۳۵۔ سورۃ فاطر
تفسیر صغیر, حصہ 4
اور وہ لوگ جنہوں نے کفر کیا ہے انہیں جہنم کی آگ جلائے گی۔ نہ تو ان پر موت کا فیصلہ صادر ہوگا کہ وہ مر جائیں اور نہ جہنم کے عذاب میں ان کی خاطر کوئی کمی کی جائے گی۔ ہم ہر ناشکرے کے ساتھ ایسا ہی معاملہ کیا کرتے ہیں۔
اور وہ اس (جہنم) میں چلائیں گے (اور کہیں گے) اے ہمارے رب! ہم کو اس جہنم سے نکال دے تو ہم (مومنوں کی طرح) نیک کام کریں گے، ان سے مختلف جو ہم پہلی زندگی میں کیا کرتے تھے (ہم ان سے کہیں گے) کیا ہم نے تم کو اتنی عمر نہیں دی تھی جس میں نصیحت حاصل کرنے کا خواہش مند نصیحت حاصل کر لیتا ہے اور تمہارے پاس ہوشیار کرنے والے (بھی) تو آئے تھے (پھر تم نے ان کی بات کیوں نہ مانی) پس (اب یہ) عذاب چکھو کہ ظالموں کا کوئی مددگار نہیں ہوتا۔
اللہ آسمانوں اور زمین کے غیب کو جاننے والا ہے۔ وہ دلوں کی باتوں کو بھی خوب اچھی طرح جانتا ہے۔
وہی ہے جس نے تم کو دنیا میں (پہلے لوگوں کا) قائم مقام بنایا۔ پس جو انکار کرے گا اس کے انکار کی سزا اسی پر پڑے گی اور کافروں کا کفر انہیں ان کے رب کی نظر میں صرف خفگی میں ہی بڑھاتا ہے اور کافروں کا کفر ان کو صرف گھاٹے میں ہی بڑھاتا ہے۔
تو کہہ دے مجھے بتاؤ تو سہی اپنے (مزعومہ) شریک جن کو تم اللہ کے سوا پکارتے ہو (اور اگر وہ نظر نہیں آتے تو) مجھے ان کی وہ مخلوق دکھاؤ جو انہوں نے زمین میں پیدا کی ہے، یا کیا ان کی آسمانوں کے بنانے میں کوئی شراکت ہے؟ کیا ہم نے ان کو کوئی کتاب دی ہے؟ کہ وہ اس کی بیان کردہ دلیل اپنے ساتھ رکھتے ہیں (کہو ایسا ہرگز نہیں) بلکہ ظالم آپس میں ایک دوسرے سے صرف دھوکہ دینے والے وعدے کرتے ہیں۔
اللہ ہی نے آسمانوں اور زمین کو اس بات سے روک رکھا ہے کہ وہ اپنی جگہ سے ٹل جائیں اور اگر وہ ٹل جائیں تو اس کے بعد کوئی ان کو (تباہ ہونے سے) روک نہیں سکے گا یقیناً وہ بڑی سمجھ بوجھ والا (اور) بہت معاف کرنے والا ہے۔
اور وہ اللہ کی پختہ قسمیں کھاتے ہیں کہ اگر ان کے پاس کوئی نبی آجائے تو وہ تمام امتوں میں سے ہر ایک سے زیادہ ہدایت پانے والے بن جائیں گے مگر جب ان کے پاس نبی آیا تو اس کا آنا انہیں صرف نفرت میں بڑھانے کا موجب ہوا۔
کیونکہ وہ زمین میں بڑا بننا چاہتے تھے اور بری تدبیریں کرنا چاہتے تھے اور بری تدبیر اس کے کرنے والوں کو ہی ہلاک کیا کرتی ہے۔ پس کیا وہ صرف پہلوں کی سنت (یعنی عذاب) کا تو انتظار نہیں کر رہے (اور اگر تو غور کرے) تو اللہ کی سنت میں کبھی تبدیلی نہیں پائے گا اور نہ تو کبھی سنت اللہ کو ٹلتے ہوئے دیکھے گا۔
کیا وہ زمین میں نہیں پھرے (اگر ایسا کرتے) تو دیکھتے کہ ان سے پہلے لوگوں کا کیا انجام ہوا؟ حالانکہ وہ ان سے طاقت میں زیادہ تھے۔ اور کوئی چیز اللہ کو آسمانوں میں اور زمین میں اپنے ارادہ میں ناکام نہیں کر سکتی۔ وہ یقیناً بہت جاننے والا (اور) بڑی قدرت والا ہے۔
اور اگر اللہ لوگوں کو ان کے کاموں کی وجہ سے پکڑنا شروع کر دیتا تو زمین کی سطح پر کسی جان دار کو باقی نہ چھوڑتا۔ لیکن وہ ان کو ایک مدت تک ڈھیل دیتا ہے پھر جب ان کی مقررہ مدت آجاتی ہے تو (ثابت ہو جاتا ہے کہ) اللہ اپنے بندوں کو خوب دیکھ رہا تھا۔