۴۰۔ سورۃ غافر
تفسیر صغیر, حصہ 2
تمہارا یہ حال اس لئے ہے کہ جب صرف اللہ کو پکارا جاتا تھا تو تم انکار کر دیتے تھے اور جب اس کا کوئی شریک مقرر کیا جاتا تھا تو تم ایمان لے آتے تھے پس (آج ثابت ہو گیا کہ) سب حکومت عالی شان وسیع مملکت والے اللہ ہی کی ہے۔
وہی تم کو اپنے نشان دکھاتا ہے اور آسمان سے تمہارے لئے رزق اتارتا ہے اور نصیحت صرف وہی حاصل کرتا ہے جو خدا کی طرف جھکتا ہے۔
پس اپنی اطاعت کو خالص اسی کے لئے کرتے ہوئے اللہ کو پکارو، خواہ کفار اسے ناپسند ہی کریں۔
(وہ) اونچے درجوں والا (ہے) عرش کا مالک ہے اور اپنے حکم سے اپنے بندوں میں سے جس پر چاہتا ہے اپنا کلام نازل کرتا ہے تا کہ وہ (بندہ خدا کی) ملاقات کے دن سے لوگوں کو ڈرائے۔
جس دن وہ سب کے سب لوگ خدا کے سامنے آ حاضر ہوں گے، ان کی کوئی چیز بھی اللہ پر مخفی نہ ہوگی اس دن بادشاہت کس کو حاصل ہوگی؟ (صرف) اللہ کو جو اکیلا ہے (اور) سب پر غالب ہے۔
اس دن ہر جان کو اس کے عمل کی جزا دی جائے گی اور اس دن کسی قسم کا ظلم نہیں ہوگا۔ اللہ بہت جلدی [1]حساب لے لیتا ہے۔
[1] یہ مطلب نہیں کہ بُرے اعمال کی فوراً سزا مل جاتی ہے بلکہ مراد یہ ہے کہ حساب لینے میں اسے تھوڑا وقت لگتا ہے اور جزا کی بنیاد فوراً پڑ جاتی ہے۔
اور تو ان کو اس دن سے ڈرا جو قریب سے قریب تر ہوتا جاتا ہے۔ جبکہ دل غم سے بھرے ہوئے (ہونگے اور) منہ تک آجائیں گے۔ ظالموں کا اس دن نہ کوئی دوست ہوگا نہ کوئی شفیع (ہوگا) جس کی بات مانی جائے۔
اللہ آنکھوں[2] کی خیانت تک کو جانتا ہے اور اسے بھی جس کو سینے یا دل چھپائے ہوئے ہیں۔
[2] یعنی بدنظری یا غصہ سے یا حقارت سے دوسرے کو دیکھنا جس کو انسان لفظوں میں ڈر یا شرم سے ظاہر نہیں کرتا۔
اور اللہ ہمیشہ انصاف کے مطابق فیصلہ کرتا ہے اور جن کو یہ لوگ خدا کے سوا پکارتے ہیں، وہ کوئی بھی فیصلہ نہیں کرتے۔ اللہ یقیناً بہت سننے والا (اور) بہت دیکھنے والا ہے۔
کیا یہ لوگ زمین میں نہیں پھرے تا دیکھتے کہ ان سے پہلے لوگوں کا انجام کیا ہوا تھا؟ وہ لوگ ان سے طاقت اور پیچھے چھوڑے[3] ہوئے نشانوں کے لحاظ سے بڑے تھے۔ سو اللہ نے ان کو ان کے گناہوں کی وجہ سے تباہ کر دیا اور کوئی بھی اللہ کی گرفت سے ان کو بچانے والا پیدا نہ ہوا۔
[3] یعنی ان قلعوں اور محلّوں کے کھنڈرات جو انہوں نے چھوڑے ہیں وہ بتاتے ہیں کہ ان لوگوں کو وہ فنون حاصل نہیں جو پہلوں کو تھے۔
یہ (بے کسی) اس وجہ سے تھی کہ ان کے پاس ان کے رسول نشانات لے کر آتے رہے اور انہوں نے (ہمیشہ) انکار سے کام لیا پس اللہ نے بھی ان کو ہلاک کردیا وہ بڑا قوی ہے (اور) اس کا عذاب سخت ہے۔
اور ہم نے موسیٰ کو بھی اپنے نشانات کے ساتھ اور کھلے کھلے غلبہ کے ساتھ فرعون اور ہامان اور قارون کی طرف بھیجا تھا مگر انہوں نے کہا یہ شخص دھوکہ دینے والا (اور) جھوٹا ہے۔