۳۵۔ سورۃ فاطر

تفسیر صغیر, حصہ 2

اور ایسے دو سمندر (یا دریا) ہرگز برابر نہیں ہو سکتے کہ (ان میں سے) ایک تو میٹھا اور پسندیدہ ہو اور اس کا پانی آسانی سے گلے سے اتر جاتا ہو اور ایک (دوسرا) نمکین گلا جلا دینے والا ہو اور تم (اس کے باوجود) ان دونوں سمندروں (یا دریاؤں) سے تازہ بتازہ گوشت کھاتے ہو اور ان میں سے زیور کے طور پر استعمال ہونے والی چیزیں نکالتے ہو۔ (یعنی موتی وغیرہ) جن کو تم پہنتے ہو اور تم کشتیوں کو دیکھتے ہو کہ ان میں لہروں کو چیرتی ہوئی چلی جاتی ہیں تا کہ تم اس (خدا) کے فضل کی تلاش کرو اور تاکہ تم شکر گذار بنو۔

وہ رات کو دن میں داخل کرتا ہے اور دن کو رات میں داخل کرتا ہے اور سورج اور چاند کو اس نے (تمام مخلوق کی) خدمت میں لگایا ہوا ہے ان میں سے ہر ایک مقررہ مدت کے لئے چلتا چلا جا رہا ہے۔ یہ ہے تمہارا رب۔ بادشاہت اسی کی ہے اور جن کو تم اس کے سوا پکارتے ہو وہ کھجور کی گٹھلی کے درمیانی چھلکے کے برابر بھی کسی چیز کے مالک نہیں۔

اگر تم ان کو بلاؤ تو وہ کبھی بھی تمہاری دعا نہیں سنیں گے اور اگر سن بھی لیں تو تمہارے فائدے کے لئے اسے قبول نہیں کر سکیں گے اور پھر قیامت کے دن تمہارے شرک کا انکار کر دیں گے اور تجھ کو واقف کار[1] سے زیادہ اچھی خبر کوئی نہیں دے سکتا۔

[1] یعنی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سوا جو صاحبِ وحی و الہام ہے۔

اے لوگو! تم اللہ کے محتاج ہو اور اللہ کسی کا محتاج نہیں، بلکہ سب تعریفوں کا مالک ہے (یعنی دوسروں کی حاجتیں پوری کرتا ہے)۔

اگر وہ چاہے تو تم سب کو تباہ کر دے اور ایک نئی مخلوق پیدا کر دے۔

اور اللہ پر یہ بات ہرگز دشوار نہیں۔

اور کوئی بوجھ اٹھانے والی جان دوسرے کا بوجھ نہیں اٹھا سکتی اور اگر کوئی بوجھ سے دبا ہوا اپنے بوجھ کے اٹھانے کے لئے کسی کو پکارے تو اس کا ذرا سا بھی بوجھ نہیں اٹھایا جائے گا خواہ وہ کتنا ہی قریبی کیوں نہ ہو تو تو صرف ان لوگوں کو ہوشیار کرتا ہے جو اپنے رب سے علیحدگی میں بھی ڈرتے ہیں اور نمازیں (باشرائط) ادا کرتے ہیں اور جو شخص پاک ہوتا ہے وہ صرف اپنی جان کے فائدہ کے لئے پاک ہوتا ہے اور آخرکارسب کو اللہ ہی کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔

اور اندھا اور آنکھوں والا برابر نہیں ہو سکتے۔

اور نہ اندھیرے اور نور (برابر ہو سکتے ہیں)۔

اور نہ سایہ اور دھوپ (برابر ہو سکتے ہیں)۔

اور نہ زندے اور مردے (برابر ہو سکتے ہیں) اللہ یقیناً جس کو چاہتا ہے سنا سکتا ہے مگر تو ان کو نہیں سنا سکتا، جو قبروں میں دبے ہوئے ہیں۔

تو تو صرف ایک ہوشیار کرنے والا ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی