۳۹۔ سورۃ الزمر

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

اس کتاب کا اترنا اللہ کی طرف سے ہے جو غالب (اور) سب کام حکمتوں کے ماتحت کرنے والاہے۔

ہم نے تیری طرف یہ کتاب (یعنی قرآن) کامل سچائیوں پر مشتمل اتاری ہے، پس تو اطاعت کو اللہ کے لئے خالص کرتے ہوئے اس کی عبادت کر۔

سنو، اطاعت خالص اللہ ہی کا حق ہے اور جو لوگ اس کے سوا اور ہستیوں کو دوست بناتے ہیں (یہ کہتے ہوئے) کہ ہم ان کی عبادت صرف اس لئے کرتے ہیں کہ وہ ہمیں اللہ کے قریب[1] کر دیں۔ اللہ ان کے درمیان ان باتوں کے متعلق جن میں وہ اختلاف رکھتے ہیں فیصلہ کرے گا۔ اللہ یقیناً جھوٹے اور ناشکر گذار کو کامیابی کا راستہ نہیں دکھاتا۔

[1] آج کل مسلمانوں میں سے ملحد اسی بہانہ سے شرک کرتے ہیں مگر پرانے مشرکوں میں سے بھی بعض لوگ شرک کی یہی تاویل کرتے تھے۔

اگر اللہ بیٹا بنانے کا ارادہ رکھتا تو اپنی مخلوق میں سے جس کو چاہتا چن لیتا وہ (حقیقی بیٹے کے نقص سے) پاک ہے۔ بات یہ ہے کہ اللہ ایک ہے (اور) غالب ہے۔

اس نے آسمانوں اور زمین کو ایک کامل مصلحت کے ساتھ پیدا کیا ہے وہ رات کو دن پر اڑھا دیتا ہے اور دن کو رات پر اُڑھا دیتا ہے اور سورج اور چاند کو اس نے ایک (قانون کا پابند بنا کر) کام پر لگا رکھا ہے دونوں (میں سے ہر ایک) مقررہ مدت کے لئے ایک راستہ پر چل رہے ہیں۔ سنو! وہ بڑا غالب اور بڑا بخشنے والا ہے۔

تم کو اس نے ایک جان سے پیدا کیا ہے۔ پھر اُس نے اسی جنس میں سے اُس کا جوڑا بنایا اور تمہارے لئے چار پایوں میں سے اس نے آٹھ جوڑے بنائے ہیں وہ تم کو تمہاری ماؤں کے پیٹوں میں پیدا کرتا ہے (یعنی) ایک پیدائش کے بعد دوسری پیدائش میں بدلتے ہوئے تین ظلمتوں[1] میں سے گذار کر۔ یہ اللہ تمہارا رب ہے، بادشاہت اسی کے قبضہ میں ہے صرف وہی ایک معبود ہے پس تم کہاں پھیرے جاتے ہو۔

[1] اس کے یہ معنے ہیں کہ جب بچہ ماں کے پیٹ میں ہوتا ہے تو تین وقت اس پر خطرہ کے آتے ہیں، جب ڈر ہوتا ہے کہ ذرا سی بے احتیاطی سے اسقاط ہو جائے گا۔ یعنی دوسرے سے تیسرے مہینے تک۔ پھر تیسرے سے پانچویں مہینے تک اور پھر آٹھویں مہینے کے شروع میں۔ چنانچہ طبّی طور پر اس کا تجربہ کیا گیا ہے کہ یہ تین وقت ہی زیادہ تر اسقاط کے ہوتے ہیں۔

اگر تم کفر کرو تو اللہ تمہارا محتاج نہیں، اور وہ اپنے بندوں کے لئے کفر کو کبھی پسند نہیں کرتا، اور اگر شکر کرو تو وہ اس کو تمہارے لئے پسند کرتا ہے اور کوئی بوجھ[2] اٹھانے والی ہستی دوسرے کے بوجھ کو نہیں اٹھا سکتی اور تم سب کو اپنے رب کی طرف ہی لوٹ کر جانا ہوگا۔ تب وہ تمہیں تمہارے اعمال سے خبردار کرے گا وہ سینوں کے اندر کی چھپی ہوئی باتوں کو جاننے [3]والا ہے۔

[2] دیکھئے نوٹ سورۃ انعام آیت۱۶۵۔

[3] یعنی دل کی باتوں کو۔

اور جب کبھی انسان کو کوئی تکلیف پہنچتی ہے وہ اپنے رب کی طرف متوجہ ہوتے ہوئے اسے پکارتا ہے پھر جب وہ انسان کو اپنی طرف سے نعمت عطا کر دیتا ہے تو انسان اس غرض کو بھول جاتا ہے جس کے لئے وہ خدا کو پکارتا تھا اور خدا کے شریک مقرر کر دیتا ہے تا کہ اس کے راستہ سے (لوگوں کو) گمراہ کر دے۔ تو کہہ دے (اے انسان) کچھ دیر اپنے کفر کی وجہ سے فائدہ اٹھالے۔ آخر کار تو دوزخ میں پڑنے والا ہے۔

کیا جو شخص رات کی گھڑیوں میں سجدہ اور قیام کی صورت میں فرمانبرداری کا نمونہ دکھاتا ہے اور آخرت سے ڈرتا ہے اور اپنے رب کی رحمت کی امید رکھتا ہے (وہ نافرمان کی طرح ہو سکتا ہے) تو کہہ دے کیا علم والے لوگ اور جاہل برابر ہو سکتے ہیں؟ نصیحت تو صرف عقل مند لوگ حاصل کیا کرتے ہیں۔

(اسی طرح) کہہ دے کہ اے میرے مومن بندو! اپنے رب کا تقویٰ اختیار کرو۔ وہ لوگ جو اس دنیا میں (الٰہی) احکام کو پوری طرح ادا کرتے ہیں ان کے لئے (اگلے جہان میں) نیک بدلہ مقرر ہے اور اللہ کی زمین بہت وسیع [1]ہے۔ صابروں کو ان کا اجر [2]بغیر حساب کے پورا پورا دیا جائے گا۔

[1] یعنی اگر مومن بندوں کو کسی جگہ تکلیف پہنچے تو انہیں ہجرت کرکے دوسری جگہ چلے جانا چاہیے۔

[2] یعنی اُن کا اجر ہوگا بھی بے حساب اور بے حساب ہوتے ہوئے بھی بڑھتا ہی چلا جائے گا۔

تو کہہ دے کہ مجھے حکم دیا گیا ہے کہ میں اللہ کی اس طرح عبادت کروں کہ اطاعت صرف اسی کے لئے مخصوص کردوں۔

آج 10 میں سے 10 باقی