۳۶۔ سورۃ يس
تفسیر صغیر, حصہ 7
اور ہم نے ان چار پایوں کو ان کے تابع کر دیا ہے۔ پس ان میں سے بعض پر تو وہ سوار ہوتے ہیں اور بعض کو وہ کھاتے ہیں۔
اور ان سے کئی قسم کے فائدے اٹھاتے ہیں اور پینے کا سامان بھی مہیا کرتے ہیں کیا وہ شکر نہیں کرتے؟
اور ان لوگوں نے اللہ کے سوا کچھ اور معبود بنا چھوڑے ہیں کہ شاید کسی وقت ان کی مدد کی جائے۔
وہ (معبود) ان کی کوئی مدد نہیں کر سکتے اور (معبود ان کی مدد تو کیا کریں گے) الٹا ان کے خلاف سب ایک لشکر کی شکل میں اکٹھے ہو کر گواہی دیں گے۔
پس تجھ کو ان کی باتیں غمگین نہ کریں ہم اسے بھی جانتے ہیں جو وہ چھپاتے ہیں اور اسے بھی جو وہ ظاہر کرتے ہیں۔
کیا انسان کو معلوم نہیں کہ ہم نے اس کو ایک (حقیر) قطرہ سے پیدا کیا ہے پھر جب وہ (پیدا ہوتا ہے تو) اچانک سخت جھگڑالو بن جاتا ہے۔
اور ہماری ہستی کے متعلق باتیں بنانے لگ جاتا ہے اور اپنی پیدائش کو بھول جاتا ہے اور کہنے لگتا ہے کہ جب ہڈیاں گل سڑ جائیں گی تو ان کو بھلا کون زندہ کرے گا۔
تو کہہ دے کہ ایسی ہڈیوں کو وہی زندہ کرے گا جس نے ان کو پہلی دفعہ پیدا کیا تھا اور وہ ہر مخلوق کی حالت سے خوب واقف ہے۔
وہ (خدا) جس نے تمہارے لئے سبز درختوں میں سے آگ پیدا کی ہے پس تم اس کے ذریعہ سے آگ جلاتے ہو۔
کیا وہ جس نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا ہے اس بات پر قادر نہیں کہ ان کی طرح کی اور مخلوق پیدا کر دے۔ ایسا خیال (کہ وہ پیدا نہیں کر سکتا) درست نہیں، بلکہ وہ بہت پیدا کرنے والا (اور) بہت جاننے والا ہے۔
اس کا معاملہ تو یوں ہے کہ جب کبھی وہ یہ ارادہ کرتا ہے کہ فلاں چیز ہو جائے وہ اس کے بارہ میں کہہ دیتا ہے کہ اس طرح ہو جائے اور وہ اسی طرح ہو جاتی ہے۔
پس پاک ہے وہ جس کے قبضہ قدرت میں ہر چیز کی بادشاہت ہے اور جس کی طرف تم سب کو لوٹا کر لے جایا جائے گا۔