے ہم نے ترجمہ میں جمع کی ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ اس سے پہلے اَلْکَلِمُ کا لفظ آیا ہے جو جمع ہے اور عربی میں کبھی جمع کے لئے مفرد کی ضمیر استعمال کی جاتی ہے اور مطلب یہ ہوتا ہے کہ ان میں سے ہر ایک کے ساتھ یہ سلوک ہوتا ہے۔

اور اللہ نے تم کو مٹی سے پیدا کیا ہے اس کے بعد نطفہ سے۔ پھر جوڑوں کی شکل میں بنایا ہے۔ اور کسی عورت کو حمل نہیں ہوتا اور نہ وہ بچہ جنتی ہے مگر وہ خدا کے علم کے مطابق ہوتا ہے اور نہ کوئی بڑی عمر والا بڑی عمر پاتا ہے اور نہ کسی کی عمر میں کوئی کمی کی جاتی ہے مگر وہ ایک قانون کے مطابق ہے۔ یہ بات اللہ کے لئے بالکل آسان ہے۔

آج 10 میں سے 10 باقی