۳۹۔ سورۃ الزمر

تفسیر صغیر, حصہ 2

اور مجھے یہ حکم دیا گیا ہے کہ میں سب سے بڑا فرمانبردار بنوں۔

کہہ، اگر میں اپنے رب کی نافرمانی کروں، تو میں ایک بڑے دن کے عذاب سے ڈرتا ہوں۔

(اور پھر) کہہ دے کہ میں اللہ کی عبادت اپنی اطاعت کو صرف اس کے لئے وابستہ کرتے ہوئے کرتا ہوں۔

(باقی رہے تم) سو تم اللہ کے سوا جس کی چاہو عبادت کرو (اور یہ بھی) کہہ دے کہ پوری طرح گھاٹے میں پڑنے والے لوگ وہی ہیں جنہوں نے اپنے آپ کو بھی اور اپنے رشتہ داروں کو بھی قیامت کے دن گھاٹے میں ڈال دیا۔ سنو! یہی کھلا کھلا گھاٹا ہے۔

اُن کے اُوپر بھی آگ کے سائے ہونگے اور نیچے بھی آگ کے سائے [1]ہوں گے یہ وہ چیز ہے جس سے اللہ اپنے بندوں کو ڈراتا ہے۔ اے میرے بندو! میرا تقویٰ اختیار کرو۔

[1] یعنی ان کا اوڑھنا بچھونا آگ ہی ہوگا۔

اور جو لوگ سرکش ہستیوں کی فرمانبرداری سے بچتے ہیں اور اللہ کی طرف جھکتے ہیں ان کے لئے بڑی خوشخبری ہے۔ پس تو میرے ان بندوں کو خوش خبری دے۔

جو ہماری بات کو سنتے ہیں اور پھر اس میں سے سب سے بہتر حکم کی اتباع کرتے ہیں وہی لوگ ہیں جنہیں اللہ نے ہدایت دی اور وہی لوگ عقل مند ہیں۔

کیا وہ شخص جس پر عذاب کی پیشگوئی پوری ہوگئی (اُسے کوئی بچا سکتا ہے؟ اور) کیا تو آگ میں پڑنے والوں کو بچا سکتا ہے۔

لیکن وہ لوگ جو اپنے رب کا تقویٰ اختیار کرتے ہیں ان کو کئی منزل والے مکان عطا ہونگے جن کے اوپر اور منزلیں مضبوطی کے ساتھ بنی ہوں گی۔ ان کے نیچے نہریں بہتی ہونگی یہ اللہ کا ایک پختہ عہد ہے (اور) اللہ اپنے وعدوں کو توڑا نہیں کرتا۔

کیا تم نے نہیں دیکھا کہ اللہ نے آسمان سے پانی اتارا ہے۔ پھر اس کو زمین میں سے چشمے بنا کر چلایا ہے۔ پھر وہ اس کے ذریعہ سے مختلف رنگوں کی کھیتی اگاتا ہے۔ پھر وہ پکنے پر آجاتی ہے تو تو اسے زرد زرد دیکھتا ہے۔ پھر اللہ اس کو خس و خاشاک کی طرح کر دیتا ہے اس میں عقل مندوں کے لئے بڑی نصیحت ہے۔

کیا جس کا سینہ اللہ فرمانبرداری کے لئے کھول دے اور اس کو اپنے رب کی طرف سے نور بھی ملا ہو (وہ اس کے برابر ہو سکتا ہے جو ایسا نہیں) پس افسوس ان پر جن کے دل اللہ کے ذکر سے سختی محسوس کرتے ہیں۔ وہ بڑی کھلی گمراہی میں ہیں۔

اللہ وہ ہے جس نے بہتر سے بہتر بات یعنی وہ کتاب اتاری ہے، جو متشابہ[1] بھی ہے۔ اور اس کے مضمون نہایت [2]اعلیٰ[3] ہیں۔ جو لوگ اپنے رب سے ڈرتے ہیں ان کے جسموں کے رونگٹے اس کے پڑھنے سے کھڑے ہو جاتے ہیں۔ پھر ان کے چمڑے اور دل نرم ہو کر اللہ کے ذکر کی طرف جھک جاتے ہیں۔ یہ (قرآن) اللہ کی ہدایت ہے (یعنی قرآن جس ہدایت کا مالک ہے وہ اللہ کی ہدایت ہے) جس کے ذریعہ سے وہ جس کو چاہتا ہے ہدایت دیتا ہے اور جس کو اللہ گمراہ قرار دے دے اس کو کوئی ہدایت نہیں دے سکتا۔

[1] یعنی کچھ آیات قرآن مجید کی تو وہ ہیں جن کا مضمون بائبل اور پچھلی کتب سے ملتا ہے اور کچھ آیات ایسی ہیں جو نئے مضمون بیان کرتی ہیں اور اپنی شان میں اعلیٰ ہیں اور ان کو کوئی پہلی کتاب نہیں پہنچتی۔

[2] یہ مثانی کا ترجمہ ہے۔

[3] قرآن مجید میں مثانی کا لفظ ہے اور مثانی کے معنے موڑ کے بھی ہوتے ہیں اور دو تارہ کے تار کے بھی، جسے عام طور پر ناخنوں سے بجاتے ہیں (ناخنوں کو عربی میں ظفرکہتے ہیں۔ اسی کو بگاڑ کر انگریزی میں اس باجہ کا نام ظفر (ZITHER) رکھا گیا ہے) اور جس سے آواز بہت بلند اور سریلی نکلتی ہے۔ پس اس آیت میں قرآن کریم کی یہ تعریف کی گئی ہے کہ پہلی کتابوں کے مقابلہ میں اس کی تعلیم نہایت سُریلی اور بلند شان ہے۔ (تفصیل کے لئے دیکھئے سیرِ روحانی جلد دوم)

·

آج 10 میں سے 10 باقی