۴۱۔ سورۃ فصلت

تفسیر صغیر, حصہ 2

پھر اُن کو سات آسمانوں کی صورت میں دو دور میں بنایا اور ہر آسمان میں جو کچھ ہونا تھا اس کی طاقت اس میں ودیعت کر دی اور ہم نے نچلے آسمان کو روشنیوں کے ساتھ خوبصورت بنایا اور (علاوہ خوبصورت بنانے کے) حفاظت کے لئے بھی (اس میں سامان پیدا کیا) (اور) یہ غالب (اور) جاننے والے خدا کی تقدیر ہے۔

پھر اگر وہ اعراض کریں تو ان سے کہہ دے کہ میں نے تم کو اس عذاب سے جو عاد اور ثمود کا سا عذاب ہے ہوشیار کر دیا ہے۔

یعنی جب اُن کے پاس اُن کے آگے سے بھی اور اُن کے پیچھے سے بھی رسول آئے (یعنی قومی زندگی کے دوران میں متواتر رسول آئے) یہ کہتے ہوئے کہ اللہ کے سوا کسی کی عبادت نہ کرو، تو انہوں نے ان کو جواب دیا کہ اگر ہمارا رب چاہتا تو ہم پر خود فرشتے نازل کر دیتا۔ پس ہم اس تعلیم کا جس کے ساتھ تم کو بھیجا گیا ہے انکار کرتے ہیں۔

اور عاد کی قوم نے زمین میں بغیر کسی حق کے تکبر سے کام لیا اور کہا، ہم سے زیادہ قوت میں کون ہے کیا انہوں نے دیکھا نہیں کہ جس خدا نے ان کو پیدا کیا ہے۔ وہ ان سے زیادہ طاقتور ہے اور وہ ہماری آیتوں کا بضد انکار کرتے تھے۔

پس ہم نے ان پر ایک ایسی ہوا بھیجی جو بڑی تیز تھی اور منحوس دنوں میں آئی تھی تاکہ ہم انہیں اس دنیا میں رسوائی کا عذاب چکھائیں اور اخروی زندگی کا عذاب اس سے بھی بڑھ کر رسوائی کا ہے اور (وہاں) ان کی کسی رنگ میں مدد نہ کی جائے گی۔

اور ثمود (کا یہ حال تھا کہ) ہم نے اُن کو ہدایت کا راستہ دکھایا تھا لیکن انہوں نے گمراہی کو ہدایت پر ترجیح دی۔ پس اُن کو ایک رسوائی کے عذاب نے اُن کے اعمال کی وجہ سے آگھیرا۔

اور جو متقی تھے اور مومن تھے ان کو ہم نے نجات دے دی۔

اور جس دن اللہ کے دشمن (یعنی کافر) زندہ کرکے آگ کی طرف لے جائے جائیں گے پھر ان کو مختلف درجوں میں تقسیم کر دیا جائے گا۔

یہاں تک کہ جب وہ دوزخ کے پاس پہنچ جائیں گے ان کے کان اور ان کی آنکھیں اور ان کے چمڑے ان کے عمل کی وجہ سے ان کے خلاف گواہی دیں گے۔

اور وہ اپنے چمڑوں سے کہیں گے تم نے ہمارے خلاف گواہی کیوں دی؟ اور ان کے چمڑے جواب میں کہیں گے، ہم سے اسی خدا نے کلام کروایا ہے جس نے ہر چیز سے کلام کروایا ہے اور اس نے تم کو پہلی دفعہ بھی پیدا کیا تھا اور پھر بھی تم اس کی طرف لوٹائے جاؤ گے۔

اور تم اپنے عیب اس خوف سے نہیں چھپایا کرتے تھے کہ کہیں تمہارے کان اور تمہاری آنکھیں اور تمہارے چمڑے تمہارے خلاف گواہی نہ دے دیں (بلکہ دوسرے لوگوں کی انگشت نمائی کے ڈر سے ایسا کرتے تھے) بلکہ تم کو یقین تھا، کہ اللہ کو تو بہت سی تمہاری باتوں کا علم ہی نہیں[1]۔

[1] یعنی اور کوئی شخص ہمارے خلاف گواہی دینے والا نہیں۔ پس اسی کی وجہ سے چوری چھپے گناہ کرنے پر تم دلیری کرتے تھے۔

اور یہی وہ بدظنی تھی جو تم نے اپنے رب کے متعلق کی جس نے تم کو ہلاک کر دیا اور تم ہر طرح نقصان اٹھانے والوں میں سے ہو گئے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی