۳۸۔ سورۃ ص

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

اس قرآن کو صادق[1] خدا نے اتارا ہے۔ ہم اس دعویٰ کے ثبوت میں قرآن کو شہادت کے طور پر پیش کرتے ہیں جوہر قسم کی نصائح سے پر ہے۔

[1] صٓ کے معنے صادق کے ہیں۔ یعنی اس قرآن کو صادق خدا نے اتارا ہے۔

لیکن جنہوں نے کفر کیا ہے وہ تکبر میں مبتلا ہیں اور (اپنی جھوٹی بات کو سچا کرنے کے لئے) اختلاف کرنا ان کا شیوہ ہے۔

ہم نے کتنی ہی قومیں ان سے پہلے ہلاک کی ہیں۔ جس پر انہوں نے فریاد کی، لیکن یہ وقت نجات کا نہیں ہوتا۔

اور وہ تعجب کرتے ہیں کہ ان کے پاس انہی کی قوم سے ہوشیار کرنے والا آ گیا۔ اور کافر کہتے ہیں کہ یہ تو ایک فریبی (اور) جھوٹا ہے۔

کیا اس نے بہت سے معبودوں کو ایک معبود[2] بنا دیا ہے؟ یہ بڑی عجیب بات ہے۔

[2] ان کو یہ تعجب ہے کہ معبود تو درحقیقت کئی ہیں۔ یہ شخص جو ایک خدا کہتا ہے تو شاید اس نے سب معبودوں کو کُوٹ کَاٹ کر ایک معبود بنا دیا ہے۔ اس طرح اپنی حماقت کو وہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف منسوب کرتے تھے۔

اور ان میں سے بڑے لوگ بولے کہ یہاں سے چلو۔ اور اپنے معبودوں پر مضبوطی سے قائم رہو یہ (بات یعنی قرآن کا دعویٰ) یقیناً ایسی بات ہے کہ اس میں کچھ منصوبہ ہے (یعنی کسی غرض کے ماتحت کہی گئی ہے)۔

ہم نے اس (قسم کی بات) کا ذکر اپنے سے پہلی قوم میں کبھی نہیں سنا یہ محض ایک جھوٹ ہے۔

کیا ہماری ساری قوم میں سے اسی پر ذکر نازل ہوا ہے؟ حقیقت یہ ہے کہ ان کو میری طرف سے ذکر کے نازل ہونے میں ہی شبہ ہے (اصل میں یہ شبہ نہیں کہ اس شخص پر ذکر نازل ہوا یا نہیں) بلکہ (اصل بات یہ ہے کہ) انہوں نے اب تک میرا عذاب نہیں چکھا (اس لئے دلیر ہو گئے ہیں)۔

تیرا رب جو غالب (اور) بخشنہار ہے، کیا اس کی رحمت کے خزانے انہی کے پاس ہیں (کہ چاہے دیں چاہے نہ دیں)

کیا آسمانوں اور زمین اور جو کچھ ان کے درمیان ہے ان سب کی بادشاہت انہی کے قبضہ میں ہے؟ اگر ایسا ہے تو چاہیے کہ رسوں کے ذریعہ سے اوپر چڑھ جائیں (اور کوئی خدائی شہادت یعنی لکھی ہوئی کتاب لے آئیں جس کو کفار پڑھ سکیں جیسا کہ وہ محمد رسول اللہ سے مانگتے تھے[1])۔

[1] سورۃ بنی اسرائیل میں کفار کے ایسے ہی مطالبہ کا ذکر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم سے کیا گیا ہے (دیکھئے بنی اسرائیل آیات ۹۱تا۹۴)

ایک (غیر متقی) منظم لشکر[2] (کی ہم خبر دیتے ہیں جو محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مقام پر حملہ کرے گا مگر) آخر وہاں سے بھاگ جائے گا۔

[2] اس آیت میں غزوۂ احزاب کی پیشگوئی ہے۔ یہ آیت غزوۂ احزاب سے بلکہ ہجرت سے بھی پہلے نازل ہوئی تھی اور اس میں احزاب کے حملہ آور کافروں کی شکست کی خبر دی گئی تھی۔ سُبْحَانَ اللّٰہ!

آج 10 میں سے 10 باقی