۳۷۔ سورۃ الصافات

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

(میں) شہادت کے طور پر پیش کرتا ہوں ان نفوس کو جو (دشمنان صداقت کے سامنے) صفیں[1] باندھے کھڑے ہیں۔

[1] یعنی صحابہ کرامؓ۔ ان کے حالات سے کفار مکہ کا مقابلہ کرو تو اسلام کی سچائی خوب ظاہر ہو جائے گی۔

اور جو برے کام کرنے والوں کوڈانٹتے ہیں۔

اور ذکر الٰہی (یعنی قرآن) کو پڑھ پڑھ کر سناتے ہیں۔

یقیناً تمہارا معبود اکیلا معبود ہے۔

آسمانوں کا بھی رب ہے، اور زمین کا بھی اور جو کچھ ان دونوں کے درمیان ہے اس کا بھی اور تمام روشنی کے طلوع کرنے کی جگہوں کا بھی۔

ہم نے ورلے آسمان کو ستاروں کے ساتھ زینت دی ہے۔

اور ہم نے اس کو ہر سرکش شیطان سے محفوظ کیا ہے۔

وہ (سرکش شیطان) اوپر کی زبردست ہستیوں[2] کی بات نہیں[3] سنتے اور ہر طرف سے ان کو (کوڑے مار مار کر) دور کیا جاتا ہے[4]۔

[2] یعنی ملائکہ کرام کی۔

[3] مطلب یہ ہے کہ اصل حقیقت نہیں پاتے صرف ظاہراً سنتے ہیں۔

[4] یعنی جب شیطان کے مظاہر دنیا میں نبیوں کے الہام کو لے کر اسے بگاڑ کر لوگوں کے سامنے پیش کرنا چاہتے ہیں تو فوراً خداتعالیٰ کا عذاب آجاتا ہے اور کوڑے مار مار کر ان کو بھگا دیا جاتا ہے۔

اور ان کے لئے ایک مستقل عذاب ہے۔

مگر ان میں سے جو فرد کوئی بات شرارت سے اڑالے[1] جائے تو اس کے پیچھے ایک شہاب ثاقب آتا ہے۔

[1] یعنی مخالف ہونے کی وجہ سے اگر قرآن کا کوئی ٹکڑا مخالف اڑالے جائے تاکہ لوگوں کو دھوکا دے تو اللہ تعالیٰ نے اس کے لئے اپنے ایسے بندے جو شیطانوں کو مارنے کی طاقت رکھتے ہوں کھڑے کیے ہوئے ہیں جو کلامِ الٰہی کو بگاڑ کر پیش کرنے والوں کو سزا دیتے ہیں۔

پس تو ان سے پوچھ کہ کیا پیدائش کے لحاظ سے ان کو پیدا کرنا زیادہ مشکل ہے یا (ان کے سوا نظام عالم) جو ہم نے بنایا ہے؟ ہم نے ان کو ایک چپکنے والی مٹی سے بنایا ہے۔

آج 10 میں سے 10 باقی