۳۹۔ سورۃ الزمر

تفسیر صغیر, حصہ 6

اور قیامت کے دن تو ان لوگوں کو دیکھے گا جنہوں نے اللہ پر جھوٹ باندھا تھا۔ کہ اُن کے منہ کالے ہوں گے کیا متکبروں کی جگہ جہنم میں نہیں ہے۔

اور اللہ متقیوں کو اُن کی شان کے مطابق کامیابی عطا کرکے ہر قسم کے غم سے نجات بخشے گا نہ تو تکلیف ان کو پہنچے گی اور نہ وہ (کسی گزشتہ کوتاہی پر) غم کریں گے۔

اللہ ہر چیز کا پیدا کرنے والا ہے اور وہ ہر ایک کام کے لئے کافی ہے۔

آسمانوں اور زمین کی کنجیاں اسی کے ہاتھ میں ہیں اور جو لوگ اللہ کی آیات کا انکار کرتے ہیں، وہی گھاٹے میں پڑتے ہیں۔

تو کہہ دے، اے جاہلو! کیا تم مجھے حکم دیتے ہو کہ اللہ کے سوا میں کسی اور (ہستی) کی عبادت کروں۔

حالانکہ خود خدا کی طرف سے تیری طرف اور تجھ سے پہلے (نبیوں) کی طرف وحی کی گئی ہے (اور ہر ایک نبی کو کہا گیا تھا کہ) اگر تو شرک کرے گا تو تیرے سارے اعمال ضائع ہو جائیں گے اور تو ان لوگوں میں سے ہو جائے گا جو گھاٹے میں پڑ جاتے ہیں۔

(پس ایسا نہ کر) بلکہ اللہ کی عبادت کر اور شکر گذار بندوں میں شامل ہو جا۔

اور ان لوگوں نے اللہ کی صفات کا صحیح اندازہ نہیں لگایا حالانکہ زمین سب کی سب اس کی مملوکہ ہے اور آسمان (اور زمین دونوں) قیامت کے دن اس کے دائیں ہاتھ میں لپٹے[1] ہوئے ہونگے وہ پاک ہے اور ان کے شرکیہ عقیدوں سے بہت بالا ہے۔

[1] لپیٹے ہونے سے مراد یہ ہے کہ جب آدمی کسی چیز کو لپیٹ لیتا ہے تو وہ اس کے ہاتھ سے باہر نہیں نکل سکتی۔ مثلاً ریت کو کوئی شخص پکڑے تو دبانے سے وہ اس کے ہاتھ سے باہر چلی جاتی ہے۔ لیکن اگر روٹی کو لپیٹ لے تو وہ زور لگانے سے زیادہ سے زیادہ قبضہ میں آجاتی ہے باہر نہیں نکلتی۔ اسی مفہوم کی طرف مزید اشارہ بِیَمِیْنِہٖ سے فرمایا۔ یعنی اس دن زمین و آسمان خالی ہمارے ہاتھوں میں لپیٹے ہوئے نہیں ہوں گے بلکہ وہ ہمارے دائیں ہاتھ میں جو قوت کی نشانی ہے لپیٹے ہوئے ہوں گے۔

اور بگل میں پھونکا جائے گا تو آسمانوں اور زمین میں جو کوئی بھی ہے اس پر ایک بے ہوشی طاری ہو جائے گی سوائے اس (شخص) کے جس کو اللہ چاہے گا (کہ بچالے) پھر دوسری دفعہ بگل میں پھونکا جائے گا اور اچانک وہ سب (اپنے متعلق فیصلہ کا) انتظار کرتے ہوئے کھڑے ہو جائیں گے۔

اور زمین اپنے رب کے نور سے روشن ہو جائے گی۔ اور کتاب سامنے رکھ دی جائے گی اور نبیوں اور دوسرے گواہوں کو حاضر کیا جائے گا۔ پھر ان تمام انسانوں کے درمیان پورا پورا سچائی کے مطابق فیصلہ کر دیا جائے گا۔ اور ان پر ظلم نہیں کیا جائے گا۔

اور ہر نفس نے جو کیا ہوگا اس کے مطابق اسے پورا پورا بدلہ دیا جائے گا اور وہ (اللہ) ان کے اعمال سے پوری طرح واقف ہے۔

اور کافروں کو جہنم کی طرف گروہ در گروہ بنا کر ہنکایا جائے گا یہاں تک کہ جب وہ اس کے پاس پہنچ جائیں گے تو اس کے دروازے کھول دیئے جائیں گے اور ان (کافروں) سے اس (دوزخ) کے داروغے کہیں گے۔ کیا تمہاری طرف تمہاری ہی قوم میں سے رسول نہیں آئے تھے جو تمہارے سامنے تمہارے رب کی آیات پڑھ کر سناتے تھے اور آج کے دن کی ملاقات سے تم کو ہوشیار کرتے تھے؟ وہ کہیں گے ہاں! ایسا ہی ہوا تھا۔ لیکن کافروں پر عذاب کی پیشگوئی پوری ہونی ہی تھی (یعنی ہم کافر تھے ہم رسولوں کو کس طرح مان سکتے تھے)۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی