۴۱۔ سورۃ فصلت
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
حمید[1] اور مجید (خدا کی صفات اس سورۃ میں بیان کی گئی ہیں)
[1] حٰمٓ مقطعات قرآنی میں سے ہے۔ حَا، حَمِیْد کا قائم مقام ہے اور مِیْم، مَجِیْد کا (تفصیل کے لئے دیکھئے سورۂ بقرہ نوٹ آیت۲)
یہ قرآن بے انتہا رحم کرنے والے اور بار بار کرم کرنے والے (خدا) کی طرف سے نازل ہوا ہے۔
(اور) ایسی کتاب ہے جس کی آیات خوب تفصیل کے ساتھ بیان کی گئی ہیں اور جو (کتاب) خوب پڑھی جائے گی اور (وہ ایسی زبان میں ہے جو) اپنا مطلب آپ کھول کر بیان کرتی ہے مگر (یہ کتاب) انہی کو فائدہ دیتی ہے جو (روحانی) علم رکھتے ہیں۔
(نیکوں کو) خوشخبری دینے والی اور (بدوں کو) ہوشیار کرنے والی ہے۔ پھر (بھی) ان میں سے اکثر نے اعراض کیا اور وہ اس کے سننے کو بھی تیار نہیں۔
اور کہتے ہیں جس چیز کی طرف تم ہمیں بلاتے ہو اس کے ماننے سے ہمارے دل پردوں میں ہیں (یعنی وہ ہمارے دلوں پر اثر نہیں کر سکتی) اور ہمارے کانوں میں بہرا پن[2] ہے (جس کی وجہ سے ہم تمہاری بات سن ہی نہیں سکتے) اور ہمارے اور تمہارے درمیان ایک پردہ[3] ہے۔ پس تو (اپنے عقیدہ کے مطابق) کام کر، ہم (اپنے عقیدہ کے مطابق) کام کریں گے۔
[2] بہرا پن سے مراد یہ ہے کہ دل راغب نہیں تو کان کس طرح سے سنیں۔
[3] پردہ سے مراد طبائع کا اختلاف ہے۔
تو کہہ دے، میں بھی تمہاری طرح کا ایک آدمی ہوں، میری طرف وحی کی جاتی ہے کہ تمہارا صرف ایک خدا ہے۔ پس اس کا خیال کرکے استقلال دکھاؤ۔ اور اس سے استغفار کرتے رہو (کہ پاؤں نہ پھسل جائے) اور (یاد رکھو کہ) مشرکوں کے لئے عذاب (مقدر) ہے۔
وہ مشرک جو نہ زکٰوۃ دیتے ہیں اور نہ آخرت پر ایمان لاتے ہیں۔
یقیناً وہ (لوگ) جو ایمان بھی لائے اور اس کے مطابق انہوں نے عمل بھی کیے، ان کے لئے ایک نہ ختم ہونے والا اجر (مقدر) ہے۔
تو کہہ دے، کیا تم اس خدا کا انکار کرتے ہو، جس نے زمین کو دو دور میں پیدا کیا ہے، اور اس کے شریک مقرر کرتے ہو۔ یہ (خدا تو) سب جہانوں کا رب ہے۔
اور اس نے زمین میں اس کے اوپر پہاڑ بنائے ہیں اور اس میں بڑی برکت رکھی ہے اور اس میں رہنے والوں کے کھانے پینے[1] کے لئے ہر چیز کو اندازہ کے مطابق بنا دیا ہے یہ سب کچھ چار دور میں کیا ہے۔ یہ بات[2] سب پوچھنے والوں کے لئے برابر ہے۔
[1] اِس آیت سے یہ اشارہ نکلتا ہے کہ ایک زمانہ میں زمین کو پوری غذا پیدا کرنے کے قابل نہیں سمجھا جائے گا۔ مگر اللہ تعالیٰ اس کا رد کرتا ہے اور فرماتا ہے ہم نے زمین میں ایسے سامان پیدا کر دئیے ہیں جن کی وجہ سے وہ حسبِ ضرورت غذا دے گی۔ خواہ زمین سے نکال کر، یا نئی غذا کے ایجاد ہونے سے، یا آسمانی شعاعوں کی مدد سے۔
[2] مطلب یہ ہے کہ لاکھ آدمی بھی سوال کریں تو ہمارا جواب یہی ہوگا۔ چنانچہ غذا کا مسئلہ دنیا میں کوئی دو سو سال سے مختلف ممالک میں زیر بحث چلا آرہا ہے سب کو اوپر کا جواب پڑھنا چاہیے کہ یہ خداتعالیٰ کا فیصلہ ہے۔ ایک دفعہ مسٹر کپور جو پنجاب یونیورسٹی کے پروفیسر غذا تھے مجھ سے ملنے کے لئے قادیان آئے اور میں نے قرآنی آیات سے ان کو غذا کا معاملہ سمجھایا تو بہت حیران ہوئے اور خواہش کی کہ یہ آیات مجھے لکھ دی جائیں چنانچہ مَیں نے ان کو لکھوا دیں۔
پھر آسمان کی طرف متوجہ ہوا۔ اور وہ محض ایک کہر کی طرح تھا۔ اور اس نے اس سے اور زمین سے کہا دونوں اپنی مرضی سے یا مجبور ہو کر میری فرمانبرداری کے لئے آجاؤ۔ ان دونوں نے کہا ہم فرمانبردار ہو کر آگئے ہیں۔