۳۵۔ سورۃ فاطر

تفسیر صغیر, حصہ 3

ہم نے تجھے ایک قائم رہنے والی صداقت کے ساتھ ایک خوش خبری دینے والا اور ہوشیار کرنے والا بنا کر بھیجا ہے اور کوئی قوم ایسی نہیں جس میں (خدا کی طرف سے) کوئی ہوشیار کرنے والا نہ آیا ہو۔

اور اگر یہ لوگ تجھے جھٹلاتے ہیں تو ان لوگوں نے بھی جو ان سے پہلے گذرے تھے (اپنے وقت کے رسولوں کو) جھٹلایا تھا۔ ان کے پاس بھی ان کے زمانہ کے رسول دلائل کے ساتھ اور بعض تعلیمات کے ساتھ آئے تھے اور (ان میں سے بعض) روشن کرنے والی کتاب کے ساتھ (بھی آئے تھے)۔

پھر میں نے کافروں کو ان کے جھٹلانے کے سبب (عذاب سے) پکڑ لیا۔ سو (اب دیکھ لیں کہ ان حالات میں) میرے انکار کا نتیجہ (یعنی عذاب) کیسا ہوتا ہے۔

کیا تو نے دیکھا نہیں کہ اللہ نے بادل سے پانی اتارا ہے پھر ہم نے اس سے مختلف رنگ کے پھل پیدا کیے ہیں اور پہاڑوں میں سے مختلف رنگوں کے پہاڑ ہوتے ہیں (جو ایک دوسرے سے ممتاز ہوتے ہیں) بعض سفید بعض سرخ مختلف رنگوں کے اور کالے سیاہ بھی۔

اور لوگوں اور چارپایوں اور جانوروں میں سے بھی بعض ایسے ہوتے ہیں کہ ان میں سے ہر ایک کا رنگ دوسرے سے جدا ہوتا ہے۔ حقیقت اسی طرح ہے (اور) اللہ کے بندوں میں سے صرف علماء اس سے ڈرتے ہیں۔ اللہ بڑا غالب (اور) بہت بخشنے والا ہے۔

وہ لوگ جو اللہ کی کتاب کو پڑھتے ہیں اور نماز (باجماعت) ادا کرتے ہیں اور جو کچھ ہم نے ان کو دیا ہے اس میں سے خفیہ بھی اور ظاہر بھی خرچ کرتے ہیں وہی درحقیقت ایسی تجارت[1] کی جستجو میں لگے ہوئے ہیں جو کبھی تباہ نہیں ہوگی۔

[1] یعنی وہ تجارت جو خداتعالیٰ سے کی جاتی ہے۔

کیونکہ اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ اللہ ان کو ان کے اعمال کے پورے پورے اجر دے گا اور ان کو (ان کے اعمال کے اجر کے علاوہ) اپنے فضل سے اور بھی زیادہ دے گا (جس کی وجہ سے ان کی حالت اس دنیا سے ہزاروں گنے بہتر ہوگی) اس لئے کہ وہ (خدا) بہت بخشنے والا (اور) بہت قدر کرنے والا ہے۔

اور وہ بات جو ہم نے اس قرآن میں سے تجھ پر وحی کے ذریعہ سے بھیجی ہے بالکل سچی ہے اور پوری ہو کر رہنے والی ہے اور اس سے پہلے جو وحی آچکی ہے اس کو پورا کرنے والی ہے اللہ اپنے بندوں سے یقیناً باخبر ہے (اور) ان کی حالت کو دیکھتا ہے۔

پھر (حقیقت یہ ہے کہ نزول وحی کے بعد) ہم نے اپنی کتاب کا (ہمیشہ) انہی لوگوں کو وارث بنایا ہے جن کو ہم نے اپنے بندوں میں سے چن لیا، پس ان میں سے کوئی کوئی آدمی تو ایسا ثابت ہوا جو اپنی جان پر انتہائی ظلم کرنے والا تھا اور کوئی ان میں سے ایسا نکلا جو درمیانی چال چلنے والا تھا اور کوئی کوئی ایسا نکلا جو نیکیوں میں اللہ کے حکم سے دوسروں سے آگے بڑھنے والا تھا۔ یہ (اللہ کا) بڑا فضل ہے۔

(اس مقام کا بدلہ) ہمیشہ رہنے والی وہ جنتیں ہونگی جن میں وہ (لوگ) داخل ہونگے (اور) ان میں ان کو سونے کے کنگن[2] پہنائے جائیں گے اور موتی (کے زیور) بھی اور ان کا لباس اس میں ریشم (کا بنا ہوا) ہوگا۔

[2] یہ استعارہ ہے۔ کیونکہ بادشاہ پہلے زمانہ میں جس کو خلعت بخشتے اُسے موتیوں کے ہار پہناتے یا جڑاؤ کنگن دیتے۔ مگر یہ اُن کی مرضی ہوتی تھی کہ آپ پہنتے یا بیویوں کو دیتے۔ یہاں بھی اسی مثال کو لیا ہے۔ جنتیوں کو جب انعام ملیں گے تو جس طرح دنیوی انعام پاکر انسان خوش ہوتا ہے ان انعامات کو پاکر وہ اسی طرح خوش ہوں گے۔ آگے جو لباس اور زیور ان کو دیا جائے گا وہ اپنے ساتھ جنت میں جانے والی بیویوں کو دے دیں گے۔ اس پر کیا اعتراض ہے۔ اگر روحانی ہار مراد ہوں تو مرد خود بھی پہنیں گے۔

اور وہ کہیں گے کہ سب تعریف اللہ ہی کی ہے جس نے ہمارا غم دور کر دیا ہمارا رب یقیناً بہت بخشنے والا (اور) بہت قدر دان ہے۔

وہ (خدا) جس نے اپنے فضل سے ہم کو ٹھہرنے کے لئے ایک ایسی جگہ پر رکھا ہے کہ جس میں نہ تو ہم کو کوئی تکلیف ہوتی ہے اور نہ تھکان۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی