۳۶۔ سورۃ يس

تفسیر صغیر, حصہ 6

اے بنی آدم! کیا میں نے تم پر یہ ذمہ واری نہیں لگائی تھی کہ شیطان کی عبادت نہ کیا کرو، وہ تمہارا کھلا کھلا دشمن ہے۔

اور صرف میری عبادت کرو کہ یہی سیدھا راستہ ہے۔

اور شیطان تو بہت سی مخلوق کو ہلاک کر چکا ہے، کیا تمہاری سمجھ میں یہ نہیں آتا؟

(دیکھو) یہ جہنم ہے جس کا تم سے وعدہ کیا جاتا ہے۔

اپنے کفر کی وجہ سے آج اس میں داخل ہو جاؤ۔

اس دن ہم (ان کے کفر کی وجہ سے) ان کے مونہوں پر مہر لگا دیں گے (یعنی بولنے کی ضرورت نہیں ہوگی) اور ان کے ہاتھ ہم سے باتیں کریں گے اور ان کے پاؤں ان کی کرتوتوں پر گواہی دیں[1] گے۔

[1] تفصیل تو تفسیر کا کام ہے۔ موٹی مثال اس کو حل کرنے کے لئے یہ ہے کہ آتشک کے مریض کے ناک اور حلق پر اس مرض کا اثر ظاہر ہوتا ہے۔ گویا جسم بول کر کہہ دیتا ہے کہ اس شخص نے زنا کیا ہے۔

اور اگر ہم چاہیں تو ان کی آنکھوں کو اندھا کر دیں، پھر وہ بے دیکھے ایک راستہ کی تلاش میں چل پڑیں، مگر اس حالت میں وہ (سچے راستہ کو) دیکھ کس طرح سکتے ہیں۔

اور اگر ہم چاہیں تو جہاں وہ ہیں وہیں ان کی شان کو باطل کر دیں۔ پھر وہ نہ تو کہیں آگے جانے کی طاقت پائیں اور نہ واپس لوٹنے کا راستہ پائیں۔

اور جس کی ہم بہت زیادہ لمبی عمر کرتے ہیں اس کو جسمانی طاقتوں میں کمزور کرتے جاتے ہیں، کیا وہ سمجھتے نہیں[1]۔

[1] یعنی بنو اسرائیل نے لمبی عمر پائی ہے اور اب ان کی کمزوری کا زمانہ آچکا ہے۔ کیونکہ قوموں کی مثال بھی افراد کی طرح ہوتی ہے۔

اور ہم نے اسے (یعنی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو) شعر کہنا نہیں سکھایا، اور نہ یہ کام اس کی شان کے مطابق تھا۔ یہ قرآن تو صرف ایک نصیحت ہے اور باربار پڑھنے والی کتاب ہے جو کہ (دلائل ساتھ ساتھ) بیان کرتی ہے۔

تا کہ جو زندہ (دل) ہے اسے ہوشیار کر دے اور کافروں کے متعلق خدا کا فیصلہ پورا ہو جائے۔

کیا وہ نہیں دیکھتے کہ ہم نے ان کے لئے اپنی خاص قدرت سے چار پائے بنائے ہیں اور وہ ان کے مالک ہیں۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی