۳۹۔ سورۃ الزمر

تفسیر صغیر, حصہ 7

اُن سے کہا جائے گا کہ جہنم کے دروازوں میں داخل ہو جاؤ، اس صورت میں کہ ایک لمبا عرصہ تمہیں اس میں رہنا پڑے گا۔ پس متکبروں کا ٹھکانا بہت برا ہے۔

اور جو لوگ تقویٰ کرتے تھے ان کو جنت کی طرف گروہ در گروہ دھکیل[1] کر لے جایا جائے گا۔ یہاں تک کہ جب وہ جنت تک پہنچ جائیں گے تو اس کے دروازے کھول دیئے جائیں گے اور اس کے داروغے ان سے کہیں گے تم پر ہمیشہ سلامتی ہو تم بڑی اچھی حالت کو پہنچے ہو۔ پس اس (جنت) میں داخل ہو جاؤ اس فیصلہ کے ساتھ کہ تم ہمیشہ اس میں رہو گے۔

[1] جنت کی طرف جانے والا تو دوڑ کے جاتا ہے، مگر اس جگہ دھکیلنے کا لفظ استعمال کیا گیا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جب تک نتیجہ ظاہر نہ ہو انسان پر خوف غالب رہتا ہے اور وہ ہر قدم احتیاط سے اٹھاتا ہے۔

اور وہ کہیں گے، اللہ ہی کی سب تعریف ہے جس نے ہم سے اپنا وعدہ پور اکر دیا اور اس جگہ کا ہم کو وارث بنا دیا۔ ہم جنت میں جہاں چاہیں گے رہیں گے سو (ثابت ہوا کہ) پوری طرح عمل کرنے والوں کا انعام بہت ہی اچھا ہوتا ہے۔

اور تو اُس دن ملائکہ کو دیکھے گا کہ عرش کے گرد حلقہ باندھے ہوئے اپنے رب کی حمد کے ساتھ ساتھ تسبیح بھی کر رہے ہیں اور ان (لوگوں) کے درمیان پورے پورے انصاف کے ساتھ فیصلہ کر دیا جائے گا اور کہا جائے گا کہ سب تعریف اللہ ہی کو حاصل ہے جو سب جہانوں کا رب ہے۔

آج 10 میں سے 10 باقی