۴۱۔ سورۃ فصلت

تفسیر صغیر, حصہ 5

اور جن (معبودوں) کو وہ اس سے پہلے پکارتے تھے وہ ان سے کھوئے جائیں گے اور ان کو یقین ہو جائے گا کہ اب ان کے لئے کہیں بھاگ کر جانے کی جگہ نہیں۔

انسان اچھی چیزوں کے مانگنے سے کبھی نہیں تھکتا۔ لیکن اگر اسے کبھی کوئی تکلیف پہنچ جائے تو (پہلی حالت کو بھول کر) مایوس ہو جاتا ہے۔

اور اگر ہم اس کو دکھ پہنچنے کے بعد رحمت کا مزہ چکھائیں تو وہ کہتا ہے یہ تو میرا حق ہی ہے اور مجھے یقین ہے کہ قیامت نہیں آئے گی اور اگر مجھے میرے رب کی طرف لوٹایا بھی گیا تو اس کے پاس میرے لئے (اس دنیا سے) اعلیٰ انعامات موجود ہوں گے اور ہم کافروں کو ضرور ان کے اعمال کے متعلق خبر دیں گے اور ان کو ایک سخت [1]عذاب چکھائیں گے۔

[1] عربی میں سخت کی جگہ غَلِیْظٌ (یعنی گاڑھے) کا لفظ ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ عذاب صرف سخت ہی نہیں ہوگا بلکہ اس سے نکلنے کی کوئی صورت نہ ہوگی۔ کیونکہ گاڑھی چیز میں انسان پھنس جاتا ہے اور اس میں سے نکل نہیں سکتا۔

اور جب ہم انسان پر انعام کرتے ہیں تو وہ منہ پھیر لیتا ہے اور ہم سے ایک طرف ہو جاتا ہے اور جب اسے کوئی تکلیف پہنچتی ہے تو بڑی لمبی لمبی دعائیں کرتا ہے۔

تو ان سے کہہ دے مجھے بتاؤ تو سہی اگر یہ (قرآن) اللہ کی طرف سے ہو اور تم اس کا انکار کر دو۔ تو اس شخص سے جو حق سے بہت دور بھاگ جائے کون زیادہ گمراہ ہوگا؟

ہم ان لوگوں کو تمام اطراف عالم میں بھی ضرور اپنے نشان دکھائیں گے اور خود ان کی جانوں (اور خاندانوں) میں بھی۔ یہاں تک کہ یہ (امر) ان کے لئے بالکل ظاہر ہو جائے گا کہ یہ (قرآن) حق ہے کیا تیرے رب کا ہر چیز پر نگران ہونا ان کے لئے کافی نہیں؟

خبردار! یہ لوگ اپنے رب کی ملاقات کے بارہ میں شبہ میں پڑے ہوئے ہیں کان کھول کر سنو! اللہ ہر چیز پر حاوی (اور اس کے تباہ کرنے پر قادر[2]) ہے۔

[2] دیکھئے نوٹ سورۃ آل عمران آیت۱۲۱۔

آج 10 میں سے 10 باقی