۳۸۔ سورۃ ص

تفسیر صغیر, حصہ 2

ان سے پہلے نوح کی قوم اور عاد اور فرعون نے (بھی) جو بڑی طاقت والا تھا جھٹلایا تھا۔

اسی طرح ثمود نے اور لوط کی قوم نے اور اَیکہ[3] والے لوگوں نے بھی جھٹلایا تھا یہ سب ایک (غیر متقی) منظم گروہ تھے۔

[3] اَ یْـکَہ کی تشریح کے لئے دیکھئے سورۃ حجر نوٹ آیت۷۹۔

ان میں سے ہر ایک نے رسولوں کو جھٹلایا تھا۔ پس آخر میرا عذاب نازل ہو کے رہا۔

اور یہ لوگ صرف ایک اچانک آنے والے عذاب کا انتظار کر رہے ہیں جس میں کوئی وقفہ نہیں ہوگا۔

اور کہتے ہیں اے ہمارے رب! ہمارا حصہ جو کچھ بھی ہے ہم کو جلدی سے حساب کے وقت سے پہلے ہی دے دے۔

جو کچھ وہ کہتے ہیں اس پر تو صبر سے کام لے اور ہمارے بندے داؤد کو یاد کر جو بڑی طاقت کا مالک تھا یقیناً وہ باربار خدا کی طرف جھکتا تھا۔

ہم نے پہاڑ کے رہنے والے لوگوں کو اس کے تابع کر دیا تھا اور وہ شام اور صبح تسبیح میں لگے رہتے تھے۔

اور بلند[1] پرواز انسانوں کو بھی جمع کرکے اس کے ساتھ لگا دیا تھا وہ سب کے سب خدا کی طرف جھکنے والے تھے۔

[1] طَیْر اور جِبَال کی تشریح کے لئے دیکھئے سورہ سبا نوٹ آیت۱۱۔

اور ہم نے اس کی حکومت کو مضبوط کیا تھا اور اس کو حکمت اور قاطع دلیل بخشی تھی۔

اور کیا تمہیں ان دشمنوں کی خبر معلوم ہے جبکہ وہ دیوار پھاند کر اندر آگئے تھے۔

جب وہ داؤد کے پاس آئے تو وہ ان سے گھبرا گیا۔ انہوں نے کہا ڈر نہیں (ہم دونوں) دو جھگڑنے والے فریق ہیں ہم میں سے ایک دوسرے پر زیادتی کر رہا ہے پس تو ہمارے درمیان انصاف سے فیصلہ کردے اور ظلم نہ کیجیو اور ہماری سیدھے راستے کی طرف راہنمائی کر۔

یہ میرا بھائی ہے اس کی ننانوے[2] دنبیاں ہیں اور میری صرف ایک دُنبی ہے پھر بھی وہ کہتا ہے کہ اپنی دنبی مجھے دے دے۔ اور بحث میں مجھے دباتا جاتا ہے۔

[2] مفسر کہتے ہیں حضرت داؤدؑ کی ننانوے بیویاں تھیں، مگر ایک جرنیل کی بیوی آپ کو پسند آگئی۔ انہوں نے جرنیل کو خطرناک مقام پر بھجوا دیا تا مارا جائے پھر اس کی بیوی پر قبضہ کرلیا۔ اللہ تعالیٰ نے سبق دینے کے لئے فرشتوں کو بھیجا جنہوں نے نعوذ باللہ یہ دُنبیوں والا جھوٹ بنایا۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ حضرت داؤدؑ کی بادشاہت جب لمبی ہو گئی تو ان کے دشمنوں نے سر اٹھانا شروع کیا۔ اور ان کے دشمن گھر میں کُود کر آگئے۔ جب حضرت داؤدؑ کو چوکس پایا تو ڈر گئے کہ ایک آواز پر باڈی گارڈ جمع ہو جائیں گے اور گھبراہٹ میں یہ قصہ گھڑ کر سنایا۔ جس کی تعبیر درحقیقت یہ تھی کہ انہوں نے حضرت داؤدؑ پر یہ الزام لگایا کہ تم طاقتور ہو کر ارد گرد کے غریب قبائل کو کھاتے جاتے ہو حالانکہ وہ تعداد میں تھوڑے ہیں اور تم زیادہ ہو۔ لیکن یہ بات غلط تھی۔ حضرت داؤدؑ کا ملک بہت چھوٹا تھا اور ان کے ارد گرد کے قبائل عراق تک پھیلے ہوئے تھے جن کی تعداد حضرت داؤدؑ کے قبیلہ کی تعداد سے سینکڑوں گنے زیادہ تھی۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی