۴۰۔ سورۃ غافر

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

یہ سورۃخدا کی حمد[1] اور اس کی بزرگی کو ثابت کرتی ہے۔

[1] حٰمٓ۔ حَاء حَمِیْد کا قائم مقام ہے اور مِیْم مَجِیْد کا۔

یہ کتاب غالب (اور) علم والے اللہ کی طرف سے نازل ہوئی ہے۔

جو گناہوں کا بخشنے والا اور توبہ قبول کرنے والا ہے (اور اس وجہ سے حمد کا مستحق ہے) سزا دینے میں سخت[2] ہے بڑا احسان کرنے والا ہے۔ اس کے سوا کوئی معبود نہیں، اسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔

[2] یعنی معاف تو بہت کرتا ہے مگر اس کی سزا انسانی سزا جیسی نہیں ہوتی بلکہ سخت ہوتی ہے۔

کافروں کے سوا اللہ کی آیات کے متعلق کوئی شخص مجادلانہ بحث نہیں کرتا۔ پس ان کا مختلف ملکوں میں (تجارت وغیرہ کے لئے آزادی سے) گھومتے پھرنا تجھ کو دھوکہ میں نہ ڈالے (کیونکہ ان کے اعمال ان کی ہی تباہی کا باعث ہیں)۔

ان سے پہلی قوموں نے بھی (اپنے رسولوں کا) انکار کیا تھا۔ نوح کی قوم نے بھی اور ان کے بعد اور مختلف قوموں نے (جنہوں نے اپنے نبیوں کے خلاف جتھے بنا لئے) اور ہر قوم نے اپنے رسول کے متعلق ارادہ کر لیا کہ اس کو گرفتار کر لیں اور جھوٹی دلیلیوں کے ساتھ بحث کرنی شروع کر دی تا کہ اپنی کج بحثی سے حق کو اس کے مقام سے ہٹا دیں پس میں نے ان کو پکڑ لیا۔ اب بتاؤ، میری سزا کیسی ہوئی؟

اور اس طرح تیرے رب کا فیصلہ کافروں کے متعلق پورا ہو گیا (یعنی یہ) کہ وہ دوزخی ہیں۔

وہ فرشتے جو عرش کو اٹھائے ہوئے ہیں اور جو اس کے اردگرد ہیں وہ اپنے رب کی تعریف کے ساتھ ساتھ اس کی پاکیزگی بھی بیان کرتے ہیں اور اس (حمد) پر پورا ایمان رکھتے ہیں اور مومنوں کے لئے استغفار کرتے ہیں (اور کہتے ہیں) اے ہمارے رب! ہر ایک چیز کا تو نے اپنی رحمت اور علم سے احاطہ کیا ہوا ہے پس توبہ کرنے والوں کو اور اپنے راستے کے اوپر چلنے والوں کو معاف فرما اور ان کو دوزخ کے عذاب سے بچالے۔

اے ہمارے رب! اور ان کو اور ان کے باپ دادوں اور ان کی بیویوں اور ان کی اولاد میں سے جو نیک ہوں ان کو بھی دائمی جنتوں میں داخل کر، جن کا تو نے ان سے وعدہ کیا ہوا ہے تو غالب (اور) بڑی حکمت والا ہے۔

اور تو ان کو تمام تکلیفوں سے بچا۔ اور جس کو تو اس دن تکلیفوں سے محفوظ رکھے تو یقیناً تو نے اس پر رحم کیا۔ اور یہ بڑی کامیابی ہے۔

اور کافروں کو یقیناً (موت کے بعد) کہا جائے گا کہ آج تم جتنا بھی اپنی جانوں کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتے ہو اللہ کی نفرت (جو وہ تم سے کرتا ہے) اس سے زیادہ ہے (یاد کرو) جب تمہیں ایمان کی طرف پکارا جاتا تھا تو تم کفر کرتے تھے۔

وہ کہیں گے کہ اے ہمارے رب! تو نے ہم کو دو دفعہ مارا اور دو [1]دفعہ زندہ کیا[2]۔ سو ہم اپنی خطاؤں کا اقرار کرتے ہیں۔ پس (تو بتا کہ) اب (اس گرفت سے) نکلنے کی کوئی صورت بھی ہے۔

[1] اَمَتَّنَا اثْنَتَیْنِ میں ایک تو وہ موت مراد ہے جو پیدائش سے پہلے زمانہ کے ساتھ تعلق رکھتی ہے اس کو یاد دلا کر وہ کہتے ہیں کہ الٰہی تو نے دو دفعہ ہم پر ایسی حالت طاری کی کہ ہم مُردوں کی مانند تھے۔ ایک دفعہ پیدائش سے پہلے اور ایک دفعہ زندگی کے بعد۔ اَحْیَیْتَنَا اثْنَتَیْنِ میں بھی دو زندگیوں کی طرف اشارہ کیا ہے ایک دفعہ جب ماں کے پیٹ سے بچہ نکلا اور اس نے سانس لیا اور دوسری دفعہ جب وہ اس دنیا میں زندگی گذار کر مرے گا اور پھر زندہ کیا جائے گا۔

[2] یعنی دو دفعہ موت کے بعد ہمیں زندگی ملی مگر پھر بھی ہم نے نصیحت حاصل نہ کی۔ تو کیا یہ ہمارا گناہ ناقابلِ معافی ہوگا یا کوئی ایسا ذریعہ بھی ہے جس سے معافی مل جائے۔ قرآن کریم سے معلوم ہوتا ہے کہ اس دنیا میں تو یہ موقعہ ہے کہ انسان وقت کے نبی کو قبول کرے اور توبہ کرے تو اس کے پچھلے سب گناہ معاف ہو جاتے ہیں اور دوسرا موقعہ مرنے کے بعد شفاعت کا ہے جس کا ذکر قرآن کریم میں آچکا ہے کہ نبیوں اور فرشتوں کے ذریعہ سے جن کو خداتعالیٰ شفاعت کرنے کی اجازت دے گا بعض لوگ نجات پا جائیں گے (ترمذی ابواب صفۃ القیامۃ۔ باب ماجاء فی الشفاعَۃِ و بخاری کتاب الرقاق)

آج 10 میں سے 10 باقی