۳۶۔ سورۃ يس

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

اے سید![1]

[1] س سَیِّدٌ کا قائم مقام ہے۔ اگلی آیتوں میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے سیّد ہونے کی دلیل دی ہے۔ اور وہ دلیل قرآن حکیم ہے۔

ہم حکمت والے قرآن کو (تیرے سید ہونے کی) شہادت میں پیش کرتے ہیں[2]۔

[2] واؤ عربی زبان میں قَسم کے معنے بھی دیتا ہے، اور قرآن کریم میں جہاں بھی قسم کا لفظ استعمال ہوتا ہے اس میں ایسی شہادت کا ذکر ہوتا ہے، جو پہلے مضمون کی دلیل ہوتی ہے۔ کیونکہ قسم کی بڑی غرض اپنے دعویٰ کو سچا ثابت کرنا ہوتا ہے۔ اور یہی غرض بتمام و کمال شہادت سے پوری ہوتی ہے۔

یقیناً تو رسولوں میں سے ہے۔

(اور) سیدھے راستہ پر (ہے)۔

(اور قرآن) غالب (اور) بے انتہا رحم کرنے والے (خدا) کی طرف سے نازل کیا گیا ہے۔

اس غرض سے کہ تو اس قوم کو ہوشیار کرے جن کے باپ دادوں کو ہوشیار نہیں کیا گیا تھا اور وہ غافل پڑے تھے۔

ہمارا [3]دعویٰ ان میں سے اکثر کے متعلق پورا ہوگیا، چنانچہ وہ ایمان نہیں لاتے۔

[3] اس دعویٰ سے مراد وہ آیت ہے جو قرآن کریم کی اسی سورۃ میں اس طرح بیان ہوئی ہے کہ یَاحَسْرَۃً عَلَی الْعِبَادِ مَایَاْتِیْھِمْ مِّنْ رَّسُوْلٍ اِلَّا کَانُوْا بِہٖ یَسْتَھْزِءُ وْنَ۔ یعنی افسوس لوگوں پر کہ ان کے پاس کبھی کوئی رسول نہیں آیا جس کا انہوں نے انکار نہ کیا ہو اور جس سے تمسخر اور استہزا نہ کیا گیا ہو۔

ہم نے ان کی گردنوں میں طوق[4] ڈالے ہوئے ہیں اور وہ ان کی ٹھوڑیوں تک چڑھ گئے ہیں اور وہ (دکھ سے بچنے کے لئے اپنی) گردنیں اونچی کر رہے ہیں۔

[4] اس آیت میں بتایا گیا ہے کہ جب شریعت نازل نہیں ہوتی تو انسان اپنی من گھڑت رسوم کے طوق اپنی گردن میں ڈال لیتا ہے۔ اور ان رسوم کی سختی بڑھتی جاتی ہے یہاں تک کہ انسان اپنے سامنے کی چیز بھی نہیں دیکھ سکتا اور ان سے بچنے کے لئے آنکھیں بند کرکے اپنی گردن اونچی کرنے لگتا ہے یعنی آنکھیں کھول کر یہ بھی نہیں دیکھتا کہ میں بیہودہ رسوم میں جکڑا ہوا ہوں مگر تکلیف دور کرنے کے لئے کبھی کبھی اپنی گردن اونچی کرتا ہے۔ یعنی قوم سے چوری چھپے ان رسوم کی تکلیف سے بچنا بھی چاہتا ہے۔

اور ہم نے ان کے آگے بھی ایک روک[1] بنا دی ہے اور ان کے پیچھے بھی ایک روک بنا دی ہے اور ان کو ڈھانک[2] دیا ہے۔ پس وہ دیکھ نہیں سکتے۔

[1] یعنی ایک طرف تو ان کے بیوی بچے ان کو رسوم کی پابندی پر مجبور کرتے ہیں۔ کوئی شادی بیاہ ہوتا ہے تو بیٹا کہتا ہے ’’ابّا فلاں کی شادی پر تو ایسے باجے بجے تھے اور اتنا خرچ ہوا تھا، میری شادی بھی شاندار کریں اور اتنے زیور بنوائیں‘‘ کبھی بیوی ایسی ہی باتیں کہہ کر اس کو ایسی رسوم پر مجبور کرتی ہے جو اس کا گلا گھونٹ دیتی ہیں اور کبھی پرانے بزرگ باپ دادا اور چچا وغیرہ جو پچھلی نسل کے ہیں قسم قسم کی باتیں بنا کر اس کو رسوم کے گڑھے میں گرانا چاہتے ہیں اور مصیبت محسوس کرکے جو عقل اس کو آتی ہے اس کی طرف اسے لوٹنے نہیں دیتے۔ غرض چاروں طرف سے اس کی عقل پر اتنے پردے ڈالے جاتے ہیں کہ وہ بالکل سوچنے کے قابل نہیں رہتا۔

[2] قران مجید میں فَاَغْشَیْنٰـھُمْ کے الفاظ ہیں جس کے معنے ہیں کہ ہم نے ان کو ڈھانک دیا ہے۔ یہ قرآنی محاورہ ہے۔ چونکہ تمام نتائج خداتعالیٰ نکالتا ہے اس لئے بہت سی جگہوں پر عمل کو بھی خداتعالیٰ اپنی طرف منسوب کر لیتا ہے تا انسان کو یہ سمجھ آئے کہ میں اپنی مرضی کے مطابق اپنی بداعمالی سے نہیں ہٹ سکتا بلکہ متواتر بداعمالی کے بعد خداتعالیٰ کی طبعی سزا مجھ پر نازل ہو جائے گی اور میں اپنی بداعمالی کے جال میں ایسا پھنس جاؤں گا کہ اس سے نکلنا میرے لئے مشکل ہو جائے گا۔

اور تیرا ڈرانا یا نہ ڈرانا ان کے لئے برابر ہے وہ (جب تک اپنے دل میں تبدیلی پیدا نہ کریں گے) ایمان نہیں لائیں گے۔

تو تو صرف اس شخص کو ہوشیار کر سکتا ہے جو یاددہانی کو مان لیا کرتا ہے اور رحمن (خدا) سے علیحدگی میں بھی ڈرتا ہے۔ پس ایسے شخص کو تو ایک عظم الشان معافی اور ایک عزت والے بدلہ کی خبر سنا دے۔

آج 10 میں سے 10 باقی