۳۶۔ سورۃ يس
تفسیر صغیر, حصہ 2
ہم[3] ہی مردوں کو زندہ کرتے ہیں اور جو کچھ وہ آئندہ زندگی کے لئے آگے بھیجتے ہیں اس کو بھی محفوظ رکھتے ہیں اور جو اعمال انہوں نے دنیا میں کیے تھے ان کے جو نتائج نکلیں گے ان کو بھی ہم محفوظ رکھتے ہیں اور ہر چیز کو ہم نے ایک کھلی کتاب میں گن رکھا ہے۔
[3] جب ضمیر دہرائی جائے تو اس سے مراد حصر ہوتا ہے اس لئے ہم نے ترجمہ میں ’’ہی‘‘ کا لفظ بڑھا دیا ہے۔
اور تو ان کے سامنے ایک گاؤں والوں کی حالت بیان کر جب کہ ان کے پاس ان کے رسول آئے۔
یعنی جس وقت ہم نے پہلے تو ان کی طرف دو رسول بھیجے لیکن انہوں نے ان دونوں کا انکار کر دیا، اس پر ہم نے پہلے دو رسولوں کو ایک تیسرا رسول بھیج کر طاقت[1] بخشی پھر ان سب نے مل کر اپنی قوم سے کہا کہ ہم تمہاری طرف ایک پیغام لیکر تمہارے رب کی طرف سے بھیجے گئے ہیں۔
[1] اِس آیت میں کہا گیا ہے کہ ہم نے دو رسول پہلے بھیجے۔ پھر ان کو تقویت دینے کے لئے تیسرا بھیجا۔ جس کے معنے یہ ہیں کہ وہ تیسرا رسول بھی وہی باتیں کرتا تھا جو پہلے کرتے تھے ورنہ اگر نئی باتیں کرتا تو ان کو اس سے کیا تقویت ہوتی۔ اس آیت سے ثابت ہے کہ بغیر شریعت کے بھی نبی ہوتا ہے کیونکہ اگر اس سے پہلے کوئی شریعت والے نبی گذرے ہیں اور وہ بھی ان جیسی باتیں کرتا ہے تو اس کے معنے یہی بن سکتے ہیں کہ وہ اپنی قوم سے کہتا ہے کہ تم بھی ان کی شریعت پر عمل کرو۔ میں انہی کی شریعت قائم کرنے کے لئے آیا ہوں۔ کوئی نئی شریعت لے کر نہیں آیا۔
انہوں نے (جواب میں) کہا کہ تم تو ہمارے جیسے آدمی ہو اور رحمن خدا نے کوئی چیز (بطور الہام کے) نہیں اتاری، تم صرف جھوٹ بول رہے ہو۔
انہوں نے کہا، کہ ہمارا رب اس بات کو جانتا ہے کہ ہم تمہاری طرف رسول بنا کر بھیجے گئے ہیں۔
اور ہمارا کام صرف یہ ہے کہ ہم کھلی کھلی تبلیغ کریں۔
اس پر کفار نے کہا، ہم تو تمہارا اپنی طرف آنا منحوس قرار دیتے ہیں اگر تم اپنی باتوں سے رکو گے نہیں، تو ہم تم کو سنگسار کر دیں گے اور تم کو ہماری طرف سے دردناک عذاب پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ تمہارا عمل[2] تو تمہارے ساتھ ہے (تم جہاں بھی ہوگے تمہارے عملوں کا بدنتیجہ نکلتا رہے گا) کیا تم یہ بات اس لئے کہتے ہو کہ ہم تم کو اچھے کام یاد دلاتے ہیں بلکہ حق یہ ہے کہ تم حد سے گذرنے والی قوم ہو (اس لئے لازما سزا پاؤ گے)
[2] طَائِر کے معنے عمل کے کیے گئے ہیں اس کے لئے دیکھئے سورۃ بنی اسرائیل آیت۱۴ نوٹ نمبر۲۔
اور شہر کے دوسرے سرے سے ایک شخص دوڑتا ہوا آیا، اور اس نے کہا کہ اے میری قوم! رسولوں کی اتباع کرو۔
ان کی اتباع کرو، جو تم سے کوئی اجر نہیں مانگتے، اور وہ ہدایت یافتہ ہیں۔
اور مجھے کیا ہوا ہے کہ میں اس (خدا) کی عبادت نہ کروں جس نے مجھے پیدا کیا ہے اور تم سب اسی کی طرف لوٹا کر لے جائے جاؤ گے۔
کیا میں اس کے سوا اور معبود اختیار کر سکتا ہوں اگر رحمن (خدا) مجھے کوئی نقصان پہنچانا چاہے تو ان (معبودوں) کی شفاعت مجھے کوئی فائدہ نہیں پہنچا سکتی اور نہ وہ مجھے (اس کے ضرر سے) بچا سکتے ہیں۔